Updated: November 03, 2025, 2:13 PM IST
| Riyadh
سعودی عرب نے یکم نومبر سے مسافروں کیلئے نئی ہدایت جاری کی ہے جس کے تحت ملک میں داخلے یا خروج کے وقت کنٹرول شدہ ادویات لے جانے کیلئے پیشگی اجازت لازمی قرار دی گئی ہے۔ یہ اقدام عوامی صحت کے تحفظ اور منشیاتی ادویات کے استعمال کو منظم کرنے کی قومی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
سعودی عرب میں داخل ہونے یا وہاں سے روانہ ہونے والے تمام مسافروں کو اب اپنے ساتھ کنٹرول شدہ (ممنوعہ یا مخصوص) ادویات لے جانے کیلئے پیشگی اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ یہ نیا ضابطہ ہفتہ، یکم نومبر سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔ یہ اقدام مملکت کی اس کوشش کا حصہ ہے جس کا مقصد دائمی بیماریوں میں مبتلا مسافروں کے سفر کو آسان بنانا اور ان کے سفری عمل کو محفوظ بنانا ہے۔ چند ماہ قبل سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھاریٹی (SFDA) نے ان کنٹرول شدہ ادویات سے متعلق اجازت نامہ حاصل کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کی تھی جن میں نشہ آور یا نفسیاتی اثر رکھنے والے مادے شامل ہوں اور جو مسافروں کے پاس مملکت میں داخلے یا خروج کے وقت موجود ہوں۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی فوج نے ۱۰؍اکتوبر سے غزہ میں جنگ بندی کی ۱۹۴؍ خلاف ورزیاں کیں: حکام
ضوابط کے مطابق، ایسی کوئی بھی دوا جس میں نشہ آور یا نفسیاتی اثر رکھنے والے اجزاء شامل ہوں، صرف مخصوص شرائط کے تحت ہی ملک میں داخل کی جا سکتی ہے۔ یہ ضابطہ ایک جامع قومی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد عوامی صحت کا تحفظ اور کنٹرول شدہ ادویات کی نقل و حرکت کو مقامی قوانین اور بین الاقوامی معیار کے مطابق منظم کرنا ہے۔ حکومتی فیصلے کے تحت، مسافروں کو بغیر پیشگی سرکاری اجازت نامے کے ایسی ادویات ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی جن میں کنٹرول شدہ اجزاء شامل ہوں۔ مسافروں کو ان ادویات کا اعلان (declare) کرنا اور ضروری دستاویزات فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب: مدینہ منورہ شہر زائرین کی اولین ترجیح: سروے رپورٹ
یہ اقدام متعلقہ حکام کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد حساس نوعیت کی ادویات کے داخلے اور اخراج کو منظم کرنا اور صحت سے متعلق تمام اقدامات کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ ایس ایف ڈی اے نے اس سے قبل واضح کیا تھا کہ ایسی ادویات کیلئے ذاتی اجازت نامہ (Personal Clearance) حاصل کرنے کا مکمل طریقہ کار اس کے کنٹرولڈ ڈرگ سسٹم (CDS) کے ذریعے دستیاب ہے۔ مسافر اس پلیٹ فارم پر ذاتی اکاؤنٹ بنا کر اجازت نامے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست جمع کراتے وقت مریض کی تفصیلات، سفر کی معلومات اور تائیدی دستاویزات (جیسے ڈاکٹر کا نسخہ، میڈیکل رپورٹ، اور شناختی ثبوت) اپلوڈ کرنا ضروری ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: شام: سرکاری ملازمین کی مہنگی گاڑیاں ضبط کروائی گئیں
مسافر ایک سے زیادہ ادویات بھی شامل کر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ درج ذیل تفصیلات درست طور پر فراہم کریں :
دوا کا تجارتی نام
فعال جزو (active ingredient)
دوا کی طاقت یا مقدار
فارم (گولی، شربت، انجکشن وغیرہ)
پیک سائز یا مقدار
درخواست گزار کو ایسی دستاویزات بھی دینا ہوں گی جو طبی ضرورت کو ثابت کرتی ہوں، خواہ دوا خود مسافر کیلئے ہو یا کسی دوسرے مریض کیلئے۔ درخواست دہندہ کو شرائط و ضوابط سے اتفاق کر کے درخواست جمع کرانی ہوگی۔ مسافر اپنی درخواست کی پیش رفت کو بھی ملاحظہ کر سکتے ہیں، جو درج ذیل مراحل میں ظاہر ہوتی ہے:
"Submitted" (جمع شدہ)، "Completed" (مکمل)، "Rejected" (مسترد)، یا "Incomplete" (نامکمل)۔ درخواست منظور ہونے کے بعد اجازت نامہ پرنٹ کیا جا سکتا ہے۔