Inquilab Logo Happiest Places to Work

ودربھ کے اسکول بھی ۳۰؍ جون کے بجائے ۱۵؍ جون سے کھلیں گے

Updated: April 01, 2026, 11:39 AM IST | Saadat Khan | Nagpur

ہرسال شدید گرمی کے سبب ودربھ کے اسکول ریاست کے دیگر علاقوں کے مقابلے ۱۵؍ دن تاخیر سے کھلتے تھے ۔

Children In Vidarbha Will Now Have To Endure The Heat At The Beginning Of The Year.Photo:INN
ودربھ کے بچوں کو اب سال کے شروعات میں گرمی جھیلنی ہوگی- تصویر:آئی این این
ودربھ میں شدید گرمی پڑتی ہے جس کی وجہ سے یہاںہرسال اسکول ۳۰؍جو ن سے شروع ہوتے ہیں، لیکن، اس سال اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ودربھ سمیت ریاست کے تمام پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسٹیٹ بورڈ اسکولوں کو ۱۵؍جون سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یعنی اس سال ریاست بھر میں اسکول کے شروع ہونے کا  شیڈول یکساں ہو گا ۔اس کی وجہ سے ودربھ کے طلبہ کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ 
 
 
واضح رہے کہ اس سال اسکولوں میں ۲؍ مئی ۲۰۲۶ءسے گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے ۔ہر سال جون کے مہینے میں شدید گرمی کو دیکھتے ہوئے ودربھ کے ریاستی بورڈ کے اسکول ۳۰؍جون سے شروع ہوتے تھے ،لیکن اس سال محکمہ تعلیم نے اس استثنیٰ کو ختم کر دیااور ریاست بھر میں یکساں شیڈول نافذ کر دیا ۔محکمہ اسکولی تعلیم نے ۱۵؍جون ہی سے ودربھ سمیت تمام ڈیویژنوں میں اسکول شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس لئےتعلیمی سا ل ۲۷۔۲۰۲۶ء کا آغاز ۱۵؍ جون سے ہوگا۔ احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ ریاست کے تمام ڈیویژنوں کے اسکولوں میں ۱۵؍جون سے باقاعدہ تدریس شروع کر دی جائے ۔ البتہ جون میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو دیکھتے ہوئے اتنی چھوٹ ضرور دی گئی ہے کہ ودربھ میں۲۷؍؍ جون تک اسکول صرف صبح ۷؍بجے سے ۱۱؍بجکر ۴۵؍منٹ تک جاری رہیں گے ۔  اسکے بعد یہ  اسکول معمول کے اوقات کے مطابق شروع ہو جائیں گے۔
 
 
یہ معلومات ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ثانوی اور اعلیٰ ثانوی)، پونے اور ڈائریکٹوریٹ آف پرائمری ایجوکیشن کی طرف سے ۲۸؍مارچ کو جاری کردہ ایک سرکیولر میں دی گئی ہے ۔۲؍مئی سے گرمیوں کی تعطیلات ریاست کے تمام ریاستی بورڈ کے اسکولوں میں طلبہ کیلئے موسم گرما کی تعطیلات باضابطہ طور پر شروع ہوں گی۔ دریں اثنا، اگر مقامی حالات یا تعلیمی سرگرمیوں کی وجہ سے دوسرے بورڈز کے کچھ اسکولوں میں اسکول کھلتے ہیں تو متعلقہ اسکول انتظامیہ طلبہ کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیلات کا اعلان کرنے کا فیصلہ کرے، سرکیولر میں یہ بھی کہا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK