Inquilab Logo Happiest Places to Work

تلنگانہ میں اندوہناک سڑک حادثہ، ناندیڑ کے ایک ہی خاندان کے ۳؍ افراد جاں بحق، ایک شدید زخمی

Updated: July 22, 2026, 11:25 AM IST | Z. A. Khan | Nanded

:تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی میں منگل کی علی الصباح تقریباً ۴؍ بجے قومی شاہراہ این ایچ-۱۶۱؍پر پیش آنے والے ایک ہولناک سڑک حادثے میں ناندیڑ کے ایک ہی خاندان کے ۳؍ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

:تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی میں منگل کی علی الصباح تقریباً ۴؍ بجے قومی شاہراہ این ایچ-۱۶۱؍پر پیش آنے والے ایک ہولناک سڑک حادثے میں ناندیڑ کے ایک ہی خاندان کے ۳؍ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ اس دل خراش حادثے کی خبر ملتے ہی ناندیڑ شہر خصوصاً باغبان کالونی میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔

اطلاعات کے مطابق ناندیڑ شہر کی باغبان کالونی  سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان بذریعہ کار حیدرآباد جا رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد حیدرآباد پہنچنے والے اپنے قریبی رشتہ داروں کا استقبال کرنے اور انہیں واپس لانے کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ خوشیوں اور مسرتوں سے بھرے اس سفر نے راستے  میں المناک رخ اختیار کر لیا۔ذرائع کے مطابق سنگاریڈی ضلع کے بچوپلی علاقے کے قریب اچانک ایک دو پہیہ گاڑی کار کے سامنے آ گئی۔ اسے بچانے کی کوشش میں ڈرائیور نے اچانک بریک لگایاجس کے باعث گاڑی کا توازن بگڑ گیا۔ تیز رفتار کار بے قابو ہو کر کئی بار الٹتی ہوئی سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی اور دوسری جانب جا گری۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی  تباہ ہوگئی۔اس ہولناک حادثے میں مولانا محمد ندیم، ان کی والدہ شمیمہ بیگم اور ۴؍ سالہ  بیٹی انابیہ تسکین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں مولانا محمد ندیم کے چھوٹے بھائی نوید شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا  جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ گاڑی میں سوار دیگر افراد کو معمولی چوٹیں آئیں اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

یہ بھی پڑھئے: زومیٹو اور سویگی کے ذریعہ ملک بھر سے لوگ جنتر منتر میں کھانا پہنچا رہے ہیں

خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ شمیمہ بیگم معروف کاروباری شخصیت   ایوب بھائی (آندھرا- مہاراشٹر فروٹ کمپنی) کی بھابی تھیں جبکہ مرحوم مولانا محمد ندیم ان کے بھتیجے اور کمسن انابیہ تسکین ان کی پوتی تھی۔ ایک ہی خاندان کے ۳؍ افراد کی اچانک موت نے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔  اس المناک حادثے پر ناندیڑ کی مذہبی، سماجی اور تجارتی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK