خوشگوار، آئندہ ۲؍ روزگرج چمک کیساتھ بارش کے آثار۔
گروگرام شہر کا ایک علاقہ طوفانی بارش کے بعد زیر آب دیکھا جاسکتا ہے- تصویر :آئی این این
ملک کے مختلف حصوں شمال، وسط اور جنوب میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ چھتیس گڑھ میں منگل کے روز شدید بارش ہوئی، جس کے باعث کانکیر کے چاراما علاقے میں نیشنل ہائی وے۳۰؍ پر گھٹنوں تک پانی جمع ہو گیا۔ منیندرگڑھ کے جنک پور میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جبکہ پینڈرا میں آندھی کے سبب کئی درخت گر گئے۔
اتر پردیش کے غازی آباد میں تیز بارش کے ساتھ اولے بھی گرے۔ بارش کی وجہ سے پورے صوبے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۴۰؍ ڈگری سیلسیس سے نیچے آ گیا ہے، جس سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی ہے۔ راجستھان میں باڑمیر اور پھلودی کو چھوڑ کر باقی تمام شہروں میں درجہ حرارت۴۰؍ ڈگری سے کم رہا۔ گروگرام میں بھی منگل اور بدھ کو زبردست بارش ہوئی ہے اور کہیں علاقے زیر آب آگئے تھے۔
ادھر، بہار اور مدھیہ پردیش میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بہار میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران۸۹ء۷؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو معمول سے۱۸۲؍ فیصد زیادہ ہے۔ ریاست میں۷؍ مئی تک آندھی اور بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ مدھیہ پردیش کے۲۸؍ اضلاع میں بدھ کے روز تیز آندھی کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اتر پردیش میں گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران موسم میں تبدیلی کا اثر واضح طور پر دیکھنے کو ملا ہے۔ کئی اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے کم درج کیا گیا، جبکہ آسمان میں جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کے ساتھ ساتھ کہیں کہیں گرج چمک اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یوپی کے دارالحکومت لکھنؤ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۳ء۳؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے۶ء۴؍ ڈگری کم ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت۲۱ء۰؍ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے۳ء۳؍ڈگری نیچے ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب ۹۱؍ فیصد تک پہنچ گیا، جس کی وجہ سے حبس کا احساس بھی بنا رہا۔ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھی گئی۔ پریاگ راج میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۵ء۴؍ ڈگری اور کم سے کم۲۰ء۶؍ڈگری سیلسیس رہا۔
کانپور میں زیادہ سے زیادہ۳۳ء۶؍ ڈگری اور کم سے کم۱۹ء۴؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر شہر جیسے وارانسی، گورکھپور، جھانسی، آگرہ اور میرٹھ سمیت اکثر شہروں میں درجہ حرارت معمول سے۳؍سے۸؍ ڈگری تک کم درج کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ۲۴؍گھنٹوں کے لیے پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لکھنؤ اور قریبی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔