Inquilab Logo

وزیراعظم کی ریلی، ایک بار پھر انڈیا اتحاد کی شکست کا دعویٰ

Updated: April 21, 2024, 7:49 AM IST | ZA Khan | Nanded

نریندر مودی نے اپنے اس الزام کو دہرایا کہ اپنی بدعنوانی کو چھپانے کیلئے ساری پارٹیاں متحد ہوئی ہیں، دعویٰ کیا کہ الیکشن میں شکست کے بعد انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیاں ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑیں گی۔

From right: Ashok Chavan, Narendra Modi, Eknath Shinde and others. Photo: PTI
دائیں سے:اشوک چوان، نریندر مودی ، ایکناتھ شندے اور دیگر۔ تصویر: پی ٹی آئی

وزیراعظم نریندر مودی نے سنیچر کو ناندیڑ اسمبلی حلقے سے بی جے پی کے امیدوار پرتاپ رائو چکھلی کر کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انڈیا اتحاد کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا لیکن ان کے بیشتر الزامات وہی تھے جو انہوں نے ۲۰۱۹ء میں بھی اپوزیشن پارٹیوں پر لگایا تھا۔ مودی نے کہا کہ اپنی بدعنوانیوں کو چھپانے کیلئے یہ تمام پارٹیاں متحد ہوئی ہیں۔ لوک سبھا الیکشن میں شکست کے بعد یہ تما پارٹیاں ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑیں گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ راہل گاندھی اس بار وائناڈ سے بھی الیکشن  ہار جائیں گے۔ وزیراعظم مودی نے  کہا کہ ’’ یہ تمام پارٹیاں جو بی جے پی کو شکست دینے کیلئے متحد ہوئی ہیں وہ ۲۵؍ فیصد سیٹوں پر آپس ہی میں لڑ رہی ہیں۔ وہاں یہ ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہی ہیں اور   اقتدار میں آنے پر ایک دوسرے کو جیل بھیج دیں گی۔‘‘ نریند مودی نے اپنے مخصوص انداز میں عوام سے پوچھا ’’ کیا آپ ایسی پارٹیوں کو ووٹ دیں گے جو آپس ہی میں لڑ رہی ہیں؟ دیں گے کیا؟‘‘  نریندر مودی نے سونیا گاندھی کا نام لئے بغیر کہا کہ ’’ کچھ لوگوں نے خود کو محفوظ رکھنے کی خاطر اس بار پارلیمنٹ پہنچنے کیلئے راجیہ سبھا کا راستہ اختیار کیاہے۔ ‘‘ یاد رہے کہ اس بار سونیا گاندھی نے رائے بریلی سے الیکشن نہ لڑنےکا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم کا اشارہ اسی طرف تھا۔ انہوں نے راہل گاندھی پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ ’’جس طرح  انہیں امیٹھی سے بھاگنا پڑے گا اسی طرح  وائناڈ سے بھی بھاگناپڑے گا۔ ‘‘ مودی نے کہا کہ ’’ کانگریس کے شہزادے کیلئے ان کی ٹولی اب کوئی نئی سیٹ تلاش کر رہی ہے۔ کیرالا کے وزیراعلیٰ جو ان کے اتحادی ہیں انہوں نے ایسے الفاظ استعمال کئے ہیں جنہیں میں یہاں بیان بھی نہیں کر سکتا۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: مودی کرپشن کا جو اسکول چلا رہے ہیں، انڈیا اتحاد اس پر تالا لگا دے گا:راہل گاندھی

نریند مودی نے کہا ’’ ایسا پہلی بار ہوگا جب کانگریس کا پہلا خاندان ( گاندھی خاندان) اپنی پارٹی کو ووٹ نہیں دے سکے گا۔ کیونکہ وہ جہاں رہتے ہیں وہاں کانگریس کا کوئی امیدوار ہی نہیں ہے۔  الیکشن ہوجانے دیجئے یہ تمام اتحادی آپس میں لڑ پڑیں گے اور بکھر جائیں گے۔  وزیراعظم نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پہلے مرحلے کی پولنگ میں بی جے پی بڑی تعداد میں ووٹ ملے ہیں۔  انہوں نے کہا لیکن آپ لوگ بے فکر نہ رہ جائیں بلکہ ووٹنگ والے دن گھروں سے نکلیں اور بی جے پی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر ناندیڑ کے امیدوار پرتاپ رائو چکھلی کر، ہنگولی کے امیدوار بابو رائو کدم کے علاوہ  ایکناتھ شندے، دیویندر فرنویس اور چندر شیکھر باونکولے وغیر ہ بھی اسٹیج پر موجود تھے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK