کیرالا میں مانسون کی آمد ہو چکی ہے اور اس کا اثر دیگر ریاستوں میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
EPAPER
Updated: June 05, 2026, 9:43 AM IST | New Delhi
کیرالا میں مانسون کی آمد ہو چکی ہے اور اس کا اثر دیگر ریاستوں میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
کیرالا میں مانسون کی آمد ہو چکی ہے اور اس کا اثر دیگر ریاستوں میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ راجدھانی دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں بھی شدید بارش شروع ہو گئی ہے ۔ جمعرات کوقومی راجدھانی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا ۔ گڑگاؤں، نوئیڈا کے علاوہ دہلی کے پٹیل نگر، دہلی چھاؤنی، قرول باغ، ماڈل ٹاؤن، روہنی، چھترپور، مالویہ نگر، مہرولی، نجف گڑھ، دوارکا، جنک پوری، راجوری گارڈن، کناٹ پلیس، انڈیا گیٹ سمیت پورے این سی آر میں بارش ہو رہی ہے۔
جمعرات کی صبح دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت ۲۹ء۷؍ ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمۂ موسمیات نے پہلے ہی گھن گرج کے ساتھ بارش کے امکان کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا تھا۔ بارش کے بعد درجہ ٔ حرارت میں کافی گراوٹ درج کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی صبح دہلی کے پالم علاقے میں کم سے کم درجہ ٔ حرارت ۲۷ء۶؍ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۰ء۴؍ ڈگری زیادہ تھا۔ لودھی روڈ پر یہ ۲۸ء۴؍ ڈگری سلسیس رہا جو معمول سے ۱ء۴؍ ڈگری زیادہ ہے ۔ اسی طرح رِج علاقے میں کم سے کم درجہ حرارت ۲۷ء۵؍ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۱ء۴؍ ڈگری زیادہ ہے جبکہ آیانگر میں یہ ۲۸ء۴؍ڈگری سلسیس رہا جو معمول سے۲ء۳؍ڈگری زیادہ تھا۔ دوپہر بعد بارش نے سبھی جگہ درجہ حرارت میں کمی پیدا کر دی اور گزرتے وقت کے ساتھ اس میں مزید گراوٹ کی امید کی جا رہی ہے۔