Inquilab Logo

’’کیا پونے کو اُڑتا پنجاب بنانا ہے؟ ‘‘رمیش پردیسی کا چبھتا سوال

Updated: February 26, 2024, 11:46 AM IST | Agency | Pune

مراٹھی فلم اداکار نے نشے میں ڈوبی۲؍ لڑکیوں کو اسپتال پہنچایا، ویتال ٹیکڑی کا یہ معاملہ سوشل میڈیا پر موضوع بحث۔

Image sourced from Pardesi`s video. Photo: INN
پردیسی کے ویڈیو سے حاصل کردہ تصویر۔ تصویر : آئی این این

یہاں  کی ویتال ٹیکڑی پر نشے میں دھت ۲؍لڑکیاں پائی گئیں۔ مراٹھی فلم انڈسٹری کے اداکار رمیش پردیسی نے ان لڑکیوں کو اسپتال پہنچایا۔ ’مُلشی پیٹرن‘ میں ’پِٹیا بھائی ‘ کا کردار ادا کرنے والے پردیسی  نے شہر میں بڑھتے منشیات کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ’’اگر منشیات کے خلاف سنجیدگی سے غور فکر نہیں کیا گیا اور اسے روکنے کی کوششیں  نہیں کی گئیں تو پونے کو اڑتا پنجاب بننے میں دیر نہیں  لگے گی۔ ‘‘ 
رمیش پردیشی نے فیس بک لائیو میں  کہا کہ ’’میں  ویتال ٹیکڑی پر کئی برسوں سے ورزش کیلئے آتا ہوں، آج جب میں یہاں پہنچا تو شراب کے نشے میں دھت یہ دو لڑکیاں مجھے سڑک کنارے نظر آئیں۔ ان لڑکیوں  کو کچھ بائیک سوار نوجوان چھوڑ کر گئے۔ یہ گیارہویں  بارہویں میں پڑھنے والی لڑکیاں  لگ رہی ہیں۔ ان میں سے ایک کو تو بالکل ہوش نہیں ہے۔ انہیں میں دواخانہ لے جارہا ہوں۔ ‘‘ انہوں  نے لوگوں  سے سوال کیا کہ ’’اپنے علاقوں اور اپنے شہر پر ہماری نظر ہے کہ نہیں؟ اپنے پونے میں یہ کیا ہورہا ہے؟ ویتال ٹیکڑی پر میں روزانہ ورزش کیلئے آتا ہوں، میں دیکھتا ہوں  کہ یہاں  کم عمر کے بچے اور نوجوان نشہ کرتے ہیں۔ انہیں  ڈرگس اتنی آسانی سے کیسے ملتا ہے؟اگر انہیں  کچھ ہوگیا تو کیا ہوگا؟ایسے نوجوانوں  کے ماں  باپ کا کیا ہوگا؟ ‘‘انہوں  نے پولیس انتظامیہ، سماج سےاپیل کی کہ منشیات کے بڑھتے استعمال کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ ویتال ٹیکڑی کا یہ معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ اس تشویشناک معاملے میں لوگوں نے رمیش پردیسی کی بیدار مغزی اور انسانیت نوازی کی تعریف کی۔ ساتھ ہی نوجوانوں  کے منشیات کے چنگل میں پھنسنے پر تشویش و فکرمندی کا اظہار کیا گیا اور پولیس انتظامیہ سے سخت ایکشن کا مطالبہ کیا گیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں  پونے میں  پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً ۴؍ہزار کروڑ روپے کی منشیات کا ذخیرہ ضبط کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK