Updated: March 09, 2026, 4:09 PM IST
| Glasgow
اسکاٹش فٹ بال ایسوسی ایشن (ایس ایف اے) نے گلاسگو میں کھیلے گئے اسکاٹش کپ کے کوارٹر فائنل کے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ رینجرز کے حامیوں کی جانب سے سیلٹک کے کھلاڑی جولین اراؤجو اور عملے کے ایک رکن پر حملے کے بعد حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے۔
سیلٹک فٹبال کلب ۔ تصویر:ایکس
اسکاٹش فٹ بال ایسوسی ایشن (ایس ایف اے) نے گلاسگو میں کھیلے گئے اسکاٹش کپ کے کوارٹر فائنل کے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ رینجرز کے حامیوں کی جانب سے سیلٹک کے کھلاڑی جولین اراؤجو اور عملے کے ایک رکن پر حملے کے بعد حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے۔
روایتی حریفوں کے درمیان یہ ولڈ فرم ڈربی مقابلہ مقررہ اور اضافی وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ سیلٹک نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ۲۔۴؍گول سے کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ رینجرز کے کپتان جیمز ٹورنیئر کی ہٹ گول پوسٹ سے ٹکرا گئی جبکہ جیڈی گاساما بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔ ٹامس کوانکارا نے آخری پنالٹی اسکور کر کے سیلٹک کی فتح پر مہر لگا دی۔
یہ بھی پڑھئے:عالیہ بھٹ اور شروَری کی فلم ’’اَلفا‘‘ ایک بار پھر مؤخر، اب جولائی میں ریلیز ہوگی
سیلٹک کی جیت کے بعد جب ان کے مداح خوشی منانے کے لیے میدان میں آئے تو رینجرز کے سیکڑوں مشتعل شائقین نے بھی ہلہ بول دیا، جس کے بعد دونوں گروپس کے درمیان تصادم شروع ہو گیا۔ سیلٹک کے دفاعی کھلاڑی جولین اراؤجو کو ایک مداح نے دھکا دیا، جبکہ عملے کے ایک رکن پر بھی حملہ کیا گیا۔ میچ کے ہیرو کوانکارا جب انٹرویو کے لیے آئے تو ان کی کٹ پر خون کے دھبے واضح تھے، جو ہنگامہ آرائی کی شدت کی عکاسی کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھئے:ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ: ٹیم انڈیا کے چیمپئن بننے کے سفر میں یہ میچ ’ٹرننگ پوائنٹ‘ ثابت ہوا
شائقین نے ایک دوسرے پر پٹاخے اور مختلف اشیاء پھینکیں، جس کے بعد پولیس کو حالات پر قابو پانے کے لیے مداخلت کرنی پڑی۔اسکاٹش ایف اے نے شائقین کے غیر اخلاقی رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جوڈیشل پینل پروٹوکول کے تحت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔یہ میچ اس لحاظ سے بھی اہم تھا کہ تقریباً ایک دہائی کے بعد پہلی بار مہمان ٹیم کے حامیوں کو اتنی بڑی تعداد میں ٹکٹ دیے گئے تھے، لیکن ان واقعات نے مستقبل کے حفاظتی انتظامات پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔