خواتین ریزرویشن بل معاملے پر کانگریس لیڈر وجے وڈیٹیوار نے کہا کہ نونیت رانا کو زہر پھیلانے کیلئے پالا گیا ہے۔ جوابی حملہ کرتے ہوئے بی جے پی کی لیڈر نے انہیں ’چلّر‘ لوگ کہا۔
EPAPER
Updated: April 20, 2026, 11:27 AM IST | Ali Imran | Mumbai
خواتین ریزرویشن بل معاملے پر کانگریس لیڈر وجے وڈیٹیوار نے کہا کہ نونیت رانا کو زہر پھیلانے کیلئے پالا گیا ہے۔ جوابی حملہ کرتے ہوئے بی جے پی کی لیڈر نے انہیں ’چلّر‘ لوگ کہا۔
خواتین ریزرویشن بل پر بی جے پی اور کانگریس آمنے سامنےآگئی ہیں۔ گزشتہ روز وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کوسخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد کانگریس کے لیڈران نے بھی بی جے پی پرتنقیدیں کیں جس کا سلسلہ جاری ہے۔ اس معاملے میں ریاست کی سابق رکن پارلیمان اور بی جے پی لیڈر نونیت رانا اور کانگریس لیڈر وجے وڈیٹیوار میں لفظی جنگ ہوئی۔
’’نونیت رانا زہریلی خاتون ہے‘‘
کانگریس لیڈر وجے وڈیٹیوار نے ناگپور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق رکن پارلیمان نونیت رانا اور ڈاکٹر انل بونڈے پر دو سماج کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے اور امراوتی جنسی استحصال معاملے میں غلط معلومات پھیلانے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نونیت رانا ایک زہریلی خاتون ہے جسے فرقہ وارانہ زہر پھیلانے کیلئے پالا گیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اگر خواتین پر مظالم ہوتے ہیں تو اس معاملے میں ذات پات، مذہب اور فرقہ کہاں سے آجاتا ہے؟ ایسا کام کرنے والا مجرم ہے اور اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ نونیت رانا کو کیسے معلوم کہ امراوتی کیس میں برقع پہننے والی نہیں تھیں؟ نونیت رانا نے یہ بات کس بنیاد پر کہی؟ فرقہ پرستی اور مذہبی منافرت پھیلانا اس عورت کی یہی عادت ہے ۔ عوام نے نونیت کو پارلیمانی انتخاب میں پسند نہیں کیا، اُنہیں شکست کھانی پڑی تب بھی انہیں ہوش نہیں آیا۔ نونیت رانا بی جے پی کی لیڈرہیں، اُن کے پاس پولیس ہے، تمام انتظامیہ کنٹرول میں ہے، آپ کو اس معاملے میں صحیح معلومات حاصل کرنی چاہئے، اتنا ہنگامہ کرنے کی کیا ضرورت ہے، اپنی زبان پر قابو رکھیں، مکمل معلومات کے ساتھ بات کریں۔ وجے وڈیٹیوار کے بقول امراوتی کیس میں لڑکیاں کون ہیں، یہ اہم نہیں ہے، کس ذات اور مذہب کی ہے یہ اہم نہیں ہے۔ کھرات معاملے میں ایک لفظ منہ نہ بولنے والی یہ خاتون مسلم نوجوان کو دیکھ کر احمقوں کی طرح بولنے لگتی ہے، اِن کی جتنی مذمت کی جائے اتنی کم ہے۔
یہ بھی پڑھئے: چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانےکیلئے اپوزیشن ایک اور کوشش کریگا
’’کیاآر ایس ایس کے صدرکا عہدہ کسی خاتون کودیا جاسکتا ہے؟
کانگریس لیڈر وجے وڈیٹیوارنے ناگپور میںمیڈیا سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ کانگریس نےخواتین کا احترام کیا ۔ اس نے پہلی خاتون وزیراعظم ، صدرجمہوریہ اور لوک سبھا اسپیکر دیاہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا بی جے پی کی سرپرست تنظیم ’ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آرایس ایس ) کے صدر کا عہدہ کسی خاتون کو دیا جاسکتا ہے؟انہوں نے ناگپور میں پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا کہ منووادی نظریہ رکھنے والی اورمنوسمرتی کے گن گانے والی بی جے پی خواتین ریزرویشن بل کے تعلق سے احتجاج کرکے لوگوں میں غلط فہمی پیدا کررہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ۲۰۲۳ء میں خواتین ریزرویشن بل تمام پارٹیوں کی حمایت سے منظور کیا گیا تھا۔اب پھرحدبندی کے نام پر ’دکھانے کے دانت اور کھانے کے دانت‘ چھپے نہیں رہ سکے۔’لوک ستا‘ کی خبر کے مطابق انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ریزرویشن بل کی آڑ میںآئین میں ترمیم کرکے اپنی مرضی کے مطابق انتخابی حلقہ تیار کرنے کا بی جے پی کا خفیہ ایجنڈا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’قوم سے خطاب‘‘ یا انتخابی تشہیر؟ ملک بھر میں بحث
’’ وزیر اعظم نریندر مودی اور دیویندر فرنویس ہرے سانپوں کو کچلنے کا کام کریں گے‘‘
اس پر سابق رکن پارلیمان نونیت رانا نے بھی کانگریس لیڈروجے وڈیٹیوار پر جوابی حملہککیا ۔’اے بی پی ماجھا‘ کی خبر کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ سب ’چلّر‘لوگ ہیں۔ مجھے ان کے بارے میں بات کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کانگریس نے ہرے زہریلے سانپ پال رکھے ہیں۔ اس لئے وہ سازشیں کر رہے ہیں۔ یہ سب باتیں اب سامنے آرہی ہیں۔ کانگریس کے دورحکومت میں ان ہرے سانپوں کو پالنے کا کام کانگریس نے کیا اور اس مسئلے کو دبانے کا کام بھی کانگریس نے کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور دیویندر فرنویس ہرے سانپوں کو کچلنے کا کام کریں گے۔ کانگریس والوں کو میرا ایسااچھا مشورہ ہے کہ خواتین کے بارے میں بات کرنے سے قبل اپنے گھر کو دیکھ لیں۔ تمہارے گھر میں بھی لڑکیاں ہیں۔ ان ’چلّر‘ لوگوں نے ناسک میں ٹی سی ایس کیس کے بارے میں بات کیوں نہیں کی؟