• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانگریس اور سماجوادی کے درمیان تعطل پر بیان بازیاں تیز

Updated: November 25, 2026, 1:11 PM IST | Agency | Lucknow

اوم پرکاش راج بھر نے کہاکہ دہلی کی میٹنگ میں کانگریس نے سماجوادی کو اس کی حیثیت بتا دی ،سدھیرپنوار نے کہاکہ کانگریس کوعزت وقار کے ساتھ سیٹیں دی جائیں گی۔

Sudhir Panwar and Imran Masood. Photo: INN
سدھیر پنوار اور عمران مسعود۔ تصویر: آئی این این

 اتر پردیش حکومت کے کابینی وزیر اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (سبھاسپا) کے صدر اوم پرکاش راج بھر نے سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد کے امکانات پر سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو پر سخت حملہ کیا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی میں کانگریس رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی پہلی ہی میٹنگ میں سماج وادی پارٹی کو اس کی سیاسی حیثیت کا احساس دلا دیا گیا۔راج بھر نے کہا کہ کانگریس رہنماؤں نے محض 20 منٹ کی میٹنگ میں چائے پلا کر سماج وادی پارٹی کے رہنماؤں کو نشستوں کی تقسیم کا خط تھما دیا اور برابر کی حصہ داری کی بات کہہ کر انہیں رخصت کر دیا۔راج بھر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے تبصرے میں کہا کہ کانگریس سمجھ چکی ہے کہ یہ اعظم خان، امر سنگھ اور شیوپال سنگھ یادو کے دور والی مضبوط سماج وادی پارٹی نہیں ہے۔ طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب سماج وادی پارٹی میں صرف رابطہ کار چچا ہی باقی رہ گئے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ سماج وادی پارٹی کے زمینی سطح کے کارکن بھی یہ سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ گزشتہ۱۰؍ برسوں سے اکھلیش یادو کو کون سی سیاسی پی ایچ ڈی کرائی جا رہی ہے، جسے وہ اب تک مکمل نہیں کر پائے ہیں۔’سبھاسپا‘ کے صدر نے اکھلیش یادو کو مشورہ دیا کہ وہ شیوپال سنگھ یادو کے سیاسی تجربے اور تنظیمی صلاحیت سے فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی سیاسی چالوں کو سمجھنے والے شیوپال کو نظر انداز کرنا اکھلیش یادو کیلئے بھاری پڑ سکتا ہے۔راج بھر نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اکھلیش کو رابطہ کار چچا کے حسین خوابوں والی تھیسس پڑھنے کے بجائے شیوپال سنگھ یادو کی رہنمائی میں زمینی سیاست کی تعلیم حاصل کرنی چاہئے۔انہوں نے یہ اندیشہ بھی ظاہر کیا کہ سماج وادی پارٹی میں آنے والے دنوں میں کوئی بڑا سیاسی واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ راج بھر نے دعویٰ کیا کہ شیوپال سنگھ یادو کے خیمے میں تقریباً۴۵؍ اراکین اسمبلی ہیں جو کسی بھی وقت سیاسی مساوات بدل سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: آن لائن فراڈ روکنے کیلئے ’اسٹاپ سوئچ‘

انڈیا اتحاد کے پاس ووٹ بینک باقی نہیںبچا 

راج بھر نے کانگریس اور سماج وادی پارٹی کی قیادت والے اپوزیشن اتحاد کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے پاس اب کوئی مضبوط ووٹ بینک باقی نہیں بچا ہے۔ اکھلیش یادو کے ایم وائی (مسلم۔ یادو) مساوات پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھائی چارے کا’ چارہ‘ بھی اس بار خداحافظ کہنے کی تیاری میں ہے۔ 

کانگریس کو عزت و وقار کے ساتھ نشستیں دیجائیگی: سدھیر پنوار

سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے قومی ترجمان پروفیسر ڈاکٹر سدھیر پنوار نے پیر کی شام یہاں کہا کہ یہ انتخابات سماجوادی پارٹی کے وجود سے جڑے ہوئے ہیں۔ ہم اس ریاست کی علاقائی جماعت ہیں جو گزشتہ۱۰؍ سال سے اقتدار سے باہر ہے، جبکہ کانگریس ایک قومی جماعت ہے۔ سماجوادی پارٹی کیلئے اقتدار میں واپسی ضروری ہے جبکہ کانگریس کیلئے ان انتخابات کا مقصد اپنا عوامی دائرہ اور ووٹوں کا تناسب بڑھانا ہے۔پروفیسر سدھیر پنوار نے کہا کہ سماجوادی پارٹی یقینی طور پر کانگریس کو عزت و وقار کے ساتھ نشستیں دے گی، لیکن اس کی بنیاد جیتنے کی صلاحیت ہوگی۔۲۰۲۲ء کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے صرف۲؍ نشستیں جیتی تھیں ۔ انہوں نےکہا کہ اکھلیش یادو آج اتر پردیش کے سب سے مقبول لیڈر ہیں اور پوری ریاست میں سماجوادی پارٹی کا عوامی دائرہ اور تنظیم موجود ہے ۔ سہارنپور سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر عمران مسعود نے کہا کہ آج کانگریس۲۰۲۲ء والی کانگریس نہیں ہے۔ اس کی مقبولیت اور عوامی دائرہ بڑھا ہے۔ پارٹی کے پاس جیتنے والے امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر انتخاب کا سیاسی تاثر (بیانیہ) الگ ہوتا ہے۔ کانگریس سماجوادی پارٹی سے نشستوں کی بھیک نہیں مانگ رہی ہے۔ عمران مسعود نے پختہ یقین ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سماجوادی پارٹی اور کانگریس کا اتحاد پوری مضبوطی کے ساتھ انتخاب لڑے گا اور حکومت بنائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK