پہلگام حملے کےبعد ملتوی کردی گئی تھی، ورنگل میں اجلاس ِ عام کے ذریعہ پھر شروع کی گئی، ۲۲؍ مئی کو حیدرآباد میں خواتین کا اجلاس۔
EPAPER
Updated: May 19, 2025, 11:54 AM IST | Saeed Ahmed Khan | New Delhi
پہلگام حملے کےبعد ملتوی کردی گئی تھی، ورنگل میں اجلاس ِ عام کے ذریعہ پھر شروع کی گئی، ۲۲؍ مئی کو حیدرآباد میں خواتین کا اجلاس۔
وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاجی مہم جو پہلگام حملے، آپریشن سیندور اور ملک کے ہنگامی حالات کی وجہ سے کچھ دنوں کیلئے موقوف کردی گئی تھی، اتوار ۱۸؍ مئی کو ورنگل میں ایک اجلاس عام کے ساتھ بحال کردی گئی۔ اسلامیہ کالج گراؤنڈ نزد ایم جی ایم سرکل، ورنگل میں آل انڈیا پرسنل لاء بورڈ کے زیر اہتمام ہونےوالے اس اجلاس میں ایک اندازہ کے مطابق ۱۰؍ ہزار افراد نے شرکت کی۔ اجلاس ِ عام کی صدارت بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کی جبکہ اس میں مقامی رکن اسمبلی راجیندر ریڈی گارو، رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی، تلنگانہ حج کمیٹی کے چیئرمین سید شاہ غلام افسر بیابانی خسرو پاشا ، بارگاہ معشوقیہ کے سجادہ نشیں سید شاہ حیدر جلال الدین قادری نوید بابا، وزیر جنگلات و ماحولیات کوندا سوریکھا گارو، کوندا مرلی دھر راؤگارو(سابق ایم ایل سی) اور کئی دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: بی ایم سی کی سیٹیں ۲۲۷؍ ہی رہنے کا امکان
آل انڈیا پرسنل لاء بورڈ کے قومی ترجمان اور کل ہند تحفظ اوقاف کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے اس سے قبل پریس کیلئے جاری کئے گئے ایک بیان میں اعلان کیا کہ ’’ آپریشن سیندور اور اس کے نتیجہ میں ملک میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال کی بناء پر بورڈ کی تحفظ اوقاف مہم کے جن عمومی پروگراموں کو روک دیا گیا تھا،انہیں بحال کردیا گیا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: فلسطینی مصنفہ یاسمین زاہر کو سوانزی یونیورسٹی کا دیلن تھامس پرائزتفویض کیا گیا
انہوں نے بتایا کہ عوامی سطح پر مہم کے روکے جانے کے دوران بھی شہری سماج کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل میٹنگ،بین مذہبی اجلاس،پریس کانفرنس اور کلکٹر یا ڈی ایم کے ذریعہ صدر جمہوریہ کو میمورنڈم بھیجنے کا سلسلہ جاری رہا۔ اس ماہ (مئی میں) مختلف ریاستوں کے کئی اہم شہروں میں اہم پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور اس کے ساتھ ہی خواتین کے بڑے اجلاس بھی ہوں گے۔ ۲۲؍ مئی کو حیدرآباد میں خواتین کے اجلاس میں بورڈ کے ذمہ داران، کئی اہم ممبران پارلیمنٹ، سول سوسائٹی کی شخصیات اوربورڈ کے خواتین ونگ کی کنوینرز اس سے خطاب کریں گی۔ اس کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہے۔اس جلسہ میں ایک لاکھ خواتین کی شرکت شرکت متوقع ہے۔ اسی طرح مہاراشٹر کے کئی شہروں جیسے جلگاؤں، نانڈیڑ اور اورنگ آبادمیں بھی بڑے جلسے منعقد کئے جائیں گے۔ بہار کے متعدد شہروں میں مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایت پر امارت شرعیہ بہار اڑیسہ اوردیگر ملی تنظیموں نے متحدہ طورپر متعدد بڑے پرو گرام منعقد کئے ہیں۔ ان شہروں میں بطور خاص پٹنہ، ارریہ، کشن گنج، بھاگلپور، بیگو سرائے، سہرسہ، مدھوبنی، سیوان اور دربھنگہ شامل ہیں ۔