کینیڈا نے غزہ میں داخلے کے تمام راستے کھولنے اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ انیتا آنند نے شدید بارشوں، سیلاب اور سردی سے متاثرہ فلسطینی خاندانوں کی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے تمام رکاوٹیں دور کرنے پر زور دیا۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 11:08 AM IST | Gaza
کینیڈا نے غزہ میں داخلے کے تمام راستے کھولنے اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ انیتا آنند نے شدید بارشوں، سیلاب اور سردی سے متاثرہ فلسطینی خاندانوں کی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے تمام رکاوٹیں دور کرنے پر زور دیا۔
کنیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے بدھ کو غزہ پٹی میں داخلے کے تمام راستے کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ مطالبہ ایسے وقت میں کیا ہے جب شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث فلسطینی خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ تاہم انہوں نے اپنے بیان میں اسرائیل کا نام نہیں لیا۔ انیتا آنند نے ’ایکس‘ پر اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے سربراہ ٹام فلیچر کی ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں غزہ میں موسم سرما سے نمٹنے کے لیے ضروری سامان پہنچانے پر زور دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: شیخ حسینہ کے حامیوں کے ان کی وطن واپسی کے مطالبے کے بعد احتجاج
آنند نے اپنے بیان میں کہا، ’’غزہ میں شدید بارشوں اور سیلاب کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث ان خاندانوں کی صورتِ حال انتہائی تشویش ناک ہوتی جارہی ہے جو پہلے ہی ایک تباہ کن انسانی بحران کا سامنا کررہے ہیں۔ پناہ گاہوں میں پانی بھر جانے اور درجۂ حرارت میں کمی سے ان کی زندگیاں مزید خطرے میں پڑ گئی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’لوگوں کو فوری طور پر خوراک، پائیدار پناہ گاہوں، گرم کپڑوں، حرارت کے انتظام اور دیگر ضروری سامان کی ضرورت ہے۔‘‘
انیتا آنند نے بتایا کہ انہوں نے رواں ہفتے جی سیون ممالک کے شراکت داروں کے ساتھ بھی اس معاملے پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔ ان کے بقول، ’’کنیڈا ایک بڑے امداد دہندہ ملک اور انسانی امداد کی فراہمی کے حامی کی حیثیت سے اپنے عزم پر قائم ہے۔ یہ امداد ان تمام لوگوں تک پہنچنی چاہیے جنہیں اس کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’ہم مسلسل مطالبہ کررہے ہیں کہ داخلے کے تمام راستے کھولے جائیں اور بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے پہنچائی جانے والی اشیا اور امدادی سامان کی بلا رکاوٹ ترسیل یقینی بنائی جائے۔‘‘ انیتا آنند نے مزید کہا، ’’ہم امداد کی فراہمی کے مطالبے کی مشترکہ مہم میں شامل ہیں اور تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ باقی ماندہ رکاوٹیں دور کریں تاکہ یہ امداد مزید تاخیر کے بغیر ضرورت مند خاندانوں تک پہنچ سکے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اسپین: رہائشی بحران کیخلاف ملک گیر ہڑتال
قابلِ ذکر ہے کہ انیتا آنند نے اپنی پوسٹ میں اسرائیل کا نام نہیں لیا اور صرف ’’تمام فریقوں‘‘ کا حوالہ دیا۔ غزہ پٹی میں داخلے کے راستوں پر اسرائیل کا کنٹرول ہے۔ اس سے قبل بدھ ہی کے روز اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے سربراہ ٹام فلیچر نے کہا تھا کہ غزہ میں موسم سرما کے لیے ضروری سامان پہنچانے میں تاخیر کے جواز کے طور پر اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کا انتظار کرنا قابلِ قبول نہیں ہے۔