ووٹر لسٹ کے خصوصی نظر ثانی کے سروے ’ایس آئی آر‘ میں مہاراشٹر کے ایک کروڑ ۸۷؍لاکھ ۵۶؍ہزار ۲۳۱؍ ووٹروں کے نام حذف ہو سکتے ہیں۔ یہ مہاراشٹر کے کل ووٹروں کی تعداد: ۹؍کروڑ ۷۸؍ لاکھ ۵۴؍ ہزار ۴۹؍ کا ۱۹ء۱۷؍فیصد ہے۔ مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر نے اس کی تصدیق کی ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر پی چوکلنگم۔ تصویر: آئی این این
ووٹر لسٹ کے خصوصی نظر ثانی کے سروے ’ایس آئی آر‘ میں مہاراشٹر کے ایک کروڑ ۸۷؍لاکھ ۵۶؍ہزار ۲۳۱؍ ووٹروں کے نام حذف ہو سکتے ہیں۔ یہ مہاراشٹر کے کل ووٹروں کی تعداد: ۹؍کروڑ ۷۸؍ لاکھ ۵۴؍ ہزار ۴۹؍ کا ۱۹ء۱۷؍فیصد ہے۔ مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر نے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ یہ نام اس لئے نکالے جاسکتے ہیں کیونکہ ان ووٹروں نے انومریشن فارم جمع نہیں کئے ہیں۔ ان ووٹروں میں غیر حاضر، شفٹ، ڈپلیکیٹ اور انتقال کرچکے ووٹر شامل ہیں۔ مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سےشہریوں کی اطلاع کیلئے ان ووٹروںکی فہرست ضلع کے اعتبار سے ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر پی چوکلنگم نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ اگر غلطی سے کسی ووٹر کا نام اس ووٹر لسٹ میں شامل ہو گیا ہو تو وہ فوراً متعلقہ بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او ) سے رابطہ قائم کرے اور اسےاپنا انومریشن فارم بھر کردے ۔
یہ بھی پڑھئے: ۳۵؍ ہزار مربع فٹ کے ترنگے سے ڈومبیولی پُرجوش، ریکارڈ بنایا
۹۸ء۱۹ ؍فیصد انومریشن فارم اپ لوڈ
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق ریاست میں اسمبلی حلقوں کی ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی ( ایس آئی آر)کا عمل جاری ہے جس کے تحت گھر گھر جا کر انومریشن فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ۱۷؍ اگست طے کی گئی ہے۔ ریاست کے کل۹؍کروڑ ۷۸؍لاکھ ہزار ۴۹؍میں سے ۱۴؍ اگست تک ۹؍کروڑ۶۰؍ لاکھ ۸۷؍ ہزار ۴۴۶؍ یعنی ۹۸ء۱۹؍ فیصد ووٹروں کے فارمز ڈیجیٹل طریقے سے جمع کر دیئے گئے ہیں۔
سیاسی جماعتوں اور شہریوں کیلئے اہم اطلاع
جن ووٹروں کے انومریشن فارم موصول نہیں ہوئے ہیں اس زمرے میں شامل ووٹروں کے ناموں کی فہرستیں متعلقہ بی ایل او کے ذریعے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں( بی ایل اے)کو دستیاب کرائی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں متعلقہ اضلاع کے کلکٹرز کی آفیشل ویب سائٹس پر بھی یہ فہرستیں شائع کر دی گئی ہیں یا ان کی اشاعت کا عمل جاری ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے دی گئی اطلاع کے مطابق، اگر ان فہرستوں میں شامل ووٹروں کی رہائش کے بارے میں خود ووٹر یا بی ایل اے کی جانب سے متعلقہ بی ایل او کو معلومات فراہم کی جاتی ہیں تو موقع پر تصدیق کے بعد ان کے فارم ۱۷؍اگست تک پُر کئے جا سکتے ہیں۔ اس سلسلےمین تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو ۱۲؍اگست کو منعقدہ ریاستی سطح کے میٹنگ میں تفصیلی معلومات فراہم کر دی گئی ہیں اور بی ایل اے کو فہرستوں کی جانچ کرنے حکم دیا گیا ہے۔
ان ووٹروں کے نام حذف ہو سکتے ہیں
nایک کروڑ ۸۷؍ لاکھ ۵۶؍ ہزار ۲۳۱؍ یعنی ۱۷ء۱۹؍ فیصد ووٹروں کو انومریشن فارم موصول نہ ہونے کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔
غیر حاضر یا گھر پر نہ ملنے والے ۶۳؍ لاکھ ۶۱؍ہزار ۱۱۳، مستقل طور پر منتقل ہونے والے ۷۱؍ لاکھ ۹۵؍ ہزار ۳۸۸، متوفی ۳۳؍ لاکھ۹۴؍ ہزار۵۳، دیگر مقامات پر درج یا دہرے اندراج والے۱۶؍ لاکھ۶۲؍ ہزار۱۲۱؍ شامل ہیں۔
نام حذف ہونے کی فہرست کیسے دیکھیں؟
چیف الیکٹورل آفیسرکی ویب سائٹ: ceo.maharashtra.gov.in, پر جائیں ۔ یہاںپر ’ایبسینٹ، شفٹ، ڈپلیکیٹ اینڈ ڈیڈ ووٹرس لسٹ ‘پر کلک کرنے پر ضلع اور اسمبلی حلقہ کے اعتبار سے لسٹ دی گئی ہے۔ اپنے حلقہ کی لسٹ میں کلک کرنے پر وہ لسٹ کھل جاتی ہے۔