Inquilab Logo Happiest Places to Work

طلبہ کومعیاری تعلیم اور سیکھنے کےمواقع فراہم کرنےکیلئے اعلیٰ افسران اسکولوں کادورہ کریں گے

Updated: June 23, 2026, 8:05 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

وزیرتعلیم دادا بھُسے نے اسکولوں کا باقاعدگی سے جائزہ لینےکی ہدایت جاری کی۔

State Education Minister Dada Bhuse.Photo:INN
ریاستی وزیرتعلیم دادا بھُسے-تصویر:آئی این این
ریاستی حکومت طلبہ کو معیاری تعلیم اور مسلسل سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اسکول کی سطح پر مختلف اقدامات، پروجیکٹ اور اسکیمیں نافذ کرتی ہے ۔ان اسکیموں کو موثر طریقے سے نافذ کیا جا رہا ہے یا نہیں، انہیں نافذکرنے میں آنےوالے مسائل اور کوتاہیوں کی جانچ اور ضروری رہنمائی، مدد اور بہتری کیلئے ریاستی وزیرتعلیم دادا بھُسے نے ریاست بھر کے تمام علاقائی تعلیمی افسران کو اسکولوں کا   باقاعدگی سےدورہ کر کے اس کا جائزہ لینےکی ہدایت جاری کی ہے ۔  مذکورہ ہدایت کے تحت ریاستی سطح کے افسران ہر ۱۵؍ دن میں کم از کم ۲؍ اسکولوں کا دورہ کریں گے ۔اسی طرح ڈویژن اور ضلعی سطح کے افسران کو ہر ہفتے کم از کم ۲؍ اسکولوں کا دورہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تعلقہ سطح کے افسران کو ہر ہفتے کم از کم ۳؍ اسکولوں ، سپرنٹنڈنٹ اور ایکسٹینشن آفیسر (تعلیم) کو ہر ہفتے کم از کم ۴؍ اسکولوں اور گروپ ریسورس سینٹر کوآرڈینیٹرز کو ہر ہفتے کم از کم ۵؍ اسکولوں کا دورہ کرنے کوکہاگیا ہے ۔
اس دورے میں مذکورہ افسران مفت یونیفارم، مفت نصابی کتب، پردھان منتری پوشن یوجنا، نپن مہاراشٹرا بھیان، آدرش اسکول، پی ایم شری اسکول، مطالعاتی مواد کی تقسیم، متواتر تشخیصی ٹیسٹ (پی اے ٹی)، تعلیمی ویڈیوز، اساتذہ کی تربیت، ہفتہ کے روز تحقیق پر مبنی خصوصی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ کیلئے خصوصی پروگراموں اور تحقیقی سرگرمیوں کاجائزہ لیں گے ۔ یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ان دوروں  میں اساتذہ کی تربیت اور اس حوالے سے تعلیمی اسکیموں کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا جائے ۔
 
 
یہ دورے سالانہ معائنہ، انکوائری، سماجی اجتماع، مقابلے یا امتحان کے دوران ہونے والے دوروں سے مختلف ہیں اور ان کی بنیادی توجہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر مرکوز ہوگی۔ اسکول کے دورے  میں اہلکار، اساتذہ اور طلبہ کی موجودگی، اسکول اور طلبہ کی صفائی، کلاس روم کی تدریس کا مشاہدہ، طلبہ کے ساتھ بات چیت کے ذریعے تعلیمی کامیابیوں کی تصدیق، نپن مہاراشٹر ابھیان، ہیپی سنیچر، مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری، ریاضی اور سائنس کے مطالعہ سےمتعلق ہونے والے پروگرام، کھیلوں کی سہولیات کا معائنہ کریں گے ۔دورے کے بعد متعلقہ حکام کو اسکول کے قابل ذکر پہلوؤں، پائی جانے والی خامیوں اور بہتری کیلئے تجاویز کے ساتھ سرل سسٹم پر رپورٹ اپ لوڈ کرنی ہوگی ۔
 
 
دادا بھُسے کے مطابق ’’طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت کی مختلف تعلیمی اسکیموں، اقدامات اور پروجیکٹوں سے ہر طالب علم کوفائدہ پہنچناچاہئے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ اسکول کی سطح پر ذاتی طورپردورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔ اسکولوں میں نافذ کئے جانے والے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ان دوروں کے پیچھے صرف معائنہ کرنا نہیں ہے بلکہ اسکولوں کو ضروری مدد، رہنمائی اور تعاون فراہم کرنا بھی اس میں شامل ہے ۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK