Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیو ایس بیسٹ اسٹوڈنٹ سٹیز ۲۰۲۷ء: سیول سرفہرست، ممبئی ۹۱ ویں مقام پر، دہلی دنیا کا سستا ترین شہر قرار

Updated: July 23, 2026, 5:06 PM IST | Mumbai

’کیو ایس بیسٹ اسٹوڈنٹ سٹیز ۲۰۲۷ء‘ رینکنگز میں ممبئی نے عالمی سطح پر سات درجے کی چھلانگ لگا کر ۹۸ ویں سے ۹۱ ویں مقام حاصل کیا ہے اور ہندوستانی شہروں کے درمیان سب سے اعلیٰ رینکنگ حاصل کرنے والا اسٹوڈنٹ سٹی بن کر ابھرا ہے۔ دہلی پانچ درجے کی بہتری کے ساتھ ۱۰۴ ویں مقام سے ۹۹ ویں مقام پر پہنچ گیا ہے اور پہلی بار عالمی سطح پر ٹاپ ۱۰۰ شہروں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

’کیو ایس کواکورلی سائمنڈز‘ (QS Quacquarelli Symonds) کی جانب سے شائع کردہ ’کیو ایس بیسٹ اسٹوڈنٹ سٹیز ۲۰۲۷ء‘ رینکنگز میں سیول (جنوبی کوریا) نے طلبہ کیلئے دنیا بھر میں بہترین شہر کے طور پر اپنا اول مقام برقرار رکھا ہے۔ جائزہ لئے گئے تمام شہروں میں سیول نے سب سے زیادہ یونیورسٹی رینکنگز اسکور کے ساتھ ۱۰۰ کا مکمل مجموعی اسکور حاصل کرکے رینکنگ میں سرفہرست رہا۔ اس رینکنگ میں ٹوکیو (جاپان)، لندن (برطانیہ) اور میلبورن (آسٹریلیا) نے بالترتیب دوسرا، تیسرا اور چوتھا مقام حاصل کیا ہے۔ میونخ (جرمنی) اور سڈنی (آسٹریلیا) مشترکہ طور پر پانچویں مقام پر قبضہ کرنے میں کامیاب رہے۔ اس فہرست میں سنگاپور، بیجنگ (چین) اور کوالالمبور (ملائیشیا) نے بالترتیب گیارہویں، بارہویں اور پندرہویں پوزیشن حاصل کی ہے جو اعلیٰ تعلیم کی عالمی منزل کے طور پر ایشیاء کی مضبوط پوزیشن کو ظاہر کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: فرانس بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کا خواہاں، لیکن عمر کی تصدیق میں مشکلات کا سامنا کررہا ہے

’کیو ایس بیسٹ اسٹوڈنٹ سٹیز ۲۰۲۷ء‘ رینکنگز میں ممبئی نے عالمی سطح پر سات درجے کی بہتری کے ساتھ ۹۸ ویں سے ۹۱ ویں مقام پر چھلانگ لگائی ہے اور ہندوستانی شہروں کے درمیان سب سے اعلیٰ رینکنگ حاصل کرنے والا اسٹوڈنٹ سٹی بن کر ابھرا ہے۔ دہلی ۵ درجے کی بہتری کے ساتھ ۱۰۴ ویں مقام سے ۹۹ ویں مقام پر پہنچ گیا اور پہلی بار عالمی سطح پر ٹاپ ۱۰۰ شہروں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔ بنگلور ۶ درجے نیچے گر کر ۱۱۴ ویں مقام پر پہنچ گیا، جبکہ چنئی ۵ درجے کی بہتری کے ساتھ ۱۲۳ ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

دہلی کو دنیا کا سستا ترین اسٹوڈنٹ سٹی قرار دیا گیا

کیو ایس کواکورلی سائمنڈز نے عالمی سطح پر ۱۵۰ شہروں کا جائزہ لینے کے بعد دہلی کو سب سے زیادہ ’افورڈیبل سٹی‘ (سستا شہر) قرار دیا ہے۔ دہلی کو ۹ء۹۳ کا زبردست افورڈیبلٹی اسکور دیا گیا ہے۔ کیو ایس نے نوٹ کیا کہ ہندوستانی دارالحکومت میں اوسط سالانہ بین الاقوامی ٹیوشن فیس تقریباً ۲۷۰۰ امریکی ڈالر (تقریباً ۶ء۲ لاکھ روپے) ہے۔ دہلی نے ایمپلائر ایکٹیویٹی کے معاملے میں بھی دنیا بھر میں ۲۹ واں مقام حاصل کیا، جو گریجویٹس کیلئے روزگار کے بہترین امکانات کو ظاہر کرتا ہے۔ دہلی کا ایمپلائر ایکٹیویٹی اسکور ۴ء۸۰ رہا۔

یہ بھی پڑھئے: دہلی میں طلبہ پر پولیس کارروائی کی عدالتی نگرانی میں جانچ کا مطالبہ

ممبئی نے سستے شہروں کی عالمی فہرست میں ۱۲ واں مقام حاصل کیا۔ مہاراشٹر کے دارالحکومت نے اس سال ۳ء۷۸ کا ایمپلائر ایکٹیویٹی اسکور حاصل کیا اور عالمی سطح پر ۳۴ ویں مقام پر پہنچ گیا۔ بنگلورو واحد ہندوستانی شہر ہے جس کی رینکنگ میں اس سال گراوٹ دیکھی گئی ہے جس کی اہم وجہ زیادہ بین الاقوامی ٹیوشن فیس ہے۔ کیو ایس کے مطابق یہاں اوسطاً سالانہ تقریباً ۵۴۰۰ امریکی ڈالر ہے جو رینکنگز میں شامل چاروں ہندوستانی شہروں کے درمیان سب سے زیادہ ہے۔ چنئی نے ۰ء۵۴ کے مجموعی اسکور کے ساتھ معمولی بہتری درج کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK