سنجے گائیکواڑ نے کہا کہ’’خودکشی کرنیوالے کسان کی آخری رسومات میں نہ جائیں‘‘کہا کہ کسان انتہائی قدم نہ اٹھائیں۔
EPAPER
Updated: October 30, 2026, 4:01 PM IST | Ali Imran | Buldhana
سنجے گائیکواڑ نے کہا کہ’’خودکشی کرنیوالے کسان کی آخری رسومات میں نہ جائیں‘‘کہا کہ کسان انتہائی قدم نہ اٹھائیں۔
متنازع بیانات کے لئے بدنام شیوسینا (شندے) کے رکن اسمبلی سنجے گائیکواڑ نے کسانوں کی خودکشی روکنے کیلئے مدد کی اپیل کرتے ہوئے ایسی زبان استعمال کی کہ ایک نیا تنازع پیدا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خودکشی کرنے والے کسان کی آخری رسومات میں کسی کو نہیں جانا چاہیے۔ اس بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا میں گردش کر رہی ہے۔ جس میں سنجے گائیکواڑ کہتے نظر آرہے ہیں کہ خودکشی کرنے والے کسان کی میت کے پاس بھی کوئی نہ جائے۔ جب مردہ جسم کی جانوروں کے ذریعے بے حرمتی ہوگی، تب اسے اپنے عمل کا احساس ہوگا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے بلڈانہ میں بیان دیا تھا کہ کسانوں کو خودکشی کرنے سے پہلے ۱۰؍ سے ۱۲؍ سیاسی لیڈروں کو مار کر مرنا چاہیے۔ اس بیان پر بھی کئی ردعمل سامنے آئے تھے۔ اب بلڈانہ کے شیوسینا رکن اسمبلی سنجے گائیکواڑ نے کسانوں کی خودکشی کے معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک نیا تنازع کھڑا کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کلیان ڈومبیولی میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا
سنجے گائیکواڑ نے کسانوں کو مشورہ دیا کہانہیں اگر کسی پریشانی کا سامنا ہے تو وہ اپنے خاندان کو بے سہارا چھوڑ کر خودکشی کرنے کے بجائے رکن اسمبلی یا رکن پارلیمنٹ کو خط لکھیں۔ اپنا مسئلہ بیان کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سب مل کر کسان کی مدد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسان بغیر سوچے سمجھے خودکشی کرلیتے ہیں، اس لیے ان کی موت پر بھی کسی کو نہیں جانا چاہیے۔
سنجے گائیکواڑ اس سے پہلے بھی متنازع بیانات اور مبینہ دھمکی آمیز زبان کے باعث خبروں میں رہ چکے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں بی جے پی کی رکن اسمبلی شویتا مہالے کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی، جس پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔ اس کے علاوہ ایک عوامی جلسے میں پولیس اہلکاروں کے خلاف انتہائی توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے اور مارپیٹ کی دھمکی دینے کے معاملے پر پولیس تنظیموں نے احتجاج کیا تھا۔ سنجے گائیکواڑ کی ایک آڈیو کلپ بھی بڑے پیمانے پر وائرل ہوئی تھی، جس میں فون پر گالی گلوچ کرتے ہوئے مبینہ طور پر یہ دھمکی دی گئی تھی کہ گھر میں گھس کر ماروں گا اور زبان کاٹ دوں گا۔