Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان اور امریکہ کے درمیان مجوزہ تجارتی معاہدہ تقریباً مکمل : امریکی سفیر سرجیو گور

Updated: August 23, 2026, 8:08 PM IST | New Delhi

ہندوستان اور امریکہ کے درمیان مجوزہ تجارتی معاہدہ (Trade Deal) اصولی طور پر تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور اب دونوں ممالک اس کی قانونی اور تکنیکی زبان کو حتمی شکل دینے پر کام کر رہے ہیں۔ یہ بات ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور نے نئی دہلی میں ایک پروگرام کے دوران کہی۔

Sergio Gor.Photo:X
سرجیوگور۔ تصویر:ایکس

ہندوستان اور امریکہ کے درمیان مجوزہ  تجارتی معاہدہ (Trade Deal)  اصولی طور پر تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور اب دونوں ممالک اس کی قانونی اور تکنیکی زبان کو حتمی شکل دینے پر کام کر رہے ہیں۔ یہ بات  ہندوستان میں امریکہ کے سفیر  سرجیو گور  نے نئی دہلی میں ایک پروگرام کے دوران کہی۔سرجیو گور نے کہا کہ معاہدے کے بنیادی نکات طے ہوچکے ہیں اور اب باقی کام میں معاہدے کے متن کے کچھ حصوں کو دوبارہ ترتیب دینا اور حتمی شکل دینا شامل ہے۔ انہوں نے کہا”اصولی طور پر تجارتی معاہدے کا تقریباً سارا کام مکمل ہوچکا ہے۔‘‘
 امریکی سفیر کے مطابق معاہدے کو حتمی شکل دینے میں تاخیر کی بنیادی وجہ قانونی اور تکنیکی زبان سے متعلق رسمی کارروائیاں ہیں۔ دونوں فریق معاہدے کے متن کو باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں تاکہ حتمی دستاویز میں کسی قسم کی ابہام یا قانونی پیچیدگی باقی نہ رہے۔سرجیو گور نے امریکی کانگریس میں زیرِ غور اس مجوزہ قانون پر بھی بات کی، جس کے تحت روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر ۱۰۰؍فیصد تک اضافی ٹیرف  عائد کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تجویز کو امریکی سیاسی جماعتوں کے دونوں جانب سے حمایت حاصل ہورہی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام  وہائٹ ہاؤس کی جانب سے شروع نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے:کنگنانے تاپسی کو ’پرورش‘ والے بیان پر آڑے ہاتھوں لیا، کہا: سستی کاپی سامنے آ گئی

گور نے کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے اس قانون کو آگے بڑھانے کی حمایت کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ان کے مطابق اس معاملے کے ہندوستان پر ممکنہ اثرات ہوسکتے ہیں، تاہم صدر ٹرمپ کی بنیادی توجہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو ختم کرنے پر ہے۔  امریکی سفیر نے کہا کہ صدر ٹرمپ پہلے دن سے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے جنگ کے خاتمے کوانتہائی ضروری  قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر اس معاملے پر مسلسل توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
 سرجیو گور نے امریکی صدر  ڈونالڈ ٹرمپ  اور ہندوستانی وزیراعظم  نریندر مودی  کے درمیان قریبی تعلقات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے دونوں لیڈروںکے تعلق کو گہری اور ذاتی دوستی قرار دیا۔ امریکی سفیر کے مطابق دونوں لیڈر تیزی سے فیصلے کرنے، کام مکمل کرنے اور نتائج پر توجہ دینے میں یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ وزیراعظم مودی کا بہت احترام کرتے ہیں۔ گور نے کہا کہ دونوں لیڈر مستقبل پر نظر رکھتے ہیں اور باہمی مفاد کے معاملات پر تیزی سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔  سرجیو گور نے۲۰۲۰ء کے امریکی صدارتی انتخابات کے بعد کے دور کو بھی یاد کیا، جب ٹرمپ صدر کے عہدے پر نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں رہتے ہوئے ہر شخص آپ کا دوست بننا چاہتا ہے، لیکن جب کوئی اقتدار سے باہر ہوتا ہے تو اسے معلوم ہوتا ہے کہ اس کے حقیقی دوست کون ہیں۔ ان کے مطابق اس دور میں وزیراعظم نریندر مودی نے ٹرمپ کی مسلسل حمایت کی، جس نے امریکی صدر پر گہرا اثر ڈالا۔

یہ بھی پڑھئے:کولمبو ٹیسٹ :جیسوال اور فرنانڈو کے درمیان شدید تلخ کلامی

امریکی سفیر کے مطابق ٹرمپ اور مودی کے درمیان موجود  باہمی اعتماد  نے ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔ تجارتی معاہدے کا اصولی طور پر تقریباً مکمل ہونا دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کے لیے ایک اہم پیش رفت سمجھا جارہا ہے۔ اب قانونی اور تکنیکی مراحل مکمل ہونے کے بعد معاہدے کے باضابطہ اعلان کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK