مملکت کے اس پروگرام کے تحت آنے والے عازمین حج وعمرہ کے علاوہ سعودی کے دیگر تاریخی مقامات کی زیارت بھی کرتے ہیں۔
EPAPER
Updated: May 30, 2025, 12:17 PM IST | Agency | Makkah Mukarramah
مملکت کے اس پروگرام کے تحت آنے والے عازمین حج وعمرہ کے علاوہ سعودی کے دیگر تاریخی مقامات کی زیارت بھی کرتے ہیں۔
سعودی وزیر برائے امور اسلامی، دعوت و ارشاد اور خادم حرمین شریفین کے ’حج، عمرہ اور زیارت پروگرام ‘ کے نگران اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد اللطیف بن عبد العزیز آل الشیخ نے جمعرات کو مکہ مکرمہ میں مذکورہ پروگرام کے تحت آنے والے مہمانوں کی رہائش گاہوں کا دورہ کیا۔ ’العربیہ‘ کے مطابق یہ دورہ اُن کے میدانی جائزوں کا حصہ ہے جس کا مقصد دنیا کے مختلف بر اعظموں سے تعلق رکھنے والے۱۰۰؍ سے زائد ممالک کے مہمانوں کیلئے فراہم کی جانے والی خدمات کا براہِ راست مشاہدہ اور نگرانی ہے۔ واضح رہےکہ مملکت کے اس پروگرام کے تحت آنے والے عازمین حج وعمرہ کے علاوہ سعودی کے دیگر تاریخی مقامات کی زیارت بھی کرتے ہیں۔
اس موقع پر سعودی وزیر نے مہمانوں کے قیام کی جگہوں پر سہولیات اور تیاریوں کا خود جائزہ لیا، اور ان کے لیے فراہم کی جانے والی دیکھ بھال کی تفصیلات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے اس اعلیٰ درجے کے انتظام کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی فیاضانہ سرپرستی اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی مسلسل نگرانی و رہنمائی کا عملی مظہر قرار دیا۔ یہ شخصیات اللہ کے مہمانوں کو اعلیٰ ترین خدمات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں، تاکہ مملکت کی عظمت اور اسلام و مسلمانوں کی خدمت میں اس کی قیادت کو واضح طور پر پیش کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھئے:نیتن یاہو کی پارٹی کے دفتر پر دھاوا، قیدیوں کی رہائی کیلئےاحتجاج
شیخ عبد اللطیف آل الشیخ نے اس موقع پر میدانی کمیٹیوں کے سربراہوں سے ملاقات کی اور انہیں اعلیٰ معیار پر کام جاری رکھنے اور ایسی جامع خدمات فراہم کرنے کی تلقین کی جو قیادت کی توقعات پر پوری اتریں اور حج کے انتظامات میں مملکت کی پیشہ ورانہ اور شائستہ تصویر دنیا کے سامنے پیش کریں۔ وزیر نے پروگرام کے متعدد مہمانوں سے بھی ملاقات کی اور اُنہیں سعودی قیادت کی طرف سے سلام پہنچایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی یہ میزبانی مملکت کے اس پیغام کی ترجمانی ہے جو اسلامی دنیا کی اہم شخصیات سے رابطے، اسلامی تعاون کو فروغ دینے اور رواداری کی اقدار کو مضبوط کرنے پر مبنی ہے۔
مہمانوں نے اپنی طرف سے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کا دل کی گہرائی سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انھیں جو پر تپاک استقبال، مکمل سہولیات اور خدمت میسر آئی ہے، وہ مملکت کی جانب سے اللہ کے مہمانوں کے لیے غیر معمولی توجہ کی عکاس ہے۔ اُنھوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب کی طرف سے حجاج کرام کے لیے پیش کی جانے والی خدمات عالمی سطح پر ایک مثالی نمونہ ثابت ہورہی ہیں۔