Inquilab Logo Happiest Places to Work

رائے پور میں ٹرانسفارمر مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرنے کی تجویز، روزگار کے مواقع کی امید

Updated: May 27, 2025, 11:16 AM IST | Agency | New Delhi/Raipur

مشہور کمپنی کرم ویر الیکٹرانکس لمیٹڈ نے چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں ۳۰۰؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرکے جدید ترین ٹرانسفارمر مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرنے کی تجویز بھیجی۔

Chhattisgarh Chief Minister Vishnu Dev Sai posted this picture on X. Photo: INN
چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی نے یہ تصویر ایکس پر پوسٹ کی ہے۔ تصویر: آئی این این

ملک کی مشہور کمپنی کرم ویر الیکٹرانکس لمیٹڈ نے پیر کو ریاستی حکومت کو چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں ۳۰۰؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرکے جدید ترین ٹرانسفارمر مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرنے کی تجویز  بھیجی ہے۔
 کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر وویک جین نے نئی دہلی میں چھتیس گڑھ سدن میں وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی سے ملاقات کرکے یہ تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس یونٹ میں۳۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے چھتیس گڑھ ملک کے سب سے بڑے ٹرانسفارمر مینوفیکچرنگ مراکز میں سے ایک بن جائے گا۔ ملاقات میں مجوزہ منصوبے کے خاکہ، سرمایہ کاری کے امکانات اور روزگار کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:کسانوں کو صرف پیداوار تک محدود نہیں رہنا چاہئے، انہیں کاروباری بھی بننا چاہئے: دھنکر

وویک جین نے کہا کہ یہ یونٹ ملک میں ٹیکنالوجی کے لحاظ سے سب سے جدید ٹرانسفارمر مینوفیکچرنگ یونٹ ہوگی جو توانائی کے شعبے کی مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔
سرمایہ کاری کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا، ’’ہمارا مقصد یہ ہے کہ چھتیس گڑھ  ترقی یافتہ ہندوستان۲۰۴۷ء کی تشکیل میں  مضبوط ستون بنے۔ یہ سرمایہ کاری صرف ایک صنعتی اکائی نہیں ہے بلکہ چھتیس گڑھ کی تکنیکی صلاحیت اور خود انحصاری کی طرف مضبوط قدم ہے۔ ریاستی حکومت اس پروجیکٹ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔‘‘ یہ پروجیکٹ ریاست میں پاور سیکٹر کی جدید کاری، مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار اور صنعت پر مبنی ترقی کا باعث بنے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے چیف سیکریٹری سبودھ سنگھ اور دہلی میں چھتیس گڑھ کے سرمایہ کاری کمشنر ریتو سین بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK