Updated: June 16, 2026, 10:05 PM IST
| Tal Aviv
اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بن گویر کو امریکہ کے ویزا کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے اپنا مجوزہ خاندانی دورہ منسوخ کر دیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے اضافی ویزا تقاضوں کو اس معاملے میں غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایتامار بن گویر۔ تصویر: آئی این این
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بن گویر نے امریکہ کیلئے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ منصوبہ بند سفر کو ویزا حاصل کرنے میں پیش آنے والی مشکلات کے باعث منسوخ کر دیا ہے۔ روزنامہ’’ ہاآرتص‘‘ (Haaretz) کے مطابق، امریکی سفارت خانے نے بن گویر کو بتایا کہ ویزا کے عمل کے حصے کے طور پر انہیں ذاتی طور پر حاضر ہو کر اپنے بایومیٹرک فنگر پرنٹس فراہم کرنا ہوں گے۔ اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس میں اس شرط کو اس بات کی علامت قرار دیا گیا کہ امریکہ انہیں ویزا جاری کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فلسطین: محمود عباس نے صدارتی انتخابات کا اعلان کردیا
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیر میامی میں ایک اسرائیلی کاروباری شخصیت کی بیٹی کی شادی میں شرکت کیلئے سفر کرنے والے تھے۔ ہاآرتص نے اس سے قبل رپورٹ کیا تھا کہ بن گویر نے ابتدا میں اس کاروباری شخصیت سے اپنے سفر کے اخراجات برداشت کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم، ریاستی محتسب (State Comptroller) کی تنقید کے بعد انہوں نے خود ہی تمام اخراجات ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ بن گویر اپنی اشتعال انگیز سرگرمیوں اور بیانات کی وجہ سے اکثر خبروں میں رہتے ہیں، جن پر وسیع پیمانے پر تنقید کی گئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر مذمت بھی سامنے آئی ہے۔