سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے عازمین کے تحفظ پر مامور فورسیز کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
EPAPER
Updated: June 02, 2025, 1:42 PM IST | Agency | Makkah Mukarramah
سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے عازمین کے تحفظ پر مامور فورسیز کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے حج کے دوران سیکوریٹی کے فرائض انجام دینے والی فورسیز کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ یہ جائزہ امسال یعنی ۱۴۴۶ہجری کے حج سیزن میں شریک سیکوریٹی فورسیزکے سالانہ تقریب کے موقع پر لیا گیا ۔ وزیر داخلہ نے تقریب کے دوران کہا ’’خادمِ حرمین شریفین اور ولی عہد، وزیر اعظم کی ہدایت پر آج میں نے حج سیکوریٹی فورسز کی تیاریوں کا مشاہدہ کیا۔ میں اس مکمل تیاری، اعلیٰ صلاحیتوں اور وسائل کو دیکھ کر فخر محسوس کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو اپنی قیادت کی توقعات پر پورا اترنے اور ہر پہلو سے ایک پُرامن اور کامیاب حج کے انعقاد میں کامیابی عطا فرمائے۔‘‘
امن عامہ کے ڈائریکٹر جنرل اور حج کیلئے قائم سیکوریٹی کمیٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ دانشمند قیادت نے حجاج کرام کی خدمت اور ان کی نگہداشت کیلئے ہر ممکن سہولت اور وسائل فراہم کئے ہیں، اور اس کام کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔ انہی کوششوں کی بدولت ہمیں ہجوم کے نظم و نسق، مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی، منصوبہ بندی اور یکجہتی کے وہ عملی نمونے ملے ہیں جنہیں دنیا میں قابلِ تقلید سمجھا جاتا ہے تاکہ اللہ کے مہمان امن و اطمینان کی فضا میں اپنے مناسک ادا کر سکیں۔‘‘
لیفٹیننٹ جنرل البسامی نے مزید کہا کہ حج سیکوریٹی فورسیز پوری طرح تیار اور محتاط ہیں اور کسی بھی قسم کے خطرے یا ایسی کوشش کا پوری سختی اور مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں جو حجاج کے امن یا عبادات میں خلل ڈالنے کا باعث بنے۔ ہمارا مقصد حجاج کے لیے ایک محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ سکون اور سہولت کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکیں۔‘‘تقریب کے دوران عازمین کے تحفظ وسلامتی کے لحاظ سے مختلف صورتحال سے نمٹنے کی عملی مشقیں بھی کی گئیں جن میں کئی سیکوریٹی گاڑیوں، جدید آلات، فضائی نگرانی کے طیاروں اور حج کے دوران استعمال ہونے والی مخصوص گاڑیوں کا مظاہرہ بھی شامل تھا۔یہ تمام اقدامات حجاج کرام کے لیے ایک محفوظ، منظم اور پُرامن ماحول یقینی بنانے کے عزم کا اظہار ہیں۔