کریملن نے ۲۰۲۲ء میں یوکرین پر مکمل حملے کے بعد سے وہاٹس ایپ، انسٹاگرام اور سگنل سمیت آن لائن پلیٹ فارمز کی نگرانی اور کنٹرول کو نمایاں طور پر سخت کر دیا ہے۔
EPAPER
Updated: December 06, 2025, 6:59 PM IST | Moscow
کریملن نے ۲۰۲۲ء میں یوکرین پر مکمل حملے کے بعد سے وہاٹس ایپ، انسٹاگرام اور سگنل سمیت آن لائن پلیٹ فارمز کی نگرانی اور کنٹرول کو نمایاں طور پر سخت کر دیا ہے۔
روس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم اسنیپ چیٹ (Snapchat) اور گیمنگ پلیٹ فارم روبلوکس (Roblox) کو بلاک کر دیا ہے۔ ملک کے میڈیا اور انٹرنیٹ ریگولیٹر روسکومناڈزور نے بتایا کہ دونوں سروسیز کو ”انتہا پسند اور دہشت گردانہ“ سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ایجنسی کے مطابق، اسنیپ چیٹ دراصل ۱۰ اکتوبر سے ہی روس میں قابل رسائی نہیں تھا۔ روسکومناڈزور نے جمعرات کو بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق، اس ایپ کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کو منظم کرنے، افراد کو بھرتی کرنے اور روسی شہریوں کے خلاف دھوکہ دہی کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ نے وینزویلا کے لیے سطح۴؍ کا انتباہ جاری کیا،اپنے شہریوں کو نکلنے کی ہدایت
ایک دن پہلے، واچ ڈاگ نے روبلوکس کے خلاف بھی اسی طرح کی کارروائی کا اعلان کیا اور صارفین پر انتہا پسند تنظیموں کو فروغ دینے والا پروپیگنڈا پھیلانے کا الزام لگایا۔ اس نے مزید دعویٰ کیا کہ یہ پلیٹ فارم ”ایل جی بی ٹی معلومات“ پھیلانے کیلئے استعمال کیا جارہا تھا، جسے روسی حکومت نے اپنے وسیع تر ایل جی بی ٹی مخالف قوانین کے تحت اب انتہا پسند کے طور پر درجہ بندی کر دیا ہے۔ روسکومناڈزور نے مزید بتایا کہ ایپل کی فیس ٹائم سروس کو بھی ”پابندی“ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایجنسی نے الزام لگایا کہ اسے بھی دہشت گردانہ سرگرمیوں اور دھوکہ دہی میں تال میل قائم کرنے کیلئے استعمال کیا گیا ہے۔
روبلوکس کے ایک ترجمان نے ’بزنس انسائیڈر‘ کو بتایا کہ کمپنی ”تحفظ کیلئے پرعزم“ ہے اور نقصان دہ مواد کا پتہ لگانے اور اسے بلاک کرنے کیلئے فعال ٹولز استعمال کرتی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ”ہم ان ممالک میں مقامی قواعد و ضوابط کا احترام کرتے ہیں جہاں ہم کام کرتے ہیں۔“ انہوں نے زور دیا کہ روبلوکس کا مقصد صارفین کیلئے ایک مثبت، تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔ ۲۰۲۲ء میں، کمپنی کے سی ای او ڈیو باسزوکی نے کہا تھا کہ روس میں روزانہ تقریباً ۲۰ لاکھ فعال صارف موجود ہیں۔ اسنیپ چیٹ کی مالک کمپنی اسنیپ انک نے خبر لکھے جانے تک عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: روسی صدر پوتن کا ہندوستان میں والہانہ خیر مقدم
کریملن کی سخت آن لائن نگرانی
واضح رہے کہ کریملن نے ۲۰۲۲ء میں یوکرین پر مکمل حملے کے بعد سے آن لائن پلیٹ فارمز کی نگرانی اور کنٹرول کو نمایاں طور پر سخت کر دیا ہے، جن میں وہاٹس ایپ، انسٹاگرام اور سگنل جیسے عالمی پلیٹ فارمز قابل ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ، ٹیلی گرام کو جزوی طور پر محدود کیا گیا ہے۔ اگرچہ ماسکو معمول کے مطابق انتہا پسندی اور دہشت گردی کو جواز کے طور پر پیش کرتا ہے، لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان اصطلاحات کو اب بڑے پیمانے پر لاگو کرتے ہوئے یوکرین حامی یا کریملن مخالف سرگرمیوں پر بھی ان کا دائرہ کار وسیع کیا جارہا ہے۔