ہندوستان کے تاریخی ورثے اور ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر ایک اور نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔ جرمنی کے ایک سفری رہنما کی جاری کردہ فہرست میں بہار کے پٹنہ میوزیم نے دنیا کے معروف عجائب گھروں کے درمیان اپنی جگہ بنائی ہے۔
EPAPER
Updated: October 30, 2026, 10:20 AM IST | Patna
ہندوستان کے تاریخی ورثے اور ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر ایک اور نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔ جرمنی کے ایک سفری رہنما کی جاری کردہ فہرست میں بہار کے پٹنہ میوزیم نے دنیا کے معروف عجائب گھروں کے درمیان اپنی جگہ بنائی ہے۔
جرمنی میں قائم سفری رہنما ادارے ’ورتھ اے جرنی‘ (Worth a Journey) کی جانب سے جاری کردہ ’دنیا کے ۱۰۰؍ بہترین عجائب گھر ۲۰۲۶ء‘ کی فہرست میں ہندوستان کے بہار میوزیم، پٹنہ نے۹؍ ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس فہرست میں شامل ہونے والا یہ ہندوستان کا واحد عجائب گھر ہے۔ اس نے نیویارک کے مشہور میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ اور پیرس کے لوور میوزیم جیسے عالمی شہرت یافتہ عجائب گھروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بہار میوزیم کے ڈائریکٹر جنرل انجنی کمار سنگھ نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میوزیم کے قیام کا مقصد ایسا ادارہ بنانا تھا جو عالمی معیار پر پورا اترے۔ ان کے مطابق، آج میوزیم کو بین الاقوامی سطح پر شناخت ملنے پر فخر اور کامیابی کا احساس ہورہا ہے۔ اس فہرست میں پہلے پانچ مقامات میکسیکو سٹی کے میوزیو نیشنل ڈی اینتھروپولوجیا، میڈرڈ کے میوزیو ڈیل پراڈو، ڈنمارک کے شہر ہوملبیک میں واقع لوئیزیانا میوزیم آف ماڈرن آرٹ، سینٹ پیٹرزبرگ کے اسٹیٹ ہرمیٹیج میوزیم اور ویانا کے کنست ہسٹوریشس میوزیم نے حاصل کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: طوفان ارنب کا مہاراشٹر تک اثر، ودربھ میں موسلادھار بارش کا الرٹا
پٹنہ میوزیم کے بارے میں
بہار میوزیم کا افتتاح ۲۰۱۵ء میں کیا گیا تھا۔ اس کی عمارت جاپانی معمار فومیہیکو ماکی نے، جو پرٹزکر ایوارڈ یافتہ ہیں، ممبئی میں قائم اوپولس آرکیٹیکٹس کے اشتراک سے ڈیزائن کی تھی۔ یہ میوزیم پٹنہ کی بَیلی روڈ پر واقع ہے۔ میوزیم میں قدیم ہندوستان سے لے کر ۱۷۶۴ء تک کے تاریخی نوادرات، مجسموں، سکّوں، قلمی نسخوں اور لوک فن کے قابلِ ذکر ذخائر موجود ہیں۔ اس کی مختلف گیلریوں میں موریہ سلطنت سے لے کر مغل اور سور سلطنت کے ادوار تک کی تاریخ کو پیش کیا گیا ہے۔ میوزیم میں بچوں کے لیے بھی ایک خصوصی گیلری قائم ہے، جہاں جانوروں، لوک فن، ثقافت اور سائنس سے متعلق نمائشیں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ’ڈائسپورا گیلری‘ بہار کی جغرافیائی حدود سے باہر اس کی خدمات، موجودگی اور اثرات کو اجاگر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مروڈ جنجیرہ کی راجپوری جیٹی کے اطراف بڑی مقدار میں ریت اور گاد جمع
اوقاتِ کار اور ٹکٹ کی قیمتیں
میوزیم کی مرکزی گیلریاں صبح ۱۰؍ بجے سے شام ۵؍ بجے تک کھلی رہتی ہیں، جبکہ عمارت کے اندر موجود ریسٹورنٹ رات ۹؍ بجے تک کھلا رہتا ہے۔ میوزیم پیر کے روز بند رہتا ہے۔ ہندوستانی بالغ افراد کے لیے ٹکٹ کی قیمت ۱۰۰؍ روپے فی کس ہے، جبکہ بین الاقوامی سیاحوں کو فی کس ۵۰۰؍ روپے ادا کرنے ہوتے ہیں۔