Inquilab Logo

زعفرانی پارٹیاں وڈیٹیوار کے خلاف کمر بستہ، کہیں احتجاج کہیں شکایت

Updated: May 08, 2024, 9:07 AM IST | Ali Imran | Yavatmal

ایوت محل میں شیوسینا (شندے) نے کانگریس لیڈر کے پوسٹر پر جوتے مارے تو ناگپور بی جے پی نے ان کے خلاف معاملہ درج کروایا۔

Shiv Sena (Shinde) workers protesting at Yavatmal. Photo: INN
شیوسینا( شندے) کارکنان ایوت محل میں احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

سابق آئی  پی ایس افسر ہیمنت کرکرے کی موت پر متنازع  تبصرہ کرنے والے کانگریس لیڈر وجے ودیٹیوار کے خلاف شیوسینا(شندے) نے محاذ کھول دیا ہے۔  واضح رہے کہ دو دن پہلے وڈیٹیوار نے یہ سنسنی خیز بیان دیا تھا کہ  آئی پی ایس افسر ہیمنت کرکرے کی موت  دہشت گردوں کی گولیوں سے نہیں بلکہ آر ایس ایس کے وفادار پولیس افسر کی گولی سے ہوئی تھی۔‘‘
  شیوسینا (شندے) کے کارکنان نے منگل کو ایوت محل  کے مائندے چوک پر صبح تقریباً ساڑھے۱۱؍ بجے  وڈیٹیوار کے خلاف احتجاج کیا۔ اس دوران  وجے وڈیٹیوار کے پوسٹر کو جوتوں کا ہار پہنایا گیا ساتھ ہی کانگریس لیڈر کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ اس  موقع پر شیو سینا کے ضلع کوآرڈی نیٹر ہری ہر لینگن وار نے کہا کہ یہ بیا ن دے کر وڈیٹیوار نے تمام ہندوستانیوں کی خاص کر ان بشمول پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی توہین کی ہے جو ۲۶؍۱۱؍ حملے میں شہید ہوئے تھے۔ وجے وڈیٹیوار کے اس بیان پر ہر طرف شدید ردعمل دیکھا جا رہا ہے۔  مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وجے وڈیٹیوار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ یہ احتجاج شیو سینا کے کوآرڈی نیٹر ہری ہر لینگن وار اور ضلع سربراہ سریدھر موہوڑ کی قیادت میں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: این سی پی (اجیت) کے رکن اسمبلی کی کارکنان کے ساتھ گالی گلوج

ناگپور میں وڈیٹیوار کے خلاف معاملہ درج
  ودربھ کے ایک اور شہر ناگپور میں  وجے وڈیٹیوار  کے  خلاف ان کے اسی بیان کی بنا پر  بی جے پی نے  معاملہ درج کروایا ہے۔  شہر کے  سیتابرڈی پولیس اسٹیشن میں بی جے پی کی قانونی سیل کے صدر ایڈوکیٹ پرکشیت موہتے نے شکایت  درج کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ، کرکرے کی موت کے پیچھے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بی جے پی کا ہاتھ ہونے کا جھوٹا الزام وڈیٹیوار نے لگایا ہے۔ وڈیٹیوار نے بی جے پی  کے امیدوار ایڈوکیٹ اجول نکم پر بھی غدار ہونے کا الزام  لگایا ہے۔ اس طرح کا بیان دے کر وڈیٹیوار نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے اور سماج میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ شکایت میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان کے خلاف معاملہ درج کیا جائے۔ سیتابرڈی پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر  آسارام ​​چورمولے نے میڈیا کو بتایا کہ وڈیٹیوار کے خلاف شکایت موصول ہوئی ہے اور یہ شکایت ممبئی پولیس کے سپرد کردی جائے گی۔ واضح رہے کہ ۵؍ مئی کو ممبئی میں مہاراشٹر کانگریس کے سینئر لیڈر وجے ویڈیٹیوار نے یہ کہہ کر ایک نیا تنازع کھڑا کردیا تھا کہ ممبئی  حملوں کے دوران شہید ہونے والے سنیئر آئی پی ایس افسر ہیمنت کرکرے کی موت اجمل قصاب کی گولی سے نہیں بلکہ آر ایس ایس سے وابستہ پولیس افسر کی گولی سے ہوئی تھی۔
 حسن مشرف کا بیان 
 اس دوران این سی پی لیڈر اور ریاستی وزیر حسن مشرف نے بیان دیا ہے کہ اجول نکم  ایک نڈر اور ایماندار وکیل ہیں۔   انہوں نے کہا کہ اگر اجول نکم کو الیکشن میں منتخب کرکے پارلیمنٹ بھیجا گیا تو یہ ملک کے لئے اچھا ہی ہوگا۔  اس معاملے میں اجول نکم کی حمایت میں حسن مشرف کا بیان اس لئے اہمیت کا حامل ہے کہ ان کے سگےبھائی ایس مشرف (سابق آئی پی ایس افسر) نے ایک کتاب لکھی تھی جس میں انہوں نے وہی الزام لگایا تھا جو وجے وڈیٹیوار نے لگایا تھا۔ ایس ایم مشرف نے  وڈیٹیوار کے بیان کی  بھی حمایت کی ہے اور اجول نکم کو ’غدار وطن ‘ کہا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK