Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوئیڈا میں جاری احتجاج کو راہل گاندھی نے مزدوروں کی آخری چیخ قرار دیا

Updated: April 15, 2026, 12:37 PM IST | Agency | New Delhi

نوئیڈا میں مزدوروں کی جانب سے کئے گئے احتجاج پر اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ’’کل نوئیڈا کی سڑکوں پر جو ہوا، وہ اس ملک کے مزدوروں کی آخری چیخ تھی، جس کی ہر آواز کو اَن سنا کیا گیا۔‘‘

Rahul Gandhi.Photo:INN
راہل گاندھی۔ تصویر:آئی این این
نوئیڈا میں مزدوروں کی جانب سے کئے گئے احتجاج پر اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ’’کل نوئیڈا کی سڑکوں پر جو ہوا، وہ اس ملک کے مزدوروں کی آخری چیخ تھی، جس کی ہر آواز کو اَن سنا کیا گیا۔‘‘راہل گاندھی نے مزدوروں کی معاشی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوئیڈا میں کام کرنے والے ایک مزدور کی اوسط ماہانہ آمدنی۱۲؍ ہزار ہے، جبکہ کرایہ۴؍ ہزار سے۷؍ ہزار تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جہاں مزدوری میں سالانہ صرف۳۰۰؍ روپے کا اضافہ ہوتا  ہے، وہیں مکان مالک۵۰۰؍ روپے تک کرایہ بڑھا دیتے ہیں، جس سے مزدور مسلسل معاشی دباؤ میں جی رہے ہیں۔ انہوں نے مہنگائی کے حوالے سے کہا کہ ’’تنخواہ بڑھنے سے پہلے ہی بے لگام مہنگائی زندگی کا گلا گھونٹ دیتی ہے اور لوگوں کو قرض میں ڈبو دیتی ہے۔‘‘ ایک خاتون مزدور کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیس سلنڈر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو پوری طرح بگاڑ دیا ہے۔
 
 
راہل گاندھی نے اس مسئلے کو عالمی تناظر سے جوڑتے ہوئے کہا کہ مغربی ایشیا میں جاری تنازع اور سپلائی چین میں رکاوٹ کی وجہ سے ایندھن کی قیمتیں بڑھی ہیں، لیکن اس کا بوجھ عام مزدور پر ہی پڑا ہے، نہ کہ بڑے صنعت کاروں پر۔ انہوں نے مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ نومبر۲۰۲۵ء سے نافذ کئے گئے چار لیبر کوڈ بغیر مناسب بات چیت کے لائے گئے، جس سے کام کے اوقات بڑھا کر۱۲؍ گھنٹے تک کر دیئے گئے ہیں۔
 
 
انہوں نے کہا کہ’’جو مزدور روز۱۲۔۱۲؍ گھنٹے کام کرتا ہے اور پھر بھی بچوں کی فیس کیلئے قرض لیتا ہے، اس کا۲۰؍ ہزار تنخواہ کا مطالبہ کوئی لالچ نہیں بلکہ اس کا حق ہے۔‘‘ آخر میں گاندھی نے کہا کہ وہ ہر اس مزدور کے ساتھ کھڑے ہیں ’’جو  اس ہندوستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، لیکن جسے حکومت بوجھ سمجھنے لگی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ سے ان مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK