• Sat, 10 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹورینٹ پاور کمپنی کیخلاف چکری بھوک ہڑتال پانچویں دن بھی جاری

Updated: October 10, 2026, 11:50 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

جنوری ۲۰۲۷ءمیں فرنچائز کی تجدید نہ کرنے کا مطالبہ۔

Advocate Kiran Channe, President of the Lawyers` Association, along with other members, announcing their support for the `Torrent Go Back` movement; members of the Bhiwandi Kar Nyay Manch can also be seen. Photo: INN
وکیل سنگھٹنا کے صدر ایڈوکیٹ کرن چنے و دیگر اراکین’ ٹورینٹ گو بیک‘ تحریک کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ، بھیونڈی کر نیائے منچ کے اراکین بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

ٹورینٹ پاور کمپنی کی بجلی تقسیم فرنچائز کی تجدید نہ کرنے کے مطالبے کو لے کر’ بھیونڈی کر نیائے منچ‘ کی جانب سے جاری چکری بھوک ہڑتال پانچویں دن بھی جاری رہی۔ جمعہ کو بھیونڈی وکیل سنگھٹنا نے تحریک کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے شہر کی تمام سماجی و سیاسی تنظیموں سے متحد ہو کر اس مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی۔

وکیل سنگھٹنا کے صدر ایڈوکیٹ کرن چننے نے احتجاجی مقام پر پہنچ کر کہا کہ بھیونڈی کے شہریوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے تمام سماجی اور سیاسی تنظیموں کو ایک ساتھ لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی مختلف تنظیموں کے اشتراک سے’ ٹورینٹ گو بیک‘ تحریک کو وسیع پیمانے پر آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

 بجلی صارفین کی شکایات پر احتجاج 

بھیونڈی کر نیائے منچ کے رہنما شاداب عثمانی نے کہا کہ بجلی کے اضافی بل، تیز رفتار میٹروں، مبینہ غلط ویجیلنس کیس اور صارفین کے ساتھ نامناسب برتاؤ جیسی شکایات کے سبب شہریوں میں ناراضگی ہے۔ ان کے مطابق ان مسائل کے مستقل حل کیلئے موجودہ فرنچائز نظام کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ منچ کا کہنا ہے کہ یہ تحریک کسی ایک تنظیم تک محدود نہیں، بلکہ شہر کے عام بجلی صارفین، پاور لوم صنعت اور چھوٹے کاروباریوں کے مفادات سے وابستہ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ۵۲؍ برس میں جنگلی جانوروں کی آبادی ۷۳؍ فیصد گھٹ گئی: ڈبلیو ڈبلیو ایف

واضح رہے کہ ٹورینٹ پاور کمپنی کی موجودہ فرنچائز کی مدت جنوری ۲۰۲۷ءمیں ختم ہونے والی ہے۔’ بھیونڈی کر نیائے منچ‘ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس فرنچائز کی تجدید کرنے کے بجائے بجلی تقسیم کے موجودہ نظام کا جائزہ لیا جائے اور صارفین کے مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کیا جائے۔

 دیگر کمپنیوں کو موقع دینے کا مطالبہ 

منچ نے اس سے قبل سب ڈویژنل افسر کے توسط سے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو میمورنڈم پیش کرکے مطالبہ کیا تھا کہ فرنچائز کی مدت ختم ہونے کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق دیگر اہل بجلی تقسیم کمپنیوں کو بھی موقع دیا جائے۔متعدد کمپنیوں کی شمولیت سے مقابلے کو فروغ مل سکتا ہے اور بجلی صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب ٹورینٹ پاور کمپنی کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتیں وہ خود طے نہیں کرتی بلکہ ایم ایس ای ڈی سی ایل کی فرنچائز کے طور پر متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق کام کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK