Inquilab Logo Happiest Places to Work

مخالفت کے باوجوداندھیری کے سیون ہلز اسپتال کی نجکاری منظور

Updated: July 29, 2026, 11:04 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

شیوسینا (یوبی ٹی) اور کانگریس کی جانب سے سخت مخالفت کے باوجود منگل کو بی ایم سی کی ’اِمپرومنٹ کمیٹی‘ نے اندھیری مشرق کےعلاقے مرول میں واقع ’سیون ہلز اسپتال‘ کی نجکاری کو منظوری دے دی جس کا مطلب یہ ہے کہ اب گرگائوں میں واقع ریلائنس اسپتال کی شراکت سے ’کیپری گلوبل وینچرس پرائیویٹ لمیٹڈ‘ اس اسپتال کو چلائے گی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

شیوسینا (یوبی ٹی) اور کانگریس کی جانب سے سخت مخالفت کے باوجود منگل کو بی ایم سی کی ’اِمپرومنٹ کمیٹی‘ نے اندھیری مشرق کےعلاقے مرول میں واقع ’سیون ہلز اسپتال‘ کی نجکاری کو منظوری دے دی   جس کا مطلب یہ ہے کہ اب گرگائوں میں واقع ریلائنس اسپتال کی شراکت سے ’کیپری گلوبل وینچرس پرائیویٹ لمیٹڈ‘ اس اسپتال کو چلائے گی۔ البتہ بی ایم سی کی شرط کے مطابق اس اسپتال میں   غریب مریضوں کیلئے ۲۰؍ فیصد بیڈ اور او پی ڈی سہولیات مہیا کرائی  جائیں گی۔یاد رہے کہ تقریباً دو ماہ پہلے   بھی  سیون ہلز اسپتال کو چلانے کی ذمہ داری ’کیپری گلوبل وینچرس پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کو دینے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ تاہم اپوزیشن کی سخت مخالفت کی وجہ سے اسے منظور یا نامنظور کئے بغیر نظر ثانی کیلئے انتظامیہ کے پاس واپس بھیج دیا گیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ممبرا میں دوسری منزلہ کی چالی کا حصہ پہلے منزلہ پر گرا، ۱۵؍سالہ لڑکی کی موت

منگل کو یہ تجویز دوبارہ بی ایم سی میں منظوری کیلئے پیش کی گئی۔ میٹنگ کے دوران کانگریس اور شیو سینا  (یو بی ٹی ) کے نمائندوں نے اعتراض کیا تھا کہ بی ایم سی کی وسیع و عریض زمین پر جدید آلات سے لیس اتنا بڑا اسپتال بنایا گیا ہے تو اسے بی ایم سی خود چلانے کے بجائے کسی  نجی کمپنی کو کیوں دے رہی ہے۔ میٹنگ میں یہ بھی اعتراض کیا گیا تھا کہ خبروں کے مطابق اس تجویز کو منظوری ملنے سے قبل ہی کیپری کمپنی اس اسپتال کو چلانے لگی ہے۔ اپوزیشن کے مطابق جب پہلے بھی اپوزیشن کی مخالفت کی وجہ سے یہ تجویز منظور نہیں کی گئی تھی اور نظر ثانی کیلئے بھیجی گئی تھی تو اسے بغیر تبدیلیوں کے منظوری کیلئے دوبارہ کیونکر لایا گیا ہے۔

اس مرتبہ بھی اپوزیشن نے اس کی سخت مخالفت کی تاہم امپرومنٹ کمیٹی کی چیئر پرسن اور شیوسینا (شندے) کی کارپوریٹر سندھیا دوشی نے مزید بحث و مباحثہ کے بغیر اس تجویز کو منظوری دے دی۔ 

اس تعلق سے بی ایم سی افسران کا کہنا ہے کہ اس اسپتال میں بی ایم سی کے مریضوں کا کوٹہ رکھا گیا ہے اس لئے غریب شہری علاج سے محروم نہیں رہیں گے اور بند پڑا یہ اسپتال دوبارہ شروع ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: مارشل آرٹ کےعالمی مقابلہ میں ممبرا کے ۸؍ فائٹروں کی شاندارکامیابی

واضح رہے کہ   بی ایم سی کی ۱۷؍ ایکڑ کی زمین پر ’پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ‘ (پی پی پی) ماڈل کی بنیاد پر ۱۳۰۰؍ بیڈ کا سیون ہلز اسپتال تعمیر کیا گیا تھا۔ تعمیر کے بعد پہلی مرتبہ ۲۰۱۰ء میں اسے ’سیون ہلز ہیلتھ کیئر پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کو چلانے کیلئے دیا گیا تھا   ۔کووڈبحران کے دوران اس اسپتال میں توسیع کی گئی تھی اور اب یہ اسپتال ۱۵۰۰؍ بیڈ کا کردیا گیا ہے جس کے ۲۰؍ فیصد یعنی ۳۰۰؍ بیڈاور اوپی ڈی کی ۲۰؍ فیصد خدمات بی ایم سی کے ذریعہ بھیجے گئے مریضوں کیلئے مہیا کرائی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK