• Sat, 31 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اقلیتی تعلیمی اداروں کو راحت، اقلیتی درجہ کی سند پرعائد پابندی ختم

Updated: October 31, 2026, 11:29 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

ریاستی حکومت کے اس فیصلے سے ریاست کے اقلیتی تعلیمی اداروں کے زیرِ التوا ءمعاملات کے تصفیے کی راہ ہموار ہوگی۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

حکومت ِ مہاراشٹر نے  اقلیتی تعلیمی اداروں کو مذہبی اور لسانی اقلیت کا درجہ دینے سے متعلق عائد پابندی کو ختم کردیا ہے۔جمعرات کی شام جاری نوٹیفکیشن کے ذریعے یہ اطلاع دی گئی۔ یاد رہے کہ جنوری کے آخر میں اس وقت کے نائب وزیر اعلیٰ اور اقلیتی امور کے وزیر اجیت پوار کی ایک طیارہ حادثے میں موت کے فوراً بعد جاری کردہ منظوریوں پر تنازع پیدا ہونے کی وجہ سے اقلیتی درجہ کی سند جاری کرنے کا سلسلہ روک دیا گیا تھا۔ اب تقریباً ۹؍ مہینے  بعد ریاستی حکومت نے تعلیمی اداروں کو اقلیتی درجہ دینے کیلئے محکمہ اقلیتی ترقی کے انتظامی سربراہ کو نامزد کیا ہے۔ جمعرات کو ریاستی اقلیتی ترقی کے محکمہ کی طرف سے جاری کردہ حکم نامہ کے مطابق اس اقدام سے تعلیمی اداروں کے اقلیتی حیثیت کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل میں یکسانیت اور شفافیت آنے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ ہی زیر التواء معاملات کا فوری حل نکلنے کی بھی توقع ہے۔ اس فیصلہ کے ساتھ ہی ریاستی حکومت نے محکمہ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری بی وینوگوپال ریڈی کی سربراہی میں مختلف معاملات کی تفتیش کا بھی حکم دیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکی انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے پہلے پوپ بنے لیو چہاردہم

مذہبی اور لسانی اقلیت کی حیثیت والے تعلیمی اداروں کواس سرٹیفکیٹ سے اہم ریگولیٹری، انتظامی اور مالی فوائد حاصل کرنےمیں مددملےگی  جن میں حق تعلیم (آر ٹی ای) ایکٹ کے تحت۲۵؍ فیصدداخلہ کوٹہ سے مستثنیٰ رہنے اور کچھ لازمی ذات پر مبنی ریزرویشن کی ضروریات شامل ہیں۔ تعلیمی ادارے قابل اطلاق قوانین کے تحت اپنی متعلقہ اقلیتی برادریوں کے طلبہ کو بھی ترجیح دے سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ مہاراشٹر میں اقلیتی اسکولوں کے لئے سرکاری امداد۲؍لاکھ  روپےسے بڑھا کر ۱۰؍لاکھ روپےسالانہ کر دی گئی ہے۔ساتھ ہی  اداروں کو یہ درجہ حاصل کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اقلیتی ادارے داخلوں، عملے کی بھرتی اور داخلی انتظامیہ میں زیادہ خودمختاری سے کام کرسکتےہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK