Updated: November 19, 2026, 7:02 PM IST
| London
برطانوی شہزادہ ہیری نے روس کے خلاف جنگ میں ضرورت پڑنے پر دوبارہ فوجی خدمات انجام دینے کی آمادگی ظاہر کی ہے۔ یوکرین کے دورے کے دوران انہوں نے یورپ کو روسی خطرے کے خلاف متحد رہنے اور یوکرین کی حمایت دوگنی کرنے پر زور دیا، ساتھ ہی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی یوکرین پالیسی پر بھی بالواسطہ تنقید کی۔
شہزادہ ہیری۔ تصویر: آئی این این
برطانوی شہزادہ ہیری نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ روس کے خلاف جنگ میں حصہ لینے کے لیے دوبارہ برطانوی فوج میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یورپ نے بالآخر روسی صدر ولادیمیر پوتن کی قیادت میں کریملن سے لاحق خطرے کو سمجھنا شروع کردیا ہے۔ مغربی یوکرین کے شہر لویو کے دورے کے دوران ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری نے کہا کہ ان کے خیال میں برطانیہ اور روس گزشتہ ایک دہائی سے عملاً ایک دوسرے کے ساتھ تنازع میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف اس وجہ سے کہ ہم پر ڈرون، گولیاں اور راکٹ نہیں برس رہے، یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ہم حالتِ جنگ میں نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: ۴۸؍ گھنٹوں کے دوران تشدد و آتش زنی کے واقعات، کم از کم ۴؍ افراد ہلاک
شہزادہ ہیری نے کہا کہ یوکرین کی جانب سے روسی جارحیت کے خلاف مزاحمت سے برطانیہ بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہیں دوبارہ فوج میں خدمات انجام دینے کے لیے کہا گیا اور اس کی ضرورت پیش آئی تو وہ اپنے ملک کی خدمت کے لیے اپنے سابق فوجی ساتھیوں اور موجودہ فوجی اہلکاروں کے ساتھ ضرور کھڑے ہوں گے۔ ان کے مطابق یوکرین سے نہ صرف برطانیہ بلکہ پوری دنیا بہت کچھ سیکھ سکتی ہے۔ موجودہ عالمی سیاسی صورتِ حال پر تشویش سے متعلق سوال کے جواب میں ہیری نے کہا کہ ہم سب کو فکر مند ہونا چاہیے اور مستقبل کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے فوج میں خدمات انجام دی ہیں، انہیں دوبارہ ضرورت پڑنے پر خدمت کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ واضح ہو کہ شہزادہ ہیری نے برطانوی فوج میں اپاچی ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی حیثیت سے افغانستان میں دو مرتبہ عملی فوجی خدمات انجام دیں۔ ان کا پہلا دورہ دسمبر ۲۰۰۷ء سے فروری ۲۰۰۸ء تک اور دوسرا ستمبر ۲۰۱۲ء سے جنوری ۲۰۱۳ء تک جاری رہا۔ انہوں نے ۲۰۱۵ء میں فوجی زندگی سے سبکدوشی اختیار کرلی تھی۔
ٹرمپ کی یوکرین پالیسی پر بالواسطہ تنقید
شہزادہ ہیری نے یوکرین جنگ کے حوالے سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے طرزِ عمل پر بھی بالواسطہ تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عوام میں یوکرین کی حمایت کا جذبہ بہت زیادہ ہے اور ابتدا ہی سے ایسا رہا ہے، لیکن امریکی انتظامیہ کا ایک مخصوص طبقہ اس معاملے کو مختلف انداز میں دیکھتا رہا ہے۔ امریکہ میں وسط مدتی انتخابات اور ڈیموکریٹس کی جانب سے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں کنٹرول حاصل کرنے کے امکان پر بات کرتے ہوئے ہیری نے کہا کہ جنوری سے حالات میں تبدیلی آسکتی ہے اور انہیں امید ہے کہ اس کے نتیجے میں یوکرین کو مزید امریکی حمایت حاصل ہوگی۔ ان کے مطابق یورپ اس معاملے پر متحد ہے اور اگر امریکہ بھی اس اتحاد کی حمایت میں زیادہ فعال کردار ادا کرے تو یہ خوش آئند ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: فرانس: مغربی کنارے کیلئے۵۵؍ لاکھ ڈالر کی امداد کا معاہدہ
شہزادہ ہیری کے یوکرین کے صدر ولوودیمیر زیلنسکی کے ساتھ پیشہ ورانہ تعلقات بھی خوشگوار ہیں۔ وہ اب تک چار مرتبہ یوکرین کا دورہ کرچکے ہیں اور سیاسی و فوجی شخصیات سے مسلسل معلومات حاصل کرتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں دستیاب معلومات کے مطابق یوکرین جنگ میں کامیابی حاصل کر رہا ہے، تاہم روس کے لیے بھی جنگ سے نکلنے کی کوئی حکمتِ عملی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ روسی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد غیر معمولی ہے۔ ان کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین کے شہری بنیادی ڈھانچے، اسپتالوں، طبی مراکز اور انسانی امداد کے مراکز کو نشانہ بنانا انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی قوانین کی اہمیت برقرار رہنی چاہیے اور دنیا کے دیگر ممالک کو اس معاملے میں مزید اقدامات کرنے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں بارش کے سبب خیموں میں رہنے والے پناہ گزینوں کو دشواری
شہزادہ ہیری نے خبردار کیا کہ اس وقت یوکرین کی حمایت کم کرنے کے بجائے اسے دوگنا کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول روس کی جانب سے شہری علاقوں پر راکٹ اور ڈرون حملے لوگوں کو مسلسل خوف اور بے چینی میں مبتلا رکھنے کی کوشش ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ روس اور شمالی کوریا کے ۳۰؍ ہزار یا اس سے زیادہ فوجیوں کا ہر ماہ ہلاک ہونا ایک ایسی صورتِ حال ہے جسے طویل عرصے تک برقرار رکھنا ممکن نہیں۔ اپنے قائم کردہ ’ان وکٹَس گیمز‘ کا ذکر کرتے ہوئے، جو زخمی اور معذور سابق فوجی اہلکاروں کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں، شہزادہ ہیری نے کہا کہ یوکرین میں ان کی ملاقات جن لوگوں سے ہوئی، ان میں ان وکٹَس کا جذبہ صرف سابق فوجیوں ہی نہیں بلکہ ہر شہری میں نظر آتا ہے۔ واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے ۲۰۲۰ء میں شاہی خاندان کے سینئر ارکان کی حیثیت سے دست برداری اختیار کرلی تھی اور امریکہ منتقل ہوگئے تھے۔ چھ سال بعد، گزشتہ اگست میں، وہ اپنے دونوں بچوں کے ساتھ برطانیہ واپس آئے تھے۔