وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے اعلان کیا ہے کہ ٹریفک جام کے مسئلہ اور بڑھتی فضائی آلودگی کو کم کرنے کیلئے پیر ۹؍ مارچ سے ممبئی سمیت پوری ریاست میں آٹو رکشا کے نئے ’پرمٹ‘ جاری کرنے کی کارروائی معطل کردی گئی ہے۔
آٹو رکشا۔ تصویر:آئی این این
وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے اعلان کیا ہے کہ ٹریفک جام کے مسئلہ اور بڑھتی فضائی آلودگی کو کم کرنے کیلئے پیر ۹؍ مارچ سے ممبئی سمیت پوری ریاست میں آٹو رکشا کے نئے ’پرمٹ‘ جاری کرنے کی کارروائی معطل کردی گئی ہے۔ اب ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں آٹو رکشا کے پرمٹ جاری کرنے کے معیار پر فیصلہ ہونے تک یہ کارروائی معطل رہے گی۔
ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت کو ۵؍ لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں میں آٹو رکشا کے پرمٹ کے تعلق سے فیصلے کرنے کا اختیار ہوتا ہے ،اس بنیاد پر ’مرکزی حکومت کے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز(ایم او آر ٹی ایچ)‘ نے مہاراشٹر حکومت سے کہا ہے کہ وہ مختلف علاقوں کے مقامی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے پرمٹ جاری کرنے کے تعلق سے فیصلہ کرے۔
پرتاپ سرنائک کے مطابق موٹر وہیکل (ترمیمی) ایکٹ ۲۰۱۹ء میں ریاستی حکومت کو اپنی حدود میں ٹرانسپورٹ کے سسٹم اچھے ڈھنگ سے نافذ کرنے کیلئے مناسب فیصلے کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت کو تحریری طور پر مطلع کیا گیا تھا کہ موٹر وہیکل ایکٹ ۱۹۸۸ء کی دفعہ (۳) ۶۷؍ میں ریاستی حکومتوں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ مسافروں اور سامان کی نقل و حمل سے متعلق پرمٹ جاری کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی اور مختلف اسکیموں کو نافذ کریں۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ مہاراشٹر حکومت نے ۱۹۹۷ء میں رکشا کے پرمٹ جاری کرنے پر پابندی عائد کردی تھی اور ۲۰۱۷ء میں اس پابندی کو ختم کردیا گیا تھا۔ اس پر مرکز نے واضح کیا ہے کہ ان اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ریاستی حکومتیں مسافروں کے کسی اسٹیشن یا بس اسٹاپ سے ان کی آخری منزل تک پہنچنے کے بہتر انتظامات کرکے ٹریفک اور بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرسکتی ہیں۔
ان باتوں کے پیش نظر وزیر ٹرانسپورٹ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جلد ہی شہریوں کیلئے بہتر ٹرانسپورٹ نظام فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ایسی شکایتیں موصول ہوئی ہیں کہ ایک ہی خاندان کے کئی افراد کو پرمٹ جاری کئے گئے ہیں جبکہ ایسے بھی معاملات ہیں جہاں بنگلہ دیشیوں نے غیر قانونی طور پر پرمٹ حاصل کرلئے ہیں۔اب تک پوری ریاست میں آٹو رکشا کے ۱۴؍ لاکھ پرمٹ جاری کئے جاچکے ہیں۔