۲؍ڈمپر ڈرائیور گرفتار،یہ سنسنی خیز واردات نیرور تا کڈل ایم آئی ڈی سی میں پیش آئی ہے۔
EPAPER
Updated: August 11, 2025, 4:37 PM IST | Agency | Sindhudurg
۲؍ڈمپر ڈرائیور گرفتار،یہ سنسنی خیز واردات نیرور تا کڈل ایم آئی ڈی سی میں پیش آئی ہے۔
سندھو درگ ضلع میں پیش آنے والے ایک ہولناک واقعہ میں ریت مافیا نے ریونیو محکمہ کے اہلکاروں کو ڈمپر سے کچل کر جان سے مارنے کی کوشش کی۔ اس واقعہ کے بعد کدل پولیس اسٹیشن میں ڈمپر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کدل علاقے میں ریت کے غیر قانونی معائنے کے دوران ایک ڈمپر ڈرائیور نے ایک کار کو ٹکر مار کر ریونیو ٹیم کو جان سے ختم کرنے کی کوشش کی۔ یہ واردات کدل تعلقہ کے نیرور تا کدل ایم آئی ڈی سی علاقے میں پیش آئی ہے ۔
مزید یہ بھی انکشاف ہوا کہ ڈمپر پر لگی نمبر پلیٹ جعلی تھی۔ واقعہ کے فوراً بعد ڈرائیور ریت والی سڑک سے اتر کر فرار ہو گیا۔ ریونیو حکام کی شکایت پر کدل پولیس نے دو ڈمپر ڈرائیوروں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف کیس درج کرلیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
کدل کے صوبائی ایڈمنسٹریٹر اور تحصیلدار نے چنڈوان اور کاوتی علاقوں میں غیر قانونی ریت کانکنی کے لیے بنائے گئے آٹھ مقامات کو مسمار کرنے کی کارروائی کی، جس میں کدل تحصیل دفتر کے تالاٹھی اور دیگر عملہ نے بھی حصہ لیا۔ کارروائی کے بعد واپسی پر ریونیو ملازمین نے دو ڈمپروں کو ریت کی غیر قانونی نقل و حمل کرتے دیکھا، جنہیں روکنے کی کوشش پر ڈرائیوروں نے گاڑیاں ان کی جانب دوڑا دیں۔
خوش قسمتی سے اہلکاروں نے بروقت بچاؤ کر لیا، لیکن ڈرائیور فرار ہوگئے۔ تاہم ریونیو ٹیم نے پیچھا کرکے دونوں کو پکڑ لیا اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں ڈمپروں کو ڈرائیوروں سمیت کدل پولیس اسٹیشن لے آئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈمپر ڈرائیور نکھل نتن پراب، گاڑی نمبر’ایم ایچ ۰۷۔ سی ۶۶۴۹‘ کے خلاف قتل کی کوشش اور سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جب کہ دوسری گاڑی نمبر’جی اے ۰۳۔ وی ۸۸۱۳‘کے ڈرائیور اپا صاحب مدنے اور مالک سندیپ ڈچولکر کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی۔ یہ معلومات تحصیل عملے نے فراہم کیں۔