• Sun, 26 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رتن ٹاٹا انوویشن ہب کے افتتاح کے موقع پرروبوٹ نےچندرابابو کا استقبال کیا

Updated: August 21, 2025, 2:03 PM IST | Agency | Hyderabad

اس موقع پرآندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رتن ٹاٹا ہمیشہ ملک کے لئے کچھ کرنے کی تڑپ رکھتے تھے اور وہ قوم کے پیارے سپوت تھے۔

Chandrababu Naidu posted this picture of the robot on X. Photo: INN
 چندرا بابو نائیڈو نے روبوٹ کی یہ تصویر ایکس پر پوسٹ کی۔ تصویر: آئی این این

 آندھر اپردیش کے وزیر اعلیٰ نے منگل گری میں میوری ٹیک پارک میں رتن ٹاٹا انوویشن ہب کا افتتاح کیا۔اس موقع پرایک روبوٹ نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا جسے دیکھ کر تمام لوگ حیران رہ گئے۔ اس موقع پرچندرابابو نائیڈو نے کہا کہ ان کا نعرہ ہے کہ ہر گھر سے ایک صنعت کار سامنے آنا چاہئے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں انہوں نے کوشش کی تھی کہ ہر گھر سے ایک آئی ٹی ملازم ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسٹارٹ اپس کو فروغ دینے اور نئے صنعت کاروں کو تیار کرنے کے مقصد سے ’ون فیملی ون انٹرپرینیور‘ کے عزم کے تحت رتن ٹاٹا انوویشن ہب قائم کیا ہے۔ یہ ہب تقریباً۵۰؍ ہزار مربع فٹ رقبہ پر بنایا گیا ہے اور دنیا کی ضروریات کو پورا کرنے والے اسٹارٹ اپس کے مرکز کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔
 اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ رتن ٹاٹا ہمیشہ ملک کے لئے کچھ کرنے کی تڑپ رکھتے تھے اور وہ  قوم کے پیارے سپوت تھے۔
  انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کی ترقی کے لئے رتن ٹاٹا نے اپنی قیمتی تجاویز ان کے ساتھ شیئر کی تھیں۔ چندرابابو نے کہا کہ رتن ٹاٹا نے اپنی زندگی سماجی خدمت کے لئے وقف کی اور جو کچھ کمایا اسے سماج کو واپس لوٹایا۔ انہوں نے کہا کہ رتن ٹاٹا آنے والی نسلوں کے لئے بھی ایک تحریک رہیں گے، وہ سادہ زندگی گزارنے والے ایک عظیم انسان تھے اور ان سے ان کے ذاتی تعلقات بھی گہرے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ریاست میں ۵؍ آر ٹی آئی ایچ مراکز کا آغاز کیا گیا ہے۔ وشاکھا میں جی ایم آر گروپ، راجمندری میں گرین کو، وجے واڑہ اور گنٹور میں میگا گروپ، تروپتی میں اڈانی گروپ اور اننت پورم میں جندال گروپ تربیت فراہم کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ صرف ملازمت کے پیچھے نہ بھاگیں بلکہ ایسے ترقی کریں کہ دوسروں کو بھی روزگار دے سکیں۔چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ بہت جلد ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی معیشت بننے جا رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں نہ کمیونزم ہوگا نہ کیپیٹلزم، صرف ٹورازم ہی اہمیت رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر انتخابی حلقہ میں ایک انڈسٹریل پارک قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔  دولت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ غریبوں کی ترقی کے لئے بھی حکومت کام کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK