• Sat, 19 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لاڈلی بہن اسکیم میں۵؍ ہزار کروڑ روپے کا گھوٹالہ ہوا: سپریہ سُلے

Updated: September 19, 2026, 1:29 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

این سی پی (شردپوار) کی لیڈر نے دعویٰ کیا کہ خواتین کی اس اسکیم کی رقم مردوں کے کھاتوں میں بھی منتقل کی گئی۔

Supriya Sule. Picture: INN
سپریہ سلے۔ تصویر: آئی این این

این سی پی (شردپوار) کی قائم مقام صدر اور رکن پارلیمان سپریہ سُلے نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاستی حکومت کی لاڈلی بہن اسکیم میں بڑا گھوٹالہ ہوا ہے۔ انہوں نے آرٹی آئی کا حوالہ دے کر حکومت کو گھیرتے ہوئےکئی سوالات قائم کئے ہیں۔ انہوں نے تقریباً۵؍ ہزار کروڑ روپے کی تقسیم کی تحقیقات کرنے ، حقیقی اعداد و شمار جاری کرنے اور اس معاملے پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

حق معلومات (آر ٹی آئی) کے ذریعے سامنے آنے والی معلومات کی بنیاد پر سپریا سُلے نے ’مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہن‘ یوجنا کے تناظر میں مہایوتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس  پر ایک پوسٹ کے ذریعے حکومت سے وضاحت طلب کی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس منصوبے میں بدانتظامی اور عوام کے پیسے کی مبینہ بربادی سامنے آئی ہے۔ سپریا سُلے کے مطابق، نااہل مستفیدین کے بینک کھاتوں میں جمع تقریباً۵؍ ہزار کروڑ روپے واپس لینے کے بجائے معاف کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ ٹیکس دہندگان کی محنت کی کمائی ہے، تو انتظامی لاپروائی کا خمیازہ عوام کیوں بھگتیں؟

یہ بھی پڑھئے: ۹؍سال سے بند آزاد میدان کے متعدد پچوں کو دوبارہ شروع کرنے کی تیاری

سپریا سُلے نے کہا کہ آرٹی آئی  کے ذریعے حاصل معلومات کے مطابق۸۲؍ لاکھ مستفیدین کو فہرست سے خارج کیے جانے کی اطلاع ہے، جبکہ دوسری جانب متعلقہ وزیر۹۲؍ لاکھ مستفیدین کو خارج کیے جانےکا دعویٰ کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال قائم کیا کہ ایک ہی اسکیم میں۱۰؍ لاکھ مستفیدین کا یہ فرق کیسے ہو سکتا ہے؟ انہوں نے حکومت سے اس بارے میں حقیقی اعداد و شمار عوام کے سامنے رکھنے کا مطالبہ کیا۔ رکن پارلیمان نے مزید سوال کیا کہ جب اسکریننگ اور تصدیق کا نظام موجود تھا تو۱۶؍ لاکھ نااہل افراد، حتیٰ کہ مردوں کے بینک کھاتوں میں بھی رقم جمع ہونے تک سرکاری نظام کیا کر رہا تھا؟ سپریا سلے کے مطابق، اس بدنظمی کی وجہ سے بہت سی ضرورتمند خواتین اس اسکیم کے فائدے سے محروم رہ گئی ہیں۔

وہائٹ پیپر جاری کیا جائے، غیرجانبدارانہ تحقیقات ہو

سپریا سولے نے مطالبہ کیا کہ ’لاڈکی بہن یوجنا‘ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی پردہ پوشی کیے بغیر واضح اور درست اعداد و شمار عوام کے سامنے رکھے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکیم پر فوری طور پر وہائٹ پیپر جاری کیا جائے۔ ساتھ ہی نااہل افراد کے کھاتوں میں جانے والے۵؍ ہزار کروڑ روپے کی رقم کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں اور اصل حقیقت عوام کے سامنے لائی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK