Inquilab Logo

راج ٹھاکرے کی لائوڈ اسپیکر کے تعلق سے زہر افشانی، مراٹھا ریزرویشن کی مخالفت

Updated: March 10, 2024, 12:09 PM IST | Iqbal Ansari | Nashik

ایم این ایس سربراہ نے کہا ’ ایک بار ریاست کو میرے ہاتھ میں دو پھر دیکھو میں کیسے لائوڈ اسپیکر بند کرواتا ہوں‘ مراٹھا تحریک کو پھوٹ ڈالنے کی کوشش قرار دیا۔

MNS chief Raj Thackeray. Photo: INN
ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے۔ تصویر : آئی این این

سنیچر کو مہاراشٹر نونرمان سیناکا ۱۸؍ واں یوم تاسیس ناسک میں منایاگیا۔ اس موقع پارٹی سربراہ راج ٹھاکرے نے ایک بار پھر مساجد کے لاؤڈ اسپیکروں کے خلاف زہر افشانی کی اور کہا ایک مرتبہ ریاست میرے ہاتھ دے کر دیکھو، سبھی لاؤڈ اسپیکر بند کر دوں گا۔ انہوں نے دبے لفظوں میں مراٹھا ریزرویشن کی بھی مخالفت کی۔ 
راج ٹھاکرے ناسک کے ۳؍ روزہ دورے پر ہیں جہاں   سنیچر کو انہوں نےبھابھا نگر علاقے کے دادا صاحب گائیکواڑ آڈیٹوریم میں کارکنوں سے خطاب کیا۔ ۔ انہوں نے کہا کہ جن لاؤڈ اسپیکرو ں سے مسلمانوں کو بھی تکلیف تھی انہیں ہم نے بند کروایا اور ا س کیلئے ہمارے ورکروں کو جیل میں ڈالا جاتا ہے‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ایک مرتبہ ریاست میرے ہاتھ میں دے کر دیکھوتو تمام لاؤڈ اسپیکر ایک ساتھ بند کر دوں گا۔ ‘‘ راج نے سوال کیاکہ’’ ساحل سمندر پر ایک غیر قانونی درگاہ بنائی جا رہی تھی۔ بلدیہ اور پولیس نے اس کا نوٹس کیوں نہیں لیا؟ ‘‘
 مراٹھا ریزرویشن کے تعلق سے راج ٹھاکرے نے کہا کہ ’’میں نے جرنگے کو پہلے ہی کہا تھا کہ کہ اس طرح کا ریزرویشن نہیں ملے گا۔ تکنیکی طور پر یہ ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ’’ نہیں ملے گا کا یہ مطلب نہیں ہے کہ نہیں ملنا چاہئے۔ ‘‘ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’ اگر آج مراٹھا سماج نے عدالت میں ریزرویشن کیلئے عرضداشت داخل کی تو کل ملک کی ہر ریاست سے کوئی نہ کوئی ذات یہ قدم اٹھائے گی۔ ‘‘ انہوں نے مراٹھا ریزرویشن تحریک کو مراٹھیوں میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش قرار دیا۔  ٹھاکرے نے این سی پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ این سی پی کے تمام اراکین آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ بس آپ کو بیوقوف بنارہے ہیں۔ سب اپنی اپنی سیاست کر رہے ہیں اور مہاراشٹر کو بےوقوف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا’’ بحر عرب میں شیو اجی مہاراج کا مجسمہ تعمیر کرنے کیلئے مودی نے جو سنگ بنیاد رکھا تھا اور پھول برسائے تھے وہ بھی بہہ گئے لیکن مجسمہ کا کیا ہوا؟‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK