• Sun, 13 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

شفیق الرحمٰن برق کی سرکاری اعزازکے ساتھ تدفین

Updated: February 27, 2024, 7:00 PM IST | Lucknow

پیر کو سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر شفیق الرحمن برق نے طویل علالت کے بعد مراد آباد کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں آخری سانس لی۔ ان کی موت پر سماجوادی پارٹی نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ سینئر لیڈر برق صاحب کی موت افسوسناک ہے۔ ایس پی کے سربراہ اکھلیش یادو کا بھی اظہار غم۔ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اورسنبھل کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شفیق الرحمٰن برق کو گزشتہ دن پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

SPK senior leader Shafiqur Rahman Baraq. Photo: INN
ایس پی کے سینئرلیڈرشفیق الرحمن برق۔ تصویر: آئی این این

سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اورسنبھل کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شفیق الرحمٰن برق کو پورےسرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ اس سےپہلے ڈاکٹر شفیق الرحمان برق کو گارڈ آف آنر دیاگیاہے۔ ہزاروں سوگواروں نے نم آنکھوں سے انہیں الوداع کہا۔ بتایاجاتاہےکہ ان کے جلوس جنازہ میں کم وبیش ۶۰؍ ہزار افراد شریک رہے۔ خانقاہ برکاتیہ کے سجادہ نشین امین میاں قادری نے جنازہ کی نماز کی پڑھائی۔ شفیق الرحمان برق کو حسن پور روڈ پر واقع قبرستا ن میں سپرد خاک کیا گیا۔ پانچ بار کے ایم پی ڈاکٹر برق نے سنبھل پارلیمانی سیٹ سے دو بار کامیابی حاصل کی تھی جب کہ اس سے پہلے وہ تین بار مرادآباد لوک سبھا سیٹ سے ایم پی منتخب ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ وہ سنبھل اسمبلی حلقہ سے چار بار ایم ایل اے اور ایک بار ریاستی حکومت میں وزیر بھی رہے۔ ان کے پوتے ضیاء الرحمٰن برق مرادآباد کی کنڈرکی سیٹ سے ایس پی ایم ایل اے ہیں۔ اقلیتی طبقے کی سیاست میں اپنے تند و تیز بیانات کیلئے مشہور ڈاکٹر برق بابری مسجد ایکشن کمیٹی کے کنوینر بھی تھے۔ کچھ عرصہ قبل وزیر اعظم نے بھی ڈاکٹر برق کو موجودہ پارلیمنٹ کے معمر ترین رکن پارلیمنٹ ہونے پر مبارکباد دی تھی اور ان کے کاموں کی تعریف کی تھی۔ 

یاد رہے کہ سماجوادی کے ایم پی شفیق الرحمن برق پیر کو ۹۴؍ سال کی عمرمیں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ پارلیمنٹ کے قد آور ایم پی نے مرادآباد کے ایک پرائیویٹ سینٹر میں آخری سانسیں لیں۔ اس ضمن میں سماجوادی پارٹی نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمان شفیق الرحمن برق صاحب کی موت ہمارے لئے انتہائی غمناک ہے۔ ہماری دعا ہے کہ ان کی روح کو سکون ملے اور ان کے اہل خانہ میں اس غم کو برادشت کرنے کی طاقت ہو۔ ان کیلئے دلی خراج عقیدت۔‘‘

ایس پی کے چیف اکھلیش یادو نے بھی شفیق الرحمن برق کی موت پر اظہار غم کیا اور اپنے پوسٹ میں لکھا کہ سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمان شفیق الرحمن برق صاحب کی موت ہمارے لئے افسوسناک ہے۔ ہماری دعا ہے کہ ان کی روح کو سکون ملے اور ان کے اہل خانہ اس غم کو برداشت کرسکیں۔ ان کیلئے خراج عقیدت۔ خیال رہے کہ مرحوم لیڈر جنہیں ۴؍ مرتبہ رکن پارلیمان بننے کا اعزاز حاصل ہے، ۲۰۱۹ء میں پانچویں مرتبہ سمبھل سے ایم پی منتخب ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK