• Wed, 11 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سماجوادی اور کانگریس کی ضمنی الیکشن کی تیاری

Updated: August 14, 2024, 12:17 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

سماجوادی پارٹی نے۶؍ اسمبلی حلقوں کیلئے انچارج کے ناموں کا اعلان کیا جبکہ کانگریس نے سبھی۱۰؍سیٹوں کیلئے مبصر مقرر کر دیئے۔

In view of the by-election, the activities of the socialist workers have intensified. Photo: INN
ضمنی الیکشن کےپیش نظر سماجوادی کارکنوں کی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ تصویر : آئی این این

اتر پردیش اسمبلی انتخابات کیلئےسماجوادی اور کانگریس کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ یاد رہے کہ اترپردیش میں اسمبلی ضمنی انتخابات کی سرگرمیاں تیزہوتی جا رہی ہیں۔ گزشتہ روزسماجوادی پارٹی نے ۶؍ اسمبلی حلقوں کیلئے اپنے انچارج کے ناموں کا اعلان کیا۔ اس کے بعدکانگریس نے سبھی ۱۰؍سیٹوں کے لئے مبصر مقرر کرد یئے۔ 
 واضح رہے کہ اتر پردیش کی ۱۰؍ اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔ اس سلسلے میں ریاست کی تمام بڑی پارٹیوں نے بھرپور تیاری شروع کر دی ہے لیکن الیکشن کمیشن نے ابھی تک کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ہے۔ سماجوادی پارٹی اور کانگریس ’انڈیا اتحاد‘ میں شامل ہیں مگر ابھی تک اسمبلی ضمنی انتخابات کے سلسلے میں دونو ں پارٹیوں میں مفاہمت کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ 
 ایس پی کے ایک سینئر لیڈر نے بتایا کہ پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری شیو پال سنگھ یادو کٹیہری (امبیڈکر نگر) سیٹ کے انچارج ہوں گے جبکہ فیض آباد کے ایم پی اودھیش پرساد اور قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر لال بہاری یادو ملکی پور سیٹ (ایودھیا) کے انچارج ہوں گے۔ ایم پی وریندر سنگھ کو مجھواں (مرزا پور) سیٹ کا انچارج بنایا گیا ہے۔ سابق وزیر چندر دیو یادو کرہل (مین پوری) کے انچارج ہوں گے۔ ایس پی کے قومی جنرل سیکریٹری اور ایم ایل اے اندرجیت سروج کو پھولپور سیٹ (پریاگ راج) کا انچارج بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایم ایل اے راجندر کمار کو سیسہ مئو سیٹ (کانپور شہر) کے ضمنی انتخاب کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ 
 اس کے ساتھ ہی کانگریس نے بھی ضمنی انتخابات کے لئے سبھی ۱۰؍ سیٹوں پر مبصرین کا تقرر کیا ہے۔ ایم پی کشوری لال شرما کو سیسہ مئو، عمران مسعود کو میرا پور اور اجول رمن سنگھ کو پھولپور کا نگراں بنایا گیا ہے۔ راکیش راٹھور کو کندرکی، تنوج پونیا کوغازی آباد کا ویریندر چودھری کو مجھواں، نسیم الدین صدیقی کو کٹہری، اکھلیش پرتاپ سنگھ کو ملکی پور، راج کمار راوت کوخیر اور رام ناتھ سیکروار کو کرہل کا آبزرور مقرر کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:دہلی: آتشی پرچم نہیں لہرائیں گی، ایل جی نے کیلاش گہلوت کو نامزد کیا

 لوک سبھا انتخابات کے بعد اتر پردیش کے۱۰؍ اسمبلی حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کےلئے انڈیا اتحاد کے تحت کانگریس نے ۵؍ سیٹوں پر لڑنے کا دعویٰ کیا ہے اور مرکزی قیادت کو بتایا ہے کہ جن پانچ سیٹوں پر پچھلے اسمبلی انتخابات میں ایس پی امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی، ان سیٹوں کو چھوڑ کر باقی ۵؍ سیٹوں پر کانگریس اپنے امیدوار کھڑے کرے، حالانکہ اس سلسلےمیں حتمی فیصلہ مرکزی کمیٹی کرے گی لیکن لوک سبھا انتخابات کے بعد کانگریس کے حق میں جو ماحول ہے اس کو دیکھتے ہوئے پارٹی اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ کم از کم۴؍ سیٹیں اس کے حصے میں آئیں۔ 
  یادرےکہ اتر پردیش میں جن۱۰؍ اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں ان میں کٹیہری (امبیڈکر نگر)، کرہل (مین پوری)، ملکی پور (ایودھیا)، میراپور (مظفر نگر)، غازی آباد، مجھواں (مرزا پور)، سیسہ مئو (کانپور شہر)، خیر (علی گڑھ)، پھولپور (پریاگ راج) اور کندرکی (مراد آباد) شامل ہیں۔ ان میں سے۹؍ سیٹیں لوک سبھا انتخابات میں ایس پی اراکین اسمبلی کے ایم پی منتخب ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی ہیں جبکہ سیسہ مئو سیٹ سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی عرفان سولنکی کی رکنیت منسوخ ہونے کے بعد اس وقت خالی ہوئی تھی، جب انہیں ایک مجرمانہ معاملے میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ 
  اسی دوران اترپردیش بی جےپی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے بھی ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ وہ یوپی کی تمام ۱۰؍ سیٹیوں پر کامیابی حاصل کر ے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK