• Fri, 11 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیاز کی بڑھتی قیمتوں سےصارفین کی آنکھوں میں آنسو

Updated: September 11, 2026, 1:44 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

سپلائی کی کمی سے۶۰؍سے۷۰؍روپے کلوفروخت ہورہی ہے۔ لوگوں کےگھروںکابجٹ بگڑا۔

People are buying fewer onions due to the high price. Photo: INN
مہنگی ہونے کے سبب لوگ پیاز کم خرید رہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

پیاز کی کم پیداوار سے گزشتہ ایک مہینے میں ممبئی سمیت ریاست کے دیگر اضلاع میں اس کی خردہ قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے عام صارف بری طرح متاثرہے۔ پیاز کی قیمتوں میں پچھلے ایک مہینے کے دوران تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ممبئی میں فی کلوگرام پیاز ۶۰؍سے ۷۰؍ روپے ہوگئی ہے جس سے عام لوگوں کے گھر کا بجٹ بگڑ رہا ہے۔پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے جہاں گھروں میں پیاز کا استعمال کم ہواہے وہیں ہوٹل ، ریسٹورنٹ اور کھانےپینےکی دکانوں پر بھی گاہکوں کو کھانے کے ساتھ مفت پیاز دینے  میں کمی آئی ہے۔ لوگ احتیاط سے پیاز کا استعمال کر رہے ہیں۔ مطلوبہ مقدار سے کم پیاز خرید رہے ہیں۔  

یہ بھی پڑھئے:ایپ ٹیکسیوں کے ڈرائیوروں کے ڈومیسائل اور مراٹھی کے دستاویز طلب

مدنپورہ کے الریان اپارٹمنٹ میں رہائش پزیر ہماراشد خان نے بتایا کہ ’’جس تیزی سے مہنگائی بڑھ رہی ہے، اسے دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ عام لوگ اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلئے تگ و دو کرنے پر مجبور ہیں۔ گزشتہ چند مہینوں میں تیزی سے مہنگائی بڑھی ہے ،اس سے عام صارف کی مشکلیں کافی بڑھ گئی ہیں ۔ ایندھن، دودھ، اناج، سبزیاں، انڈے اور کھانے پینےکی دیگر اشیاء کی قیمتیں متواتر بڑھ رہی ہیں ۔ اس دوران اچانک پیاز کی قیمت    بڑھنے سے پریشانی اور بڑھ گئی  جس کی وجہ سے میں نے پیاز کا استعمال کم کر دیا ہے ۔ہمارے گھر میں ہفتے میں ۳؍کلو پیاز کی ضرورت ہوتی ہے لیکن مہنگا ہونے سے ڈیڑھ کلو پیاز میں ضرورت پوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے گھر کا بجٹ بگڑ گیا ہے۔ ‘‘

پیاز کا تھوک کاروبار کرنے والے نتن پراک کے مطابق ’’ممبئی میںخردہ پیاز کی قیمتوں میں پچھلے ایک مہینے کے دوران تقریباً ۱۰؍ روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے ۔ اچھی کوالیٹی کی پیاز ہول سیل میں تقریباً ۵۲؍ روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے جبکہ ناقص معیار کے پیاز کی قیمت تقریباً ۴۰؍روپے فی کلو ہے۔ پونے میں ۶۰؍ سے ۶۵؍ روپے فی کلو پیاز فروخت ہو رہی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:ناندیڑ: وارڈ نمبر ۱۱،عبید ریزیڈنسی۲؍کے پاس ڈرینج کا پانی جمع، مکین پریشان

ملک کی سب سے بڑی پیاز منڈیوں میں سے ایک ناسک میں لاسلگاؤں زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی (اے پی ایم سی)کےایک تاجر نےبتایا کہ ’’ اچھی کوالیٹی کے پیاز کی تھوک قیمت ۵۵؍ روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ ناقص معیار کی پیاز تقریباً ۴۵؍روپے فی کلو فروخت ہو ر ہی ہے ۔ یہ پچھلے ۲؍ سال میں سب سے زیادہ ہول سیل قیمت ہے ۔ اگلے مہینے تک اس میں مزید اضافہ ہوسکتاہے۔ جب تک کہ پڑوسی ریاستوں جیسے کہ مدھیہ پردیش اور کرناٹک سے پیاز زیادہ تعداد میں آنا شروع نہیں ہو جاتی جس سے قیمتیں کم ہو سکتی ہیں ۔‘‘

لاسلگائوں اے پی ایم سی مارکیٹ کے چیئرمین ڈی جگتاپ کے مطابق ’’لاسلگاؤں میں پیاز کی موجودہ آمد تقریباً ۹؍ہزار کوئنٹل ہے جو معمول سے تقریباً ۵۰؍کم ہے۔ پیاز کی آمد میں تیزی سے کمی آنےکی وجہ سے تھوک اور خردہ دونوں بازار میں پیاز کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں ۔ پیاز کی قیمتیں  اگلے مہینے میں کم ہوسکتی ہیں۔ ‘‘

اے پی ایم سی کے اندرونی ذرائع نے بتایا کہ ناسک میں کچھ کسان قیمتوں میں مسلسل اضافے کے درمیان اپنے اسٹاک کو روکے ہوئے ہیں۔ توقع ہے کہ قیمتیں مزید بڑھیں گی اور انہیں بہتر منافع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK