• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یو سی سی کی سماعت ، تنظیموں نے تجاویز پیش کیں

Updated: November 22, 2026, 11:41 AM IST | Saadat Khan And Shahab Ansari | Mumbai

جماعت اسلامی ہندمہاراشٹر، آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ ،آل انڈیا سُنّی جمعیۃ العلما ءاور رضا اکیڈمی نے یوسی سی کی مخالفت کی۔

A scene from the hearing on the UCC at Konkan Bhavan in Belapur. Photo: INN
بیلاپور میں واقع کوکن بھون میںیوسی سی پر سماعت کامنظر۔ تصویر: آئی این این

یکساں سول کوڈ (یوسی سی ) سےمتعلق ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اطلاع کے مطابق سنیچر کو عروس البلاد ممبئی کلکٹر آفس واقع اولڈ کسٹم ہائوس کے پلاننگ ہال میں آن لائن اور  نوی ممبئی کے بیلاپور میں واقع کوکن بھون میں  سپریم کورٹ آف انڈیا کی سابق جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کی سربراہی والی کمیٹی کے سامنے متعدد سماجی اور ملّی اداروںکےوفود نے یوسی سی کے بارے میں اپنی تجاویز پیش کیں ۔

جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے معاون امیر حلقہ عبدالحسیب بھاٹکر نے کمیٹی کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ’’ جماعت اسلامی ہند موجودہ حالات میں مہاراشٹر میں یوسی سی کے نفاذ کو ضروری نہیں سمجھتی۔ آئین کا آرٹیکل ۴۴؍ بھی یوسی سی کے نفاذ کو ہر حال میں لازمی قرار نہیں دیتا۔ یہ آرٹیکل ریاستی پالیسی کے رہنما اصولوں کا حصہ ہے، اس لئے اسے بنیادی حقوق کے ساتھ ہم آہنگ کر کے سمجھنا ضروری ہے۔ ہندوستان مختلف مذاہب، تہذیبوں اور روایات کا ملک ہے۔ یہاں باہمی احترام، مذہبی آزادی اور بھائی چارے کے ذریعے قومی یکجہتی کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے ۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: گوونڈی: ۱۴؍ فٹ سے زیادہ اونچے جھوپڑوں کو نوٹس، مقامی افراد میں بے چینی

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ہمارے وفد نے کمیٹی سے مہاراشٹر میں یوسی سی کے نفاذ کی ضرورت اور جواز کا ازسرنو جائزہ لینے، تمام مذہبی اور سماجی طبقات کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرنے، مسلم علماء، خواتین کی تنظیموں اور آئینی ماہرین سے جامع مشاورت کرنے ، مجوزہ قانون کا مسودہ عوام کے سامنے پیش کرنے، عوام کی جانب سے پیش کئےگئے تمام اعتراضات اور تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرنے اور موجودہ حالات میں یوسی سی کے نفاذ کی سفارش سے گریز کرنے کامطالبہ کیا۔‘‘

آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ ممبئی کے سرگرم رکن مولانا محمود دریابادی کے مطابق ’’ہم نے کمیٹی کے سامنے اپنی تحریری تجاویز پیش کی ہیں جس میں یوسی سی کےنفاذ سے ہونےوالی دشواریوں اور مشکلوں کاتذکرہ کرتے ہو ئے اسے نافذ نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے نیز اسے شریعت میں مداخلت قرار دیا ہے ۔اس کی وجہ سے باہمی بھائی چارگی کے متاثر ہونے کابھی حوالہ دیا ہے،ساتھ ہی یہ بھی کہا ہےکہ ایسا محسوس ہو رہا ہےکہ یوسی سی صرف مسلمانوں کیلئے نافذ کیا جا رہا ہے ۔ ‘‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ یوسی سی سےمتعلق کوکن بھون میں ہونے والی آف لائن سماعت میں دیگر گروپ کے لوگوں کی تعداد دیکھ کر اس کابھی احسا س ہوا کہ اس کی مخالفت سے زیادہ حمایت کرنے والے وہاں موجود تھے ۔‘‘ 

آل انڈیا سُنّی جمعیۃ العلما ءاور رضا اکیڈمی کے وفد نے کمیشن کے سامنے یہ سوال رکھا کہ اگر ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کے عقائد، مذہبی روایات اور خاندانی نظام الگ الگ ہیں تو پھر ایک مشترکہ قانون کس طرح نافذ کیا جا سکتا ہے ؟ خواتین کے حقوق، انصاف، مساوات اور معاشرتی اصلاح کے نام پر ایسے قوانین نافذ کرنے کے بجائے موجودہ قوانین میں پائی جانے والی خامیوں اور ناانصافیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے ۔

رضا اکیڈمی کے بانی اور آل انڈیا سُنّی جمعیۃ العلما ءکے نائب صدر الحاج محمد سعید نوری نے یکساں سول کوڈ کی تردید کی اور کہا کہ’’ کسی بھی مذہب کے چند افراد کے غلط عمل کو بنیاد بنا کر پورے مذہبی قانون کو غلط قرار دینا انصاف کے تقاضوں کیخلاف ہے ۔‘‘انہوں نے کمیشن سے مطالبہ کیا کہ’’ مسلمانوں کے شرعی قوانین اور مذہبی آزادی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قانون سازی سے قبل تمام مذہبی طبقات، خصوصاً مسلم علماء اور ماہرینِ قانون کی آراء کو سنجیدگی سے سنا جائے ۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: پوائی جھیل پر ملک کا سب سے شاندار میوزیکل فاؤنٹین تیار

اسی دوران سنیچر کو قلب شہر میں واقع ’اولڈ کسٹم ہائوس‘ میں ایک خاتون ٹیچر اور ممبادیوی حلقہ انتخاب سے ایم ایل اے امین پٹیل سمیت محض ۲؍ افراد ہی اس کارروائی میں شریک ہوئے۔ایم ایل اے امین پٹیل نے پینل کے سامنے کہا کہ ’’آئین میں تمام مذاہب کو اپنے مذہبی اصولوں پر عمل کرنے کی آزادی دی گئی ہے۔ یہ قانون آئین میں دی گئی مذہبی آزادی میں براہِ راست مداخلت ہے، اس سے آئین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’عوامی اعتراضات اور مشورے  مانگے جارہے ہیں جبکہ اس قانون کا مسودہ تیار نہیں ہے اور شہریوں کو پتہ نہیں ہے کہ حکومت کا اس قانون میں منشا کیا ہے تو پھر اس قانون کے تعلق سے ٹھیک طرح سے مشورے دینا یا اعتراضات کرنا کیسے ممکن ہوسکتا ہے۔ اگر کوئی مسودہ سامنے ہو تو زیادہ موثر انداز میں بات کی جاسکتی ہے۔ ‘‘

خاتون ٹیچر نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہوں نے پینل کے سامنے کہا کہ ’’ہندوستان سیکولر ملک ہے اور یہاں ہر مذہب، مذہبی روایات اور قوانین کا احترام کیا جاتا ہے، اس لئے مہاراشٹر میں یہ قانون نافذ نہیں ہونا چاہئے۔‘‘ 

 آج بھی سماعت ہوگی 

آج اتوار کو صبح ۱۱؍ تا دوپہر ۱۲؍ بجے  تھانے،دوپہر ساڑھے ۱۲؍ تا ڈیڑھ بجے رائے گڑھ اوردوپہر ۳؍ سے ۳؍ بجے تک رتناگیری کے شہریوں کی سماعت کی جائے گی۔ سماعت کوکن حلقہ کے ڈویژنل کمشنر کے دفتر میں پہلے منزلہ پر واقع کمیٹی ہال میں منعقد کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK