Inquilab Logo Happiest Places to Work

رائز انڈیا لیڈرشپ سمٹ: ترقی یافتہ ہندوستان مشن میں سی ایم اے کا اہم کردار

Updated: March 20, 2026, 12:59 PM IST | New Delhi

سمٹ میں پالیسی سازوں ، صنعت، مالیاتی شعبے کے ماہرین اور کارپوریٹ نمائندوں کا ملک کی معاشی ترقی کیلئے اسٹرٹیجک قیادت کی ضرورت پر زور۔

The vision of India in 2047 was the central theme of the summit. Photo: INN
سمٹ میں۲۰۴۷ءکے ہندوستان کا تصورمرکزی موضوع رہا۔ تصویر: آئی این این

انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا کی جانب سے منعقدہ رائز انڈیا لیڈرشپ سمٹ ۲۰۲۶ء جمعرات کے روز اختتام پذیر ہو گئی۔ اس موقع پر ’وکست بھارت۲۰۴۷ء ‘ کے ہدف کے حصول میں کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا۔ سمٹ میں پالیسی سازوں، صنعت، مالیاتی شعبے کے ماہرین اور کارپوریٹ نمائندوں نے شرکت کی اور ہندوستان کی معاشی ترقی کے لیے اسٹرٹیجک قیادت کی ضرورت پر زور دیا۔ 

کانفرنس کا موضوع گلوبل کیپبیلٹی سینٹرز کیلئے اسٹریٹجک قیادت - ویلیو کری ایشن اور صلاحیت سازی میں سی ایم اے کا کردار تھا۔ اس دوران اداروں اور صنعت کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے، ویلیو کری ایشن کو تیز کرنے اور گلوبل کیپبیلٹی سینٹرز کو مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: شیئر بازار میں کہرام،۱۱؍ لاکھ کروڑ ڈوب گئے

ماہرین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہندوستان کو ترقی یافتہ معیشت بنانے کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط کرنا اور صنعت و تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانا نہایت ضروری ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا کے صدر ٹی سی اے سری نواس پرساد نے اپنے خطاب میں کہا کہ سی ایم اے پیشہ ور افراد اداروں میں شفافیت، کارکردگی اور لاگت کے مؤثر انتظام کو فروغ دیتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ سی ایم اے پالیسی سازی اور اس کے مؤثر نفاذ کے درمیان ایک مضبوط کڑی کے طور پر کام کر رہے ہیں، خصوصاً ڈیجیٹل فنانس، پائیدار ترقی اور جی سی سی جیسے شعبوں میں ان کا کردار تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ سمٹ میں یہ بھی زور دیا گیا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کے لیے مالیاتی نظم و ضبط، لاگت میں مسابقت اور جدت پر مبنی ترقی کو ترجیح دینا ضروری ہے۔ مقررین نے کہا کہ ڈیٹا پر مبنی فیصلے، وسائل کا بہتر استعمال اور عالمی معیار کے مطابق ضابطہ جاتی نظام کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 

اس موقع پر مختلف سرکاری اور کارپوریٹ اداروں کے نمائندوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سمٹ میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ مہارتوں کی ترقی اور صنعت و تعلیمی اداروں کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعے ہندوستان کے جی سی سی ماحولیاتی نظام کو عالمی سطح پر مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان میں ایل پی جی کی پیداوار میں۴۰؍فیصد اضافہ

اختتامی اجلاس میں انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا اور دیگر متعلقہ فریقین نے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے اور اقتصادی ترقی کو نئی رفتار دی جا سکے۔ ماہرین کے مطابق سی ایم اے پیشہ ور افراد کی فعال شرکت سے ہندوستان ۲۰۴۷ء تک ترقی یافتہ ملک بننے کے اپنے ہدف کو حاصل کر سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK