۳؍ خواتین کی موت، تقریباً ۱۸؍ افراد زخمی، نائب وزیر اعلیٰ سونیتراپوار کا اسپتال دورہ، مہلوکین کے ورثاء کو ۴؍ لاکھ روپے معائوضہ۔
EPAPER
Updated: July 14, 2026, 12:58 PM IST | Solapur
۳؍ خواتین کی موت، تقریباً ۱۸؍ افراد زخمی، نائب وزیر اعلیٰ سونیتراپوار کا اسپتال دورہ، مہلوکین کے ورثاء کو ۴؍ لاکھ روپے معائوضہ۔
آشاڑی ایکادشی کے موقع پر نکالے جانے والے روایتی مذہبی جلوس کے دوران ایک اندوہناک حادثہ پیش آیا جب ایک ٹرک بے قابو ہو کر جلوس میں گھس آیا اور اس نے بیک وقت کئی لوگوں اڑا دیا۔اس حادثے میں ۳؍ خواتین کی موت ہو گئی جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ حکومت نے بھی اس حادثے کا نوٹس لیا ہے۔
یاد رہے کہ ہر سال آشاڑی ایکادشی ( ہندوئوں کے مقدس مہینے آشاڑ میں منایا جانے والا تہوار) کے موقع پر مہاراشٹر کی قدیم روایت کے مطابق شولاپور کے تعلقے پنڈھر پورکے تاریخی مندر میں ریاست بھر سے وارکری سماج کے لوگ جلوس کی شکل میں آتے ہیں۔ اسی طرح کا ایک جلوس پیر کے روز شولا پور کے جیجوری علاقے سے گزر رہا تھا۔ اسی دوران ایک تیز رفتار ٹرک بے قابو ہو گیا اور جلوس میں گھس آیا اس نے کئی لوگوں کو اڑا دیا۔ اس حادثے میں جلوس میں شامل ۳؍ خواتین کی موت ہو گئی جبکہ ۱۶؍ تا ۱۸؍ لوگ زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ ٹرک چلانے والا شخص معمر تھا جس کی عمر ۷۰؍ سال بتائی جا رہی ہے۔ اس کا تعلق ناندیڑ سے ہے۔ مہلوک خواتین کی شناخت راج شری شنکر بھوسلے، مادھوی راجا رام سلگارے اور نندا پوار کے طورپر ہوئی ہے جن کا تعلق سانگلی ضلع سے تھا۔ مذکورہ ٹرک اسی مذہبی تقریب کیلئے اناج لے جا رہا تھا جس ڈرائیور ضعیف تھا جسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: انصاری مزمل احمد نے کنیڈا یونیورسٹی سے ’ماسٹر اِن بزنس اینالٹک‘ میں ٹاپ کیا
دریں اثنا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی نائب وزیر اعلیٰ سونیترا پوار نے اسپتال کا دورہ کیا، زخمیوں کی عیادت کی اور اعلان کیا کہ تمام زخمیوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔جبکہ مہلوکین کے ورثا کو ۴؍ لاکھ روپے بطور معائوضہ ادا کئے جائیں گے۔ سونیترا پوار نے اس تعلق سے ایک ٹویٹ بھی کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے ’’ساسواڑ۔جیجوری روڈ پر آج جو حادثہ ہوا وہ انتہائی دردناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ میں ان تینوں وارکری بہنوں کو دلی خراج عقیدت پیش کرتی ہوں جو بدقسمتی سے اس حادثے میں ہلاک ہو گئیں۔ میں ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہوں۔‘‘ انہوں نے لکھا ہے کہ’’ میں نے اسپتال میں زخمی وارکری بہنوں کی عیادت کی ہے اور ان کے علاج میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی، ضلع کلکٹر، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اور ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ حکومت ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا پنڈھری کے راستے میں وارکریوں کی حفاظت ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اسلئے ہر کسی کو گاڑی چلاتے وقت وارکریوں کا خیال رکھنا چاہئے۔‘‘ انہوں نے زخمیوں کے جلد صحتیاب ہونے کیلئے نیک خواہشات پیش کیں۔