• Fri, 06 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اشتعال انگیزی پر پریانک کھرگے کی بی جےپی لیڈروں کو جیل بھیجنے کی دھمکی

Updated: November 06, 2026, 12:22 PM IST | Agency | Bengaluru

کرناٹک کے وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت سیاسی تنقید کی آڑ میں دھمکیوں اور ذاتی حملوں کو برداشت نہیں کرے گی، وجیندر اورنارائن سوامی کے بیانات پر برہم۔

Priyank Kharge. Photo: INN
پریانک کھرگے۔ تصویر: آئی این این
کرناٹک کے وزیر داخلہ پریانک کھرگے نے بدھ کو بی جے پی  کے ریاستی صدر وجیندر یدی یورپا اور قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف چلاوادی نارائن سوامی کو سخت انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں کے خلاف ان کے اشتعال انگیز اور توہین آمیز بیانات کا سلسلہ جاری رہا تو انہیں جیل جانا پڑسکتا ہے۔حکمراں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے پس منظر میں پریانک کھرگے نے کہا کہ حکومت سیاسی تنقید کی آڑ میں دی جانے والی دھمکیوں اور ذاتی حملوں کو برداشت نہیں کرے گی اور اس طرح کے بیانات دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہاں صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہاکہ ہم کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی کو بلاوجہ جیل بھیجیں گے۔ ہم قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔ اگر وہ اس طرح کے بیانات دینا جاری رکھتے ہیں تو مستقبل میں ان کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں اور انہیں جیل بھی جانا پڑسکتا ہے۔ پریانک کھرگے کا یہ انتباہ بی جے پی لیڈروں سے وابستہ دو الگ الگ تنازعات کے بعد سامنے آیا ہے۔
 
 
ان میں چلاوادی نارائن سوامی کا وہ مبینہ بیان بھی شامل ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کانگریس کارکنوں کو کاٹ کر بحیرۂ عرب میں پھینک دیا جائے گا۔
یہ بیان مبینہ طور پر کولار میں بی جے پی کی ایک پدیاترا کے دوران دیا گیا تھا۔ یہ پدیاترا کانگریس کی احتجاجی تحریک کےجواب میں ’جمہوریت بچاؤ، انارکی مٹاؤ ‘کے نعرے کے تحت نکالی گئی تھی ۔ اس بیان پر کانگریس نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے سیاسی مخالفین کیلئے براہِ راست دھمکی قرار دیا اور بی جے پی کی سیاسی ثقافت پر سوالات اٹھائے ۔ بعد ازاں نارائن سوامی نے ایسا بیان دینے کی تردید کی اور دعویٰ کیا کہ ان کے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ نارائن سوامی کے طرزِ عمل پر سخت اعتراض کرتے ہوئے پریانک کھرگے نے ان کے تحمل اور رویے پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بی جے پی کے اس رہنما نے مبینہ طور پر ان کے آبائی علاقے کے دورے کے دوران انہیں’ کتا‘ کہا تھا۔پریانک کھرگے نے ریزرویشن کے مسئلے اور کرناٹک پبلک سروس کمیشن (کے پی ایس سی) کے تنازعے کے حوالے سے کانگریس کارکنوں کے خلاف حالیہ بیانات پر بی جے پی کے ریاستی صدر وجیندر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK