عدالت عظمیٰ نے۲۰۲۲ء میں ٹیچروں کے تقرر سے متعلق جاری کردہ فہرست کو دوبارہ جاری کرنے کا حکم دیا تاکہ پسماندہ طبقات کے امیدواروں کا ان کی قابلیت کی بنیاد پر اوپن کیٹیگری میں تقرر ہوسکے۔ ۲۰۰؍ امیدوارو ںنے اس تعلق سے پہلے ہائی کورٹ پھر سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
سپریم کورٹ۔ تصویر:آئی این این
۲۰۲۲ءمیں تمام سرکاری اسکولوں میں ٹیچر ایلی جیبلٹی ٹیسٹ( ٹی ای ٹی) کی بنیاد پر ہونے والے تقرر کے خلاف پسماندہ طبقات اور اوپن کٹیگری میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے باوجود تقرر نہ کئے جانے پر ٹی ای ٹی میں کامیابی حاصل کرنے والے ۲؍ سو سے زائد امیدواروں نے پہلے بامبے ہائی کورٹ اور پھر سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا ۔اس معاملہ میں ٹی ای ٹی میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے پسماندہ طبقات کے ٹیچروں کو اس وقت راحت ملی جب سپریم کورٹ نے ۲۰۲۲ء کے ٹی ی ٹی میں ریزرو کیٹیگری کے امیدواروں کے تقرر سے متعلق جاری کردہ فہرست کو خارج کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے قابلیت ، اہلیت اور ٹی ای ٹی میں زائد مارکس حاصل کرنے والے پسماندہ طبقات کے اساتذہ کو ان کے حاصل کردہ زائد مارکس کی بنیاد پر اوپن کٹیگری میں ان کا تقرر کرنے اور نئے سرے سے منتخب کئے جانے والے اساتذہ کی فہرست جاری کرنے کا حکم دیا ہے ۔واضح رہے کہ ریاستی محکمہ تعلیم نے ۲۰۲۲ء میں ٹی ای ٹی میں کامیابی حاصل کرنے والوں کی جو فہرست جاری کی تھی ، اس میں اوپن کیٹیگری اوردیگر پسماندہ طبقات سے وابستہ امیدواروں کو اہل ہونے کے باوجودٹیچروں کے تقرر سے متعلق جاری کردہ فہرست میں شامل نہیں کیا تھا ۔
ریاستی محکمہ تعلیم کے اس سوتیلے سلوک کے خلاف وٹھل سرگار کے ہمراہ ۲۰۰؍ اساتذہ نے پہلے بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ کے روبرو پھر سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی ۔اس مسئلہ پرعرضداشت گزاروں جتیندر کمار اوروکاس سنکھا کے نام سے بھی عرضداشت داخل کی گئی تھی ۔ سپریم کورٹ نے مذکورہ معاملہ میں اوپن کٹیگری اوردیگر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے امیدواروںکے زائد مارکس حاصل کرنے اور ٹی ای ٹی کے تحت اہل ہونے کے باوجود تقرر نہ کرنے اور ٹیچروں کے تقرر سے متعلق جاری کردہ فہرست میں شامل نہ کرنےکے علاوہ ریاستی محکمہ تعلیم کے ذریعہ اہل امیدواروں کو تقرر سے محروم کئے جانے کے فیصلہ اور فہرست دونوں کو خارج کرنے کا حکم دیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے نہ صرف یہ کہ ۲۰۲۲ء میں ٹی ای ٹی میں کامیابی حاصل کرنے اور ریزرو کیٹیگری کے امیدواروں کا انتخاب کرتے ہوئے جاری کی گئی فہرست کو خارج کیا ہےبلکہ پسماندہ طبقات سے وابستہ ٹی ای ٹی میں زائد مارکس حاصل کرنے والے دیگر پسماندہ جماعتوں سے وابستہ اہل امیدواروں کو ان کی قابلیت اور اہلیت کی بنیاد پر اوپن کیٹیگری میں تقرری کرنے اور نئے سرے سے فہرست جاری کرنے کا حکم دیا ہے ۔عدالت عظمیٰ کے اس فیصلہ سے دیگر پسماندہ طبقات کے اہل امیدواروں کوجہاں بڑی راحت ملی ہے وہیںریاستی محکمہ تعلیم کواب نئےسرے سے فہرست ترتیب دینے اور جاری کرنے میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔