ماسکو نے اسے بڑی کامیابی قراردیا اور دعویٰ کیا کہ یوکرین کے جنگی جہاز کو بحری ڈرون کے ذریعہ نشانہ بنایاگیا، کیف پر حملے میں ۲۱؍ ہلاکتوں کے ساتھ ۴۸؍ زخمی۔
EPAPER
Updated: August 30, 2025, 1:00 PM IST | Agency | Kyiv
ماسکو نے اسے بڑی کامیابی قراردیا اور دعویٰ کیا کہ یوکرین کے جنگی جہاز کو بحری ڈرون کے ذریعہ نشانہ بنایاگیا، کیف پر حملے میں ۲۱؍ ہلاکتوں کے ساتھ ۴۸؍ زخمی۔
روس نے یوکرین پر اپنے حملے تیز کرتے ہوئے جمعہ کو اس کے سب سے بڑے بحری جہازسمفروپول کو تباہ کر دیا۔یہ دعویٰ غیر ملکی میڈیا کی جانب سے کیا جا رہا ہے جبکہ اس حوالے سے کچھ فوٹیج بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر گردش کر رہی ہیں جس میں بحری جہاز پر ڈرون حملے جو دیکھاجا سکتا ہے۔روس نے بھی یوکرین کے سب سے بڑے بحری جہاز سمفروپول کو سمندری ڈرون حملے میں تباہ کردینے کی خبروں کی تصدیق کی ہے تاہم یوکرین کی جانب سے خاموشی برتی جارہی ہے۔
یہ واقعہ دریائے ڈینیوب کے ڈیلٹا میں پیش آیا جو یوکرین کے علاقے اودیسا میں واقع ہے۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ کسی یوکرینی بحری جہاز کو سمندری ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔جہاز کو ’لاگونا کلاس‘ میں شمار کیا جاتا ہے جو ریڈیو، الیکٹرانک، ریڈار اور آپٹیکل جاسوسی کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:غزہ میں شہیدوں کی تعداد ۶۳؍ ہزار سے تجاوز کرگئی
یوکرینی حکام نے تصدیق کی ہے کہ حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ یوکرینی بحریہ کے ترجمان کے مطابق زیادہ تر عملہ محفوظ ہے جبکہ چند لاپتہ ملاحوں کی تلاش کی جارہی ہے۔سمفروپول ۲۰۱۹ءمیں لانچ کیا گیا اور ۲۰۲۱ء میں باضابطہ طور پر یوکرینی بحریہ میں شامل ہوا۔اطلاعات کے مطابق، یہ۲۰۱۴ء کے بعد یوکرین کی جانب سے بنایا گیا سب سے بڑا بحری جہاز تھا۔رپورٹس کے مطابق روس نے حالیہ مہینوں میں سمندری ڈرون اور دیگر بغیر پائلٹ کے نظاموں کی پیداوار تیز کر دی ہے جو یوکرین جنگ میں اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔
اسی دوران یوکرینی سیاست دان ایگور زنکیوچ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے جمعرات کی شب کیف میں ڈرون تیار کرنے کی ایک بڑی فیکٹری پر۲؍میزائل حملے کئے۔ان کے مطابق یہ سہولت ترک ساختہ بایراکتار ڈرونز کی تیاری کیلئے استعمال ہو رہی تھی۔
اس سے قبل روس نے جمعرات کو یوکرین کے دارالحکومت کیف پر ایک بڑے ڈرون اور میزائل سے حملہ کیا جس میں کم از کم۲۱؍ افراد ہلاک اور ۴۸؍زخمی اور یورپی یونین کے سفارتی دفاتر کو نقصان پہنچا۔