۵؍ سالہ ReadSG مہم کے تحت شہری روزانہ ۱۵؍ منٹ مطالعہ کرکے سکے حاصل کرسکیں گے؛ ایک ہزار سکے ایک سنگاپور ڈالر کے برابر۔ حکومت کا مقصد مطالعہ کی عادت کو فروغ دینا ہے۔
EPAPER
Updated: September 16, 2026, 10:06 PM IST | Singapore
۵؍ سالہ ReadSG مہم کے تحت شہری روزانہ ۱۵؍ منٹ مطالعہ کرکے سکے حاصل کرسکیں گے؛ ایک ہزار سکے ایک سنگاپور ڈالر کے برابر۔ حکومت کا مقصد مطالعہ کی عادت کو فروغ دینا ہے۔
کتاب پڑھنے کی عادت کو فروغ دینے کے لیے سنگاپور نے ایک منفرد قومی مہم شروع کی ہے، جس میں شہریوں کو روزانہ کم از کم ۱۵؍ منٹ مطالعہ کرنے کے عوض ورچوئل سکے دیے جارہے ہیں۔ ReadSG نامی ۵؍ سالہ پروگرام کا مقصد ایسے وقت میں مطالعہ کی عادت مضبوط کرنا ہے جب مختصر ویڈیوز، سوشل میڈیا پوسٹس اور فوری معلومات کے باعث طویل اور توجہ طلب مطالعہ کے لیے وقت کم ہوتا جارہا ہے۔ یہ مہم نیشنل لائبریری بورڈ (این ایل بی) نے ۶؍ ستمبر کو شروع کی اور اسے ملک کے پہلے National Reading Month کے آغاز سے بھی جوڑا گیا ہے۔ ریڈ ایس جی چیلنج میں حصہ لینے والے افراد اپنے روزانہ کے مطالعے کا وقت سرکاری شہری شمولیت کے پلیٹ فارم CrowdTaskSG پر درج کرسکتے ہیں۔ کم از کم ۱۵؍ منٹ کے مطالعہ پر ۲۰؍ ورچوئل سکے ملتے ہیں، جبکہ ایک ہزار سکے ایک سنگاپور ڈالر کے برابر ہیں۔ یہ سکے شریک تجارتی اداروں پر NETS QR کے ذریعے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ اس طرح یہ اسکیم براہِ راست کتاب خریدنے یا پڑھنے کی اجرت دینے کے بجائے مطالعے کو ایک انعامی نظام سے جوڑتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آسٹریلیا: ۷؍ سابق کپتانوں کی عمران خان کے لیے انسانی ہمدردی کی اپیل
سنگاپور کی حکومت کے مطابق روزانہ ۱۵؍ منٹ کا ہدف جان بوجھ کر آسان رکھا گیا ہے۔ ReadSG کی ویب سائٹ اسے اتنا ہی وقت قرار دیتی ہے جتنا تقریباً 3 MRT اسٹیشنوں کے درمیان سفر، بس کا انتظار یا صبح کی کافی کے دوران دستیاب ہوسکتا ہے۔ مہم کا پیغام ہے کہ مختصر لیکن مسلسل مطالعہ طویل مدت میں مضبوط عادت میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ این ایل بی کی سربراہ میلیسا ٹیم نے کہا کہ مختصر مواد لوگوں کو معلومات فراہم کرتا ہے، لیکن طویل مطالعہ توجہ، تنقیدی سوچ اور تخیل کو مضبوط کرتا ہے۔ ان کے مطابق مقصد ایسی قوم تشکیل دینا ہے جو متجسس، غوروفکر کرنے والی اور معلومات کو پرکھنے کی صلاحیت رکھنے والی ہو اور بڑھتی ہوئی پیچیدہ دنیا کا سامنا کرسکے۔ خیال رہے کہ ReadSG میں مطالعے کو صرف کتابوں تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ اسے ایک عادت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ پروگرام میں شرکا اپنے اہداف مقرر کرسکتے ہیں، مسلسل مطالعے کا ریکارڈ برقرار رکھ سکتے ہیں اور تجرباتی پوائنٹس حاصل کرسکتے ہیں۔ این ایل بی کے مطابق اس نظام کو ابتدائی طور پر ۶؍ ستمبر سے ۳۱؍ دسمبر ۲۰۲۶ء تک آزمایا جارہا ہے اور شرکا کی رائے کی بنیاد پر اس میں مزید خصوصیات شامل کی جائیں گی۔
اس مہم کا ایک دوسرا پہلو Read for Good بھی ہے، جس میں لوگوں کے مطالعے کو خیراتی مقاصد سے جوڑا گیا ہے۔ ۶؍ ستمبر سے ۷؍ اکتوبر تک ہر ۱۵؍ منٹ کے مطالعے کو چندہ جمع کرنے کی کوشش میں شمار کیا جارہا ہے۔ این ایل بی نے ۵ء۷؍ ملین منٹ کے مطالعے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ ۵۰؍ ہزار سنگاپور ڈالر جمع کرنے کا منصوبہ ہے۔ یہ رقم بچوں اور ضرورت مند افراد کے لیے پڑھنے اور تعلیمی وسائل فراہم کرنے والی تنظیموں کو دی جائے گی۔ یہ منصوبہ ایسے وقت شروع ہوا ہے جب سنگاپور میں کتاب پڑھنے کی شرح میں بھی تشویش سامنے آئی ہے۔ این ایل بی کے ۲۰۲۴ء کے مطالعے کے مطابق ۲۸؍ فیصد بالغ افراد ہفتہ وار کتابیں پڑھتے ہیں، اگرچہ خبریں، ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر موجود تحریری مواد کو شامل کیا جائے تو ہفتے میں ایک سے زیادہ مرتبہ پڑھنے والوں کی شرح تقریباً ۸۹؍ فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔ اس فرق نے کتاب اور گہرے مطالعے کی عادت پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت کو نمایاں کیا ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کی ماہر لوہ چن ای نے اس طریقۂ کار کو مطالعے کو عادت بنانے کی کوشش قرار دیا۔ ان کے مطابق جو شخص پہلے ہی بہت زیادہ پڑھتا ہے، اس کے لیے ۱۵؍ منٹ معمولی وقت محسوس ہوسکتا ہے، لیکن ان لوگوں کے لیے یہ ایک قابلِ عمل آغاز ہوسکتا ہے جو طویل مطالعے سے دور ہوگئے ہیں۔ ان کے مطابق لوگ اب بھی اسکرین پر الفاظ پڑھتے ہیں، لیکن گہرائی سے پڑھنے، وقت دینے اور مستقل توجہ کے ساتھ مطالعہ کرنے کا عمل کم ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ
ReadSG دراصل سنگاپور کی پہلی ایسی کوشش نہیں ہے۔ اس سے قبل ۲۰۰۵ء میں READ! Singapore اور پھر ۲۰۱۶ء میں National Reading Movement شروع کیے گئے تھے۔ نئی مہم ان سابقہ کوششوں کو ایک ۵؍ سالہ قومی منصوبے میں سمیٹتی ہے، جس میں لائبریریوں، تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری و نجی شراکت داروں کے ذریعے مطالعے کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ReadSG کے ذریعے سنگاپور نے مطالعے کو صرف تعلیمی سرگرمی کے بجائے روزمرہ کی ایک چھوٹی، باقاعدہ عادت کے طور پر پیش کیا ہے، جس میں ۱۵؍ منٹ کی کتاب، موبائل پر چند اندراجات اور ورچوئل انعامات کے ذریعے شہریوں کو مسلسل پڑھنے کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔