جنوبی ہند کے سپر اسٹار رجنی کانت کی ایکشن فلم ’’جیلر ۲‘‘ نے عالمی باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریلیز کے صرف آٹھ دن میں دنیا بھر سے ۶۰۶؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی مجموعی کمائی کرلی ہے۔
EPAPER
Updated: October 23, 2026, 6:10 PM IST | Mumbai
جنوبی ہند کے سپر اسٹار رجنی کانت کی ایکشن فلم ’’جیلر ۲‘‘ نے عالمی باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریلیز کے صرف آٹھ دن میں دنیا بھر سے ۶۰۶؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی مجموعی کمائی کرلی ہے۔
جنوبی ہند کے سپر اسٹار رجنی کانت کی ایکشن فلم ’’جیلر ۲‘‘ نے عالمی باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریلیز کے صرف آٹھ دن میں دنیا بھر سے ۶۰۶؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی مجموعی کمائی کرلی ہے۔ فلم کے ہدایت کار نیلسن دلیپ کمار نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ناظرین کی محبت اور رجنی کانت کے مقبول انداز کو ’تھلائیور میجک‘ قرار دیا۔ فلم نے عالمی کمائی کے معاملے میں تھلاپتی وجے کی فلم ’’لیو‘‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جس کی مجموعی عالمی کمائی تقریباً۹۰ء۶۰۵؍ کروڑ روپے رہی تھی۔ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق’ ’جیلر ۲‘‘ نے ۲۳؍ اکتوبر تک دنیا بھر میں تقریباً۰۵ء۶۰۶؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا، جس میں سنیما گھروں اور بیرون ملک کے بازاروں کی آمدنی شامل ہے۔
نیلسن دلیپ کمار کی ہدایت کاری میں بننے والی’’جیلر ۲‘‘ ۱۵؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم نے ابتدائی دنوں سے ہی باکس آفس پر مضبوط کارکردگی دکھائی اور پہلے ہفتے میں ناظرین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ آٹھویں دن، یعنی ۲۲؍ اکتوبر کو، فلم نے ہندوستان میں تمام زبانوں کے شوز سے تقریباً ۱۵ء۱۷؍ کروڑ روپے کی خالص کمائی کی۔ اس کے ساتھ ہندوستان میں فلم کی مجموعی خالص آمدنی تقریباً۳۵ء۳۳۴؍کروڑ روپے اور مجموعی آمدنی ۵۵ء۳۹۱؍ کروڑ روپے ہوگئی جبکہ بیرون ملک سے تقریباً۵۰ء۲۱۴؍ کروڑ روپے حاصل ہوئے۔ اس طرح دنیا بھر میں فلم کی مجموعی کمائی ۰۵ء۶۰۶؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ یہ اعداد و شمار تجارتی اداروں کے تخمینوں پر مبنی ہیں اور ان میں تبدیلی ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھئے:تجارتی معاہدہ کیخلاف کسانوں کی مسلح جدوجہد کی دھمکی
فلم کی کامیابی کے بعد ہدایت کار نیلسن دلیپ کمار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر رجنی کانت اور موسیقار انیرودھ روی چندر کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ناظرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لکھا کہ سنیما گھروں میں ناظرین کا جوش و خروش دیکھنے کے قابل ہے اور ’تھلائیور میجک‘ کا اثر ہی الگ ہے۔ نیلسن نے فلم کو ملنے والی غیر معمولی محبت اور پذیرائی پر شائقین کا شکریہ ادا کیا اور رجنی کانت، انیرودھ روی چندر اور پروڈکشن کمپنی سن پکچرز کے تعاون کو بھی سراہا۔
’’جیلر ۲‘ ‘ کی عالمی کمائی نے فلم کو تمل سنیما کی سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلموں کی فہرست میں بھی نمایاں مقام دلایا ہے۔ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق، فلم نے تھلاپتی وجے کی ’لیو‘ کی تقریباً۹۰ء۶۰۵؍ کروڑ روپے کی عالمی کمائی کو معمولی فرق سے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اس کے علاوہ، رجنی کانت کی ۲۰۲۳ء میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم ’جیلر‘ کی تقریباً۷۵ء۶۰۴؍ کروڑ روپے کی عالمی کمائی بھی اس کی زد میں آگئی ہے۔ تاہم، رجنی کانت کی فلم ’۰ء۲‘ کی تقریباً ۶۹۱؍ کروڑ روپے کی عالمی کمائی اب بھی اس سے آگے ہے۔ اس لیے ’’جیلر ۲‘‘ کی آئندہ کارکردگی یہ طے کرے گی کہ آیا فلم اس ریکارڈ کے قریب پہنچ پاتی ہے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھئے:شفیع انعامدار نے سائڈ رول نبھاکر بھی ہیرو کی طرح شہرت حاصل کی
فلم کی کامیابی پر اداکار اللو ارجن نے بھی رجنی کانت اور پوری ٹیم کو مبارک باد دی۔ انہوں نے ’’جیلر ۲‘‘ کو ایک بھرپور تجارتی تفریحی فلم قرار دیتے ہوئے رجنی کانت کے اسٹار پاور، انداز اور اسکرین پر موجودگی کی تعریف کی۔ انہوں نے موسیقار انیرودھ روی چندر کی موسیقی اور ہدایت کار نیلسن کے کام کو بھی سراہا۔ اللو ارجن کے اس ردعمل نے فلم کی کامیابی کو مزید توجہ دلائی ہے، کیونکہ اس فلم میں مختلف زبانوں کی فلمی صنعتوں کے معروف فنکار شامل ہیں۔
’’جیلر ۲‘ ‘ ۲۰۲۳ء کی کامیاب فلم ’’جیلر‘‘کا سیکوئل ہے۔ اس میں رجنی کانت ایک بار پھر ریٹائرڈ جیلر ٹائیگر متھوویل پانڈین کے کردار میں نظر آ رہے ہیں۔ کہانی میں ان کی پُرسکون زندگی کو جرائم کی دنیا سے ابھرنے والا ایک نیا خطرہ متاثر کرتا ہے، جس کے بعد انہیں اپنے خاندان اور اپنی میراث کی حفاظت کے لیے دوبارہ سرگرم ہونا پڑتا ہے۔ فلم میں رجنی کانت کے ساتھ موہن لال، شیوا راج کمار، جیکی شراف، ودیا بالن، رمیا کرشنن، یوگی بابو، ایس جے سوریا اور دیگر اداکار اہم کرداروں میں شامل ہیں۔ فلم کی موسیقی انیرودھ روی چندر نے ترتیب دی ہے، جبکہ اسے سن پکچرز نے پروڈیوس کیا ہے۔