بہارمیں اپوزیشن لیڈر کاوزیراعلیٰ پر سخت لفظی حملہ ،الزام لگایا کہ وہ اب وہی کریں گے جوگجرات سے کہا جائیگا۔
EPAPER
Updated: April 20, 2026, 12:17 PM IST | Mumbai
بہارمیں اپوزیشن لیڈر کاوزیراعلیٰ پر سخت لفظی حملہ ،الزام لگایا کہ وہ اب وہی کریں گے جوگجرات سے کہا جائیگا۔
وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کے خواتین ریزرویشن بل پر اپوزیشن کو گھیرنے کے چند گھنٹے بعد ہی بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نےمحاذ سنبھالا۔ تیجسوی نے نہ صرف وزیر اعلیٰ کی سمجھ بوجھ پر سوال اٹھایا بلکہ بہار حکومت کو ریموٹ کنٹرول والی حکومت قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت پر بھی براہ راست حملہ کیا۔
تیجسوی یادو نے سمراٹ چودھری کی پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے عہدہ کا حلف تو لے لیا مگر خواتین ریزرویشن بل کی حقیقت ان کی سمجھ سے پرے ہے۔ تیجسوی نے طنزیہ انداز میں پوچھا’’یہ بل تین سال پہلے منظور ہوا تھا، پھر صدر کے دستخط کروا کر اس پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا گیا؟‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ خواتین کی آڑ میں بی جے پی دراصل اپنے سیاسی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے حد بندی کا کھیل کھیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کانگریس نے ہرے زہریلے سانپ پال رکھے ہیں: نونیت رانا
تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کے کام کرنے کے انداز پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں اب خود مختار حکمرانی ختم ہو گئی ہے۔ انہوں نے سخت بیان دیتے ہوئے کہا ’’وزیراعلیٰ جو بھی کریں گے، وہی کریں گے جو ان کے گجراتی بھائی کہیں گے۔ بہار کو چلانے کے لیے براہ راست وزیر اعظم کے دفتر سے لوگوں کو بھیجا جا رہا ہے۔‘‘ تیجسوی یادو کے مطابق دولوگ جو چاہیں گے ، بہار میں وہی ہوگا جس سے ریاست کی شناخت اور وفاقی ڈھانچہ کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ریزرویشن کے مسئلہ پر تیجسوی نے بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریہ پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہ لوگ خواتین کو بااختیار بنانے کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف آر ایس ایس والے خواتین کو اپنے پاؤں دھونے پر مجبور کرتے ہیں۔تیجسوی نے دعویٰ کیا کہ آر جے ڈی نے ہمیشہ خواتین کو سب سے زیادہ ٹکٹ دے کر بااختیار بنایا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر بی جے پی واقعی سنجیدہ ہے تو خواتین کے ریزرویشن کو۳۳؍فیصد سے بڑھا کر۵۰؍ فیصد کرے۔