Inquilab Logo Happiest Places to Work

پائیدھونی : ۴؍ افراد کی موت کی وجہ ہنوز معمہ

Updated: April 29, 2026, 1:06 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

پوسٹ مارٹم اور فورینسک رپورٹ کا انتظار ، سیکڑوں سوگواروں، دوست احباب ، رشتہ داروں اور پڑوسیوں نے جنازےمیں شرکت کی۔

People Are Seen Outside The Mughal Building After The Death Of 4 People In Dhoni. Photo:Syed Sameer Abidi
پائیدھونی میں ۴؍ افراد کی موت کے بعد مغل بلڈنگ کے باہر لوگ نظر آرہے ہیں۔ تصویر:سید سمیر عابدی
گزشتہ روز ایک ہی خاندان کے ۴؍افراد کی دردناک موت اب بھی معمہ بنی ہوئی ہے۔جہاں ایک طرف اس واقعہ کے بعد ہزاروں سوگواروں نے جنازہ میں شامل ہو کر پیر کو نم آنکھوں سے بڑا قبرستان میں مہلوکین کو سپرد لحد کیا ، وہیں دوسری طرف جے جے مارگ پولیس نے  ابتدائی تفتیش میں موت کی وجہ غذائی سمیت بتائی ہے جبکہ ہر زاویہ سے مزید تفتیش کئے جانے، متاثرین کے گھر کے کھانے کی دیگر چیزوں کی تلاشی لینے، پورے گھر کا سرچ آپریشن کرنے نیز تربوز اور بریانی کے علاوہ مٹکے سے پئے گئے پانی اور گلاس میں موجود پانی اور پی گئی چھانچھ کو بھی ضبط کرکے جانچ کے لئے فورینسک لباریٹری روانہ کیا ہے ۔
رپورٹ کا انتظار
جاری تفتیش کے دوران پولیس فوت ہونے والے گھر کے سرپرست عبد اللہ ڈوکاڈیا، اس کی بیوی نسرین اور بیٹیوں عائشہ اور زینب کی موت کا سبب جاننے کے لئے پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ اور فورینسک رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے ۔اس کے علاوہ دیگر زاویہ سے تفتیش کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس نے مہلوک  کے کاروبار میں ہونے والے لین دین اور بینک کی تفصیلات اکٹھا کرنے کے ساتھ دعوت میں شریک  ہونے والے ۵؍رشتہ داروں کے علاوہ دیگر قریبی رشتہ داروں جن میں متاثرہ سرپرست اور اس کی بیوی کے اہل خانہ شامل ہیں، کا بھی بیان درج کرنے کیلئے انہیں پولیس اسٹیشن طلب کرکے ان سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ 
تفتیش کا دائرہ وسیع
موت کا سبب اور اصل وجہ جاننے کے لئے جے جے مارگ پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ۴؍خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ جے جے مارگ کے سینئر پولیس انسپکٹر رئیس شیخ نے بتایاکہ پولیس فورینسک رپورٹ اور پوسٹ مارٹم رپورٹ پر انحصار کرنے کے علاوہ ہر زاویہ سے ٹھوس تفتیش کرنےکے ساتھ ہی موت  کےدیگر پہلوؤں پر بھی غور کررہی ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے ہلاک ہونے خاندان کو تربوز فروخت کرنے والے ایک شخص کو بھی طلب کرکے پوچھ تاچھ کی ہے اوراس کا بیان درج کرنے کے علاوہ اس کی تحویل سےچند تربوز بھی فورینسک جانچ کے لئے بھیجا ہے ۔
افواہوں کا بازار گرم  
پولیس کی اس جانچ کے درمیان متاثرین کی موت پر قیاس آرائیوں اور افواہوں کا بازار گرم ہے۔ ایک طرف متاثرین کی موت پر خودکشی کئے جانے کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہے تو دوسری طرف جے جے اسپتال میں تربوز کھا کر کئی اور افراد کے بیمار ہونے حتی کہ فوت ہونے کی بھی افواہیں گشت کررہی ہیں۔ حیرت انگیز طور پر سانپ کے ذریعہ تربوز ڈکو ڈسے جانے اور یہی موت کی وجہ بننے کی افواہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے ۔تاہم پولیس نے ان تمام  قیاس آرائیوں اور افواہوں کو خارج کرتے ہوئے  افواہ پھیلانے والوں پر سخت کارروائی کرنے اور لوگوں کو اس پر یقین نہ کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
 
 
وہیں ان تمام قیاس آرائیوں اور افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے جے جے اسپتال کے ڈین نے اجئے بھنڈار وار نے کہا کہ’’  ہلاک ہونے والے۴؍افرادکےسواتربوزکھانےسے بیمار پڑنے   اور جے جے اسپتال میں زیر علاج ہونے کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے  لیکن جب تک پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ نہیں آجاتی متاثرین کی موت سے متعلق کوئی بھی رائے قائم کرنا قبل از وقت ہوگا۔‘‘ 
 
 
بازار سے تربوز غائب 
بعد ازیں اس دردناک واقعہ کے بعد  لوگ خوفزدہ ہوگئے ہیں اور تربوز کھانے سے پرہیز کررہے ہیں ۔ اسی دوران پائیدھونی، بھنڈی بازار اور نل بازار کی گلیوں اور بازاروںمیں تربوز فروش  غائب ہوگئے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK