جنک فوڈ روکنےکیلئے اسکول انتظامیہ سرگرم,اسکول انتظامیہ سرکیولر اور ای میل کے ذریعے والدین سے بچوں کے لنچ باکس میں صحت بخش کھانا بھیجنے کی اپیل کررہاہے۔
ایم ایم اسلامک اسکول گوونڈی میں منعقدہ میٹنگ کے شرکاء۔ تصویر: آئی این این
ممبئی: فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے تعلیمی اداروں کو چکنائی، نمک اور چینی سے بھرپور کھانے کی اشیاء کو فروخت کرنے سے روکنے کے بعد شہرومضافات کے اسکولوں نے اپنی کینٹینوں کے مینوسے جنک فوڈ کو ہٹانا شروع کر دیا ہے جس سے طویل عرصے سے اسکول کینٹین کے مقبول آئٹمز مثلاً برگر، سموسے ، وڈاپاؤ اور فرنچ فرائز مینو سے غائب ہو رہے ہیں ۔ کئی اسکولوں نے اس تعلق سے والدین اور سرپرستوں کو باخبر کرنے کیلئے سرکیولر اور ای میل ارسال کئے ہیں جن میں اسکول کینٹین کے نئے اُصولوں سے انہیں مطلع کیا گیا ہے۔ ان سے کہا جارہا ہے کہ وہ اسکول آنے والے اپنے بچوں کے لنچ باکس میں گھر کا پکا ہوا صحت بخش کھانا بھیجیں ۔
کچھ اسکول نے نئے اُصولوں کے نفاذ کی نگرانی کیلئے اساتذہ کو نوڈل افسر کے طور پر بھی مقرر کیا ہے ۔ انہیں طلبہ کی اچھی صحت اور تندرستی کےسفیر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ طلبہ ،والدین او ر سرپرستوں میں صحت کی اہمیت سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے بھی پروگرام منعقدکرنے کامنصوبہ بنایا جا رہا ہے ۔کئی اسکول نے تلی ہوئی اور زیادہ کیلوری والے کھانے جیسے وڈا پاؤ، سموسے اور برگر کی سپلائی منقطع کر دی ہے ۔ اس کے علاوہ کیمپس میں کولڈ ڈرنکس اور نقصان پہنچانے والے مشروبات پر پابندی لگا دی ہے ۔ اب کینٹین کی نظر ثانی شدہ مینو میں صحت بخش آئٹمز جیسے پوہا، اُپما اور اڈلی کو شامل کیا جارہاہے ۔
ایم ایم اسلامک اسکول گوونڈی کی پرنسپل صباپروین نے انقلاب کو بتایاکہ ’’جنک فوڈ سے متعلق ایف ڈی اے کی ہدایت کے بعد ہم نے والدین کی میٹنگ طلب کر کےانہیں آگاہ کیا اور بچوں کے لنچ باکس میں جنک فوڈنہ بھیجنے کی اپیل کی۔ اس کے باوجود کچھ سرپرست بچوں کے لنچ باکس میں چپس، وڈاپاؤ، نوڈلس اور اس طرح کے دیگر ممنوعہ کھانے کے آئٹمز بھیج رہے ہیں۔ ہم نےان جنک فوڈ کی تصاویر لے کر والدین کے گروپ میں شیئر کی ہیںاور ان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی ہے تاکہ وہ جنک فوڈ بھیجنے سے گریز کریں ۔‘‘مجگائوں کی ایک اسکول نے والدین کو بچوں کی سالگرہ کے موقع پر والدین سے چاکلیٹ، مٹھائیاں، کینڈی، کیک، پیسٹری، میٹھے مشروبات، چپس اور دیگر پیک شدہ جنک فوڈ نہ لانے کی اپیل کی ہے ساتھ ہی یہ بھی کہاہےکہ کینٹین صرف تازہ، حفظان صحت اور غذائیت سے بھرپور پکوان تیارکرے اور جنک فوڈ کو بند کر دیاجائے۔ والدین سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کو اسکول کے ۵۰؍ میٹر کے اطراف کی دکانوں سے ایسی کھانے پینے کی اشیاء خریدنے سے منع کریں جہاں نئے ضوابط کے تحت ان مصنوعات کی فروخت اور تشہیر پر پابندی ہے ۔
ولے پارلے میں جمنا بائی نرسی اسکول کی پرنسپل سونالی گاندھی کے مطابق ’’ہم نے فوری طور پر اپنی کینٹین سے تمام ممنوعہ اشیاء کو ہٹا دیا ہے ۔ ساتھ ہی ایک سرکیولر جاری کیا ہے جس میںکینٹین کو سموسے، وڈاپاؤ، فرنچ فرائز اور آلو سے بننے والے پکوان بنانے سے منع کیا گیاہے ۔‘‘
آرچڈ یوسیز بورڈ آف ایجوکیشن کے سیکریٹری اور تھانے میں سینٹ جان دی بیپٹسٹ ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے پرنسپل ڈاکٹر تھامسن کنی نے کہا کہ’’ اسکولوں نے ایف ڈی اے کی ہدایت پر فوری طور پر عمل کرناشروع کر دیا ہے۔‘‘