• Mon, 13 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سعودی عرب نے فلسطینی اتھارٹی کی مالی امداد کیلئے بین الاقوامی اتحاد کے آغاز کا اعلان کیا

Updated: September 26, 2025, 7:02 PM IST | New York

سعودی عرب نے اس اقدام کے حصے کے طور پر ۹۰ ملین ڈالر کا وعدہ کیا جس میں کئی اہم بین الاقوامی شراکت دار شامل ہیں۔

Prince Faisal bin Farhan. Photo: X
شہزادہ فیصل بن فرحان۔ تصویر: ایکس

سعودی عرب نے جمعرات کو فلسطینی اتھارٹی (پی اے) کو مالی امداد فراہم کرنے کیلئے بین الاقوامی اتحاد کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ۸۰ ویں اجلاس کے موقع پر ایک پریس کانفرنس کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یہ اعلان کیا۔ سعودی عرب نے اس اقدام کے حصے کے طور پر ۹۰ ملین ڈالر کا وعدہ کیا جس میں کئی اہم بین الاقوامی شراکت دار شامل ہیں۔

۲۵؍ ستمبر کو ’گلوبل الائنس فار امپلیمینٹیشن آف دی ٹو-اسٹیٹ سولیوشن‘ کے اجلاس کے بعد ہوئی اس پریس بریفنگ میں مصر، اردن اور ناروے سمیت عرب اور یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے غزہ میں فلسطینی اتھارٹی کی انتظامیہ کی حمایت کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت بین الاقوامی فوجیوں کی تعیناتی پر ”اتفاق رائے“ کی تصدیق کی۔ انہوں نے زور دیا کہ تجویز کردہ انتظامیہ عارضی ہوگی اور اس میں کسی بھی گروہ کو شامل نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: یواین:فن لینڈ کا اسرائیل سے قبضہ ہٹانے، چلی کی نیتن یاہوکوجوابدہ ٹھہرانے کی مانگ

اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نے بتایا کہ یہ اتحاد، بین الاقوامی اتفاق رائے کی تصدیق کرتا ہے کہ دو ریاستی حل ہی، خطے میں ایک منصفانہ اور جامع امن کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو پر غزہ میں جاری تشدد، مغربی کنارے میں زمینوں پر قبضہ اور بستیوں کی توسیع اور شام اور لبنان میں جارحیت کی پالیسیوں کے ذریعے امن کی پیش رفت کو روکنے کا الزام لگایا۔

اس سے پہلے، جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ سے کہا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی کو غزہ کا مکمل کنٹرول سنبھالنے دیں۔ انہوں نے سیکوریٹی اور انتظامی ذمہ داریوں کو سنبھالنے اور عسکریت پسند گروپوں کو غیر مسلح کرنے کی تیاری کا عہد کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کو مغربی کنارہ ضم کرنے کی اجازت نہیں دوں گا: ڈونالڈ ٹرمپ

دریں اثنا، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نیویارک میں عرب اور مسلم لیڈران کے ساتھ ملاقات میں غزہ میں اسرائیل کی جنگ کو ختم کرنے کیلئے ۲۱ نکاتی منصوبہ ”غزہ پیس پلان“ پیش کیا۔ اس منصوبے میں غزہ میں مستقل جنگ بندی، مرحلہ وار اسرائیلی انخلاء، تمام باقی ماندہ اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور حماس کے بغیر غزہ میں ایک نئی انتظامیہ کا قیام شامل ہے جس میں فلسطینی اتھارٹی کی شمولیت اور ایک کثیر القومی سیکوریٹی فورس ہو گی۔ اس منصوبے میں عرب اور مسلم ریاستوں سے تعمیر نو کی کوششوں کی مالی مدد کرنے اور نئی حکمرانی کے ڈھانچے کی حمایت کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی قیادت میں اس اتحاد کا مقصد فلسطینی اتھارٹی کو فوری مالی مدد فراہم کرکے ان کوششوں کی تکمیل کرنا ہے اور فلسطینی حکمرانی اور تعمیر نو کیلئے علاقائی اور بین الاقوامی حمایت کو مضبوط بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK