Updated: September 26, 2026, 12:13 PM IST
| Edinburgh
نارتھ رونالڈسے میں کوئی اسپتال یا مستقل ڈاکٹر موجود نہیں ہے، بلکہ صرف ایک نرس تعینات ہے۔ آرکنی کے مرکزی جزیرے کرک وال تک پہنچنے میں ہوائی جہاز سے ۲۰ منٹ یا فیری کے ذریعے تقریباً تین گھنٹے لگتے ہیں۔ ڈنکن کی پیدائش ہالینڈ ہاؤس میں ہوئی، جو ۱۷۲۷ء میں نارتھ رونالڈسے کو خریدے جانے کے بعد سے ٹریل خاندان کی ملکیت رہا ہے۔ اس کا نام اس کی والدہ کے دادا کے نام پر رکھا گیا ہے، جو جزیرے کے سابق لارڈ (Laird) تھے۔
اسکاٹ لینڈ کے آرکنی جزائر کے سب سے شمالی اور دور افتادہ جزیرے ’نارتھ رونالڈسے‘ پر ۳۴ سال میں پہلی بار ایک بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔ ڈنکن وائلڈر تھورسٹین ٹریل سواریز فورڈ نامی اس بچے کی پیدائش ۱۵ ستمبر کو صبح ۴ بج کر ۵ منٹ پر ان کے خاندان کے آبائی گھر ’ہالینڈ ہاؤس‘ میں ہوئی۔ اس پیدائش کی خوشی میں جزیرے کے مکینوں نے پرچم لہرایا اور نو مولود کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بی بی سی اسکاٹ لینڈ کے مطابق، اگست ۱۹۹۲ء میں تھامس بروک مین کے بعد وہ اس جزیرے پر پیدا ہونے والا پہلا بچہ ہے۔
نارتھ رونالڈسے میں کوئی اسپتال یا مستقل ڈاکٹر موجود نہیں ہے، بلکہ صرف ایک نرس تعینات ہے۔ آرکنی کے مرکزی جزیرے کرک وال تک پہنچنے میں ہوائی جہاز سے ۲۰ منٹ یا فیری کے ذریعے تقریباً تین گھنٹے لگتے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جزیرے کی آبادی ۷۲ افراد پر مشتمل ہے، اگرچہ ڈنکن کی والدہ ایلس ٹریل فورڈ کا کہنا ہے کہ اس وقت وہاں صرف ۵۱ کے قریب لوگ رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ کی معیشت دنیا کی تاریخ کے سب سے شدید بحران میں داخل: اقوام متحدہ کی رپورٹ
ٹریل فورڈ اور ان کے منگیتر جارج سواریز نے ابتدا میں کوسٹاریکا میں بچے کی پیدائش کا منصوبہ بنایا تھا جہاں یہ خاندان مقیم ہے۔ لیکن اس جزیرے پر پہنچنے کے بعد، جہاں انہوں نے اپنے بچپن کے موسمِ گرما گزارے تھے، ان کا دل چاہا کہ وہ کوسٹاریکا کے بجائے یہیں بچے کو جنم دیں۔ اس جوڑے نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ایچ ایس (NHS) کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کی۔ اس موقع پر یہ خطرہ بھی شامل تھا کہ خراب موسم کے باعث دائیوں (midwives) کا وقت پر جزیرے پر پہنچنا ناممکن ہوسکتا ہے۔ بالآخر دو دائیاں کوسٹ گارڈ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ولادت کیلئے پہنچیں، یہ وقت اس لئے بھی انتہائی حساس ہوگیا تھا کیونکہ اس دن کی آخری شیڈول پرواز روانہ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد ٹریل فورڈ کا واٹر بیگ پھٹ گیا تھا۔
ڈنکن کی پیدائش ہالینڈ ہاؤس میں ہوئی، جو ۱۷۲۷ء میں نارتھ رونالڈسے کو خریدے جانے کے بعد سے ٹریل خاندان کی ملکیت رہا ہے۔ اس کا نام اس کی والدہ کے دادا کے نام پر رکھا گیا ہے، جو جزیرے کے سابق لارڈ (Laird) تھے۔ ٹریل فورڈ کے مطابق پیدائش کے دوران یہ تعلق خاص طور پر محسوس ہوا۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل غزہ میں نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے،اسپین کے وزیراعظم کا اقوام متحدہ میں خطاب
کسی پیدائش کے بغیر ۳۴ سال کا یہ طویل وقفہ غالباً جزیرے کی تنہائی اور ہنگامی طبی سہولیات کے فقدان سے جڑا ہوا ہے۔ ٹریل فورڈ نے واضح کیا کہ زیادہ تر حاملہ خواتین اسپتال کے ماحول کو ترجیح دیتی ہیں۔ یہ خاندان نومبر میں کوسٹاریکا واپس جانے کا ارادہ رکھتا ہے، لیکن ٹریل فورڈ نے کہا کہ وہ ہر سال ڈنکن کو واپس اس جزیرے پر لانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔